آسٹریلوی ٹیم کو پہلی اننگز میں ۱۸۱؍ رن پر آؤٹ کردیا۔ سراج ، پرسدھ اور بمراہ کی مضبوط گیندبازی۔ ٹیم انڈیا کو ۱۴۵؍رن کی سبقت ملی۔
EPAPER
Updated: January 05, 2025, 12:26 PM IST | Agency | Sydney
آسٹریلوی ٹیم کو پہلی اننگز میں ۱۸۱؍ رن پر آؤٹ کردیا۔ سراج ، پرسدھ اور بمراہ کی مضبوط گیندبازی۔ ٹیم انڈیا کو ۱۴۵؍رن کی سبقت ملی۔
سڈنی ٹیسٹ کے دوسرے دن سنیچر کو ہندوستان نے مقابلے میں لوٹتے ہوئے آسٹریلیا کو پہلی اننگز کو۱۸۱؍ رن پر ڈھیر کردیا اور بعد میں ۴؍ رن کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز میں ۶؍ وکٹ کے نقصان پر۱۴۱؍ رن بنا لئے ہیں۔ ہندوستان کی مجموعی برتری اب ۱۴۵؍ رن ہے۔ دن کے کھیل کے اختتام پر رویندر جڈیجا ۸؍ اور واشنگٹن سندر ۶؍ رن بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں۱۸۵؍ رن بنائے تھے۔
کھیل کے آخری سیشن میں بلے بازی کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی دوسری اننگز کی خاص بات وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت (۶۱؍رن) کی جارحانہ بلے بازی کی تھی۔ انہوں نے یہ رن صرف۳۳؍ گیندوں پر۶؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے بنائے۔ انہوں نے اپنی نصف سنچری صرف۲۹؍ گیندوں پر مکمل کی۔ وہ پیٹ کمنس کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان کی امید وراٹ کوہلی پر ٹکی تھی لیکن انہوں نے سنیچر کو بھی مداحوں کو مایوس کیا اور صرف ۶؍ رن ہی بناسکے۔ یشسوی جیسوال(۲۲؍ رن) نے ہندوستان کیلئے تیز شروعات کی کوشش کی لیکن وہ بھی جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی اننگز چائے کے وقفے سےپہلے ختم ہوگئی۔ سیریز میں پہلی بار کھیلنے والے پرسدھ کرشنا نے ۴۲؍ رن کے عوض ۳؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ محمد سراج نے۵۱؍رن پر۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ جسپریت بمراہ اور نتیش کمار ریڈی نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ۴؍ رن کی برتری ملنے کے باوجود، جسپریت بمراہ کی فٹنیس نے ہندوستان کو تشویش میں ڈال دیا ہے۔ سنیچر کے سیشن کی شروعات میں صرف ایک اوور پھینکنے کے بعد بمراہ میدان سے باہر چلے گئے اور بعد میں انہیں اسکین کے لیے اسپتال جاتے ہوئے دیکھا گیا، جس سے باقی میچ کے لیے ان کی دستیابی مشکوک ہوگئی ہے۔
ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے آسٹریلیائی بلے باز دباؤ کے باعث جدوجہد کرتے نظر آئے۔ خاص طور پر لنچ کے بعد ہندوستانی گیند بازوں نے اپنی سوئنگ اور رفتار سے آسٹریلیائی بلے بازوں کو خاصا پریشان کیا۔ بمراہ کی غیر موجودگی میں محمدسراج نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا۔ اننگز کے ۵۱؍ویں اوور میں آخری کھلاڑی اسکاٹ بولینڈ کو آؤٹ کرنے میں ان کی رفتار قابلِ تعریف تھی۔ پرسدھ کرشنا اور نتیش کمار ریڈی نے بھی اپنی تیز گیند بازی سے سب کو متاثر کیا۔ ریڈی نے مشیل اسٹارک کوایک رن پر اور پیٹ کمنس کو۱۰؍ رن پر آؤٹ کیا۔ دونوں کیچ سلپ میں لیے گئے۔
وکٹوں کی جھڑی کے باوجود آغاز کرنے والے بوویبسٹر (۵۷؍رن) اور الیکس کیری (۲۱؍ رن) نے مضبوط ارادوں کے ساتھ اہم شراکت کی۔ ویبسٹر نے شاندار تحمل کا مظاہرہ کیا اور۱۰۵؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں کے ساتھ۵۷؍ رن بنائے۔ انہوں نے ریڈی کی گیند پر شاٹ لگا کر اپنے پہلے ٹیسٹ میں ۵۰؍ رن مکمل کئے۔ دوسری طرف کیری نے کئی عمدہ اسٹروکس کھیلے اور دو بار آف سائڈ سے باؤنڈری لگائی۔
اس سے پہلے، ہندوستان نے کھیل پر مضبوط گرفت کے ساتھ شروعات کی تھی۔ صبح جسپریت بمراہ نے مارنس لبوشین کو صرف ۲؍ رن پر آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی تھی۔ سراج نے شاندار ڈبل اسٹرائیک کے ساتھ سیم کونٹساس اور ٹریوس ہیڈ دونوں کو فوراًآؤٹ کر دیا۔
خیال رہے کہ بارڈر گاوسکر ٹیسٹ سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جمعہ کو آسٹریلیا نے اسکاٹ بولینڈ (۴؍ وکٹ)، مشیل اسٹارک (۳؍ وکٹ) اور پیٹ کمنس(۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان کو پہلی اننگز میں۱۸۵؍ رن پر سمیٹنے کے بعد دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ پر ۹؍ رن بنا لئے ہیں۔ہندوستان کے۱۸۵؍ رن کے جواب میں بلے بازی کرنے آئی آسٹریلیا کی ٹیم نے دن کا کھیل ختم ہونے پر ۳؍ اوورس میں ۹؍ رن پر ایک وکٹ گنوا دیا۔ تیسرے اوور میں جسپریت بمراہ نے عثمان خواجہ (۲؍ رن) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی تھی۔