• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان نے ملائیشیا کو چاروں شانے چِت کردیا

Updated: November 12, 2024, 11:16 AM IST | Rajgir

خواتین ہاکی ٹیم نے ویمنز ایشین چمپئن ٹرافی کےمیچ میں ملائیشیا کو ۰۔ ۴؍گول سے شکست دی۔ سنگیتا کماری نے ۲؍ گول کئے۔

A player from Team India can be seen attempting a goal. Photo: PTI.
ٹیم انڈیا کی کھلاڑی کو گول کی کوشش کرتے ہوئے دیکھاجا سکتاہے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے خواتین کی ایشین چمپئن ٹرافی۲۰۲۴ء ہاکی کے پہلے میچ میں پیر کو ملائیشیا کو۰۔ ۴؍گول سے شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔ 
پیرکو یہاں کھیلے جانے والے میچ میں سنگیتا کماری (۸؍ ویں اور۵۵؍ ویں منٹ میں ) نے ۲؍ گول کئے جبکہ پریتی دوبے (۴۳؍ویں منٹ میں ) اور ادیتا (۴۴؍ویں منٹ میں ) نے ہندوستان کے لئے ایک ایک گول کیا۔ 
کھیل کے آغاز میں ہی ملائیشیا کی ٹیم نے پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن ہندوستانی دفاع نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔ اس کے فوراً بعد ہندوستان نے اپنا پہلا پنالٹی کارنر بھی جیت لیا اور لگاتار دو پنالٹی کارنر میں سے ایک کو بدل کر برتری حاصل کر لی۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کیلئے میچ کا پہلا گول سنگیتا کماری نے کھیل کے آٹھویں منٹ میں کیا۔ ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں ۰۔ ۱؍گول کی برتری حاصل کی۔ دوسرا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ 
عالمی درجہ بندی میں ۹؍ویں نمبر پر موجود ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے میچ کے تیسرے کوارٹر میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ہندوستان کی جانب سے لگاتار ۲؍ گول نے ملائیشیا کی ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ پریتی دوبے نے۴۳؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر ہندوستان کی برتری کو دُگنا کردیا۔ اس کے بعد ادیتا نے ۴۴؍ویں منٹ میں گول کر کے ہندوستان کی پوزیشن مضبوط کر دی۔ کھیل کے تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا کی ٹیم مکمل دباؤ کا شکار نظر آئی۔ ہندوستانی کھلاڑی سنگیتا کماری نے میچ کے آخری کوارٹر میں فیلڈ گول کیا۔ ہندوستان نے یہ میچ یکطرفہ انداز میں ۰۔ ۴؍گول سے جیت لیا۔ ہندوستان نے اس جیت کے ساتھ ہی ۳؍ پوائنٹس حاصل کئے اور پوائنٹس ٹیبل پر چین کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم اپنا اگلا میچ منگل کو جنوبی کوریا کے خلاف کھیلے گی۔ منگل کو ہندوستانی ٹیم کی سخت آزمائش ہوگی۔ 
چین نے ۱۵؍گول کئے، جاپان اور کوریا کا میچ ڈرا
ویمنز ایشین چمپئن ٹرافی ۲۰۲۴ء کے میچ میں چین نے تھائی لینڈ کے خلاف ۱۵؍ گول کئے۔ چین کی کھلاڑیوں نے تھائی لینڈ کو ہاکی کا اچھا سبق سکھایا۔ چین کی کھلاڑیو ں نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور ریہ شروع سے آخر تک قائم رہا۔ تھائی لینڈ کی خواتین پورے میچ میں صرف اپنے گول پر حملے ہوتے ہوئے دیکھتی رہیں۔ پیر کو ہی ہونے والے ایک اور میچ میں کوریا اورجاپان کا میچ ۲۔ ۲؍ گول سے ڈرا ہوا۔ دونوں جانب سے برتری حاصل کرنے کیلئے اچھی کوششیں ہوئیں لیکن کامیابی کسی کے ہاتھ نہیں آئی۔ اس گروپ میں چین سرفہرست ہے کیونکہ اس نے زیادہ گول فرق کے ساتھ تھائی لینڈ کی ٹیم کو شکست دی ہے۔ اس کے بعدٹیم انڈیا کا نمبر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK