• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

۱۵۷۴؍ کھلاڑیوں میں اسٹوکس شامل نہیں

Updated: November 07, 2024, 10:34 AM IST | Mumbai

جیمس اینڈرسن نے اس ماہ جدہ میں ہونے والی آئی پی ایل میگا نیلامی سے قبل۱ء۲۵؍ کروڑ روپے کی بنیادی قیمت پر خود کا اندراج کروایا۔

Ben Stokes. Photo: INN
بین اسٹوکس۔ تصویر: آئی این این

نگلینڈ کے بین اسٹوکس ۱۵۷۴؍ کھلاڑیوں کی فہرست سے غائب ہیں جبکہ سابق تیز گیندباز جیمس اینڈرسن نے۲۴؍ اور۲۵؍ نومبر ۲۰۲۴ء کو جدہ میں ہونے والی آئی پی ایل میگا نیلامی سے قبل۱ء۲۵؍ کروڑ روپے کی بنیادی قیمت پر خود کو درج کروایا ہے۔ فہرست کو فرنچائزیز کی جانب سے اپنی رائے دینے کے بعد مختصر کیا جائے گا جس میں تمام مارکی ہندوستانی کھلاڑی شامل ہیں جن میں رشبھ پنت، شریاس ایّر، کے ایل راہل، آر اشون اور یزویندر چہل کانام قابل ذکر ہےجنہیں ان کی ٹیموں نے میگانیلامی سے پہلے ریلیز کردیا ہے۔ 
 ان کھلاڑیوں میں سے ہر ایک نے خود کو۲؍  کروڑ روپے کی بنیادی قیمت پر درج کروایا  ہے۔ ہندوستان کے تیز گیند باز محمد سمیع جو کہ مختلف انجریز کی وجہ سے گزشتہ نومبر سے کھیل سے دور ہیں کو بھی ان کی سابق ٹیم گجرات ٹائٹنس نے ریلیز کردیا  ہے اور خود کو ۲؍کروڑ روپے میں لسٹ کر لیا ہے۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے بھی ایسا ہی کیا ہے۔
 ۲؍کروڑ روپے کی زیادہ سے زیادہ بنیادی قیمت والے دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں میں خلیل احمد، مکیش کمار، وینکٹیش ایّر، اویس خان، دیپک چاہر، ایشان کشن اور بھونیشور کمار شامل ہیں۔ اس فہرست میں شاردُل ٹھاکر، محمد سراج، دیو دت پڈیکل، کرونال  پانڈیا، ہرشل پٹیل، پرسیدھ  کرشنا، ٹی نٹراجن، ارشدیپ سنگھ، واشنگٹن سندر اور امیش یادو بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی بلے باز سرفراز خان اور پرتھوی شا، جو گزشتہ آئی پی ایل نیلامی میں فروخت نہیں ہوئے تھے، نے۷۵؍ لاکھ روپے کی بنیادی قیمت  کے زمرے میں اپنا نام درج کروایا ہے۔ اسٹوکس نے اپنے کام کے بوجھ کو سنبھالنے اور اپنی فٹنیس پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے آئی پی ایل کے آخری سیزن سے محروم ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس سال کے شروع میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے والے۴۲؍ سالہ اینڈرسن نے پہلی بار آئی پی ایل کے لئے رجسٹریشن کروائی ہے۔ تجربہ کار تیز گیند باز نے آخری بار۱۰؍ سال قبل۲۰۱۴ء میں ٹی۲۰؍ کھیلا تھا۔ انہوں نے کبھی عالمی فرنچائزیز  ٹی ۲۰؍ لیگ میں حصہ نہیں لیا۔
 آسٹریلیا کے ٹاپ اسپنر ناتھن لاین، جو پچھلی نیلامی میں فروخت نہیں ہوئے تھے، بھی۲؍  کروڑ روپے کی بنیادی قیمت کے ساتھ اس دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر  مشیل  اسٹارک، جو گزشتہ آئی پی ایل نیلامی میں ۲۴ء۵۰؍ کروڑ روپے کی قیمت پر سب سے مہنگے خریدے گئے تھے، اس سال کی نیلامی کے لئے ۲؍ کروڑ روپے کی بنیادی قیمت کے ساتھ پول میں واپس آئے ہیں۔ انگلینڈ کے تیز گیندباز جوفرا آرچر کو بھی اسی بنیادی قیمت پر رکھا گیا ہے۔
 میگا نیلامی سے قبل ۶؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اجازت کے ساتھ، آئی پی ایل کی ٹیمیں ۲۵؍ کھلاڑیوں کا اسکواڈ میدان میں اتار سکتی ہیں اور۱۰؍ ٹیموں کے۴۶؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے بعد۲۰۴؍ سلاٹس دستیاب ہوں گے۔ ہر ٹیم کے پاس کل۱۲۰؍ کروڑ روپے کا پرس ہوگا کیونکہ پنجاب کنگز کے پاس۱۱۰ء۵؍ کروڑ روپے کا سب سے بڑا پرس ہے۔ پنجاب کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کے پاس۸۳؍ کروڑ روپے، دہلی کیپٹلس کے پاس۷۳؍ کروڑ روپے اور گجرات ٹائٹنس کے پاس۶۹؍ کروڑ روپے ہیں۔
 لکھنؤ سپر جائنٹس کے پاس بھی۶۹؍ کروڑ روپے ہوں گے، جبکہ ۵؍بار کی فاتح چنئی سپر کنگز کے پاس ۵۵؍ کروڑ روپے ہوں گے۔ گزشتہ سال کی فاتح کولکاتا نائٹ رائیڈرس ۵۱؍ کروڑ روپے کے ساتھ نیلامی میں اترے گی جبکہ ۵؍ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس کے پاس۴۵؍ کروڑ روپے، گزشتہ سال کی رنر اپ سن رائزرس حیدرآباد کے پاس۴۵؍ کروڑ اور راجستھان رائلز کے پاس۴۱؍ کروڑ روپے ہوں گے۔

آئی پی ایل کی میگا نیلامی ۲۴؍اور۲۵؍ نومبر کو ہوگی 

 انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۵ء کی میگا نیلامی سعودی عرب کے جدہ میں۲۴۔۲۵؍ نومبر ۲۰۲۴ءکو ہوگی۔ یہ دوسرا موقع ہے جب آئی پی ایل کی نیلامی بیرون ملک ہو رہی ہے۔حال ہی میں تمام فرنچائزیز نے مجموعی طور پر۴۶؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جس میں جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر آل راؤنڈر ہینرک کلاسن کو سن رائزرس حیدرآباد نے۲۳؍ کروڑ روپے میں سب سے مہنگے کھلاڑی کے طور پر برقرار رکھا ہے۔ ہندوستان کے سابق کپتان وراٹ کوہلی (رائل چیلنجرز بنگلور) اور ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز نکولس پوران (لکھنؤ سپر جائنٹس)۲۱۔۲۱؍ کروڑ روپے کے ساتھ مشترکہ دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں۔ راجستھان رائلز کا دو روزہ نیلامی میں۴۱؍کروڑ روپے کا سب سے چھوٹا بجٹ ہوگا کیونکہ راجستھان رائلز ان دو ٹیموں میں سے ایک تھی جنہوں نے زیادہ سے زیادہ ۶؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔ موجودہ  چمپئن کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے بھی اپنے کور گروپ سے ۶؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے، لیکن اس کا بجٹ ۵۱؍ کروڑ روپے ہوگا۔ نیلامی میں دونوں ٹیموں کے پاس رائٹ ٹو میچ(آر ٹی ایم ) کارڈ نہیں ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK