بی سی سی آئی نے حفاظتی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے دورہ سے منع کردیا ہے۔ ہندوستانی بورڈ نے اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی۔
EPAPER
Updated: November 09, 2024, 10:17 AM IST | Mumbai
بی سی سی آئی نے حفاظتی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے دورہ سے منع کردیا ہے۔ ہندوستانی بورڈ نے اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی۔
ہندوستان ٹیم اگلے سال چمپئن ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان نہیں جائے گی۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایک خط بھیجا جس میں اس کے فیصلے کے پیچھے سیکوریٹی خدشات کا حوالہ دیا گیا۔ بورڈ نے اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اس معاملے سے وابستہ ایک ذرائع نے کہاکہ یہ ہمارا فیصلہ ہے۔ ہم نے پی سی بی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ہمارے میچ دبئی میں منعقد کریں۔
آئی سی سی چمپئن ٹرافی کیلئے حکومت نے ہندوستانی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چمپئن ٹرافی کیلئے ہندوستان کے انکار کیلئے ذہنی طور پر تیار ہے تاہم ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور سے منتقل نہیں کرے گا۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی بورڈ کا کہنا ہے ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور یہ ہمارا حتمی فیصلہ ہے جو ہم پاکستان کو لکھ کر دے چکے ہیں۔
غور طلب ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ایک وفد۱۰؍ سے۱۲؍ نومبر ۲۰۲۴ء تک لاہور کا دورہ کرے گا تاکہ ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لے سکے۔۱۱؍ نومبر کو ایک آفیشل ایونٹ متوقع ہے، جس کے دوران ٹورنامنٹ کا شیڈول اور اہم تفصیلات کا امکان ظاہر کیا جائے گا۔
اگلے سال ۱۹؍فروری کو چمپئن ٹرافی
ڈرافٹ شیڈول کے مطابق چمپئن ٹرافی اگلے سال۱۹؍ فروری سے۹؍ مارچ تک کھیلی جائے گی۔ اس ایونٹ کے میچ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہو سکتے ہیں۔
ممبئی میں دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے ہندوستان نے۱۶؍ سال سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا
ہندوستانی ٹیم نے۰۸۔۲۰۰۷ء سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔۲۰۰۸ء میں ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے ہندوستانی حکومت نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ تب سے دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی اور اے سی سی ٹورنامنٹس میں کھیلتی ہیں۔ ۲۰۱۳ء کے بعد سے، دونوں ٹیموں نے غیرجانبدار مقام پر ۱۳؍ ون ڈے اور۸؍ ٹی ۲۰؍ میچ کھیلے ہیں۔
پاکستان ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے ہندوستان آیا تھا
پاکستانی ٹیم گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ کھیلنے ہندوستان آئی تھی۔ پھر۱۴؍ اکتوبر کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان احمد آباد میں میچ کھیلا گیا۔ ہندوستانی ٹیم نے یہ میچ۷؍ وکٹ سے جیت لیا۔ کپتان روہت شرما اور شریاس ایّر نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جسپریت بمراہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے۱۹؍ رن کے عوض ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔
پاکستان کو چمپئن ٹرافی کی میزبانی ملی
چمپئن ٹرافی ۲۰۲۵ء کی میزبانی پاکستان کو دے دی گئی ہے۔ پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے مقام اور شیڈول کا ڈرافٹ آئی سی سی کو جمع کروادیا۔ ٹورنامنٹ اگلے سال فروری مارچ میں کھیلا جانا ہے۔ ڈرافٹ کے مطابق ہندوستان کو گروپ اے میں پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق ہندوستان کے۳؍ میچ۲۰؍ فروری (بنگلہ دیش کے ساتھ)،۲۳؍ فروری (پاکستان ) اور ۲؍ مارچ (نیوزی لینڈ کے ساتھ) ہونے ہیں۔ آل انڈیا میچ لاہور میں کھیلے جا سکتے ہیں۔
محسن نقوی نے کیا؟
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی میڈیا کی خبروں میں کئی مہینوں سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں ہوگا اور ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بورڈ اور حکومت کے جواب کا انتظار کررہے ہیں، اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کروانے کا کوئی منصوبہ نہیں البتہ ہمیں امید ہے کہ ہندوستان بورڈ مثبت جواب دے گا۔