• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کل ویمنز پریمیر لیگ کیلئے ۱۶۵؍کھلاڑیوں کی نیلامی ہوگی

Updated: December 08, 2023, 11:31 AM IST | Agency | Mumbai

دوسری ڈبلیو پی ایل کیلئے اٹاپٹو،اینابیل،ڈینی اور شبنم اسماعیل کو ٹیم میں شامل کرنے کیلئے بڑی بولی لگائی جا سکتی ہے۔

Fast bowler Shabnam Ismail was added to their team by UP Warriors for Rs.1 crore. Photo: INN
تیز گیندباز شبنم اسماعیل کو یو پی واریئرز نے ایک کروڑ روپے کے عوض اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ تصویر : آئی این این

دوسری ویمنس پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں دنیا بھر کی ۶۱؍غیر ملکیوں سمیت کُل۱۶۵؍ کھلاڑیوں کی نیلامی ۹؍ دسمبر کو ہوگی۔ اس میں چامری اٹا پٹو، اینابیل سدرلینڈ، ڈینی واٹ اور دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کے بیس پرائس پر سبھی کی نظر رہے گی۔
  سری لنکن آل راؤنڈر چامری اٹاپٹوکا بیس پرائس ۳۰؍لاکھ روپے ہے۔ اس قیمت کے باوجود اس کھلاڑی کو ڈبلیو پی ایل کی افتتاحی نیلامی میں کوئی خریدار نہیں ملا تھا۔اس کے علاوہ چامری کو ویمنز ہنڈریڈ، ویمنز بگ بیش لیگ یا ویمنز کریبین پریمیر لیگ میں بھی جگہ نہیں ملی لیکن سری لنکن کپتان نے۲۰۲۳ءمیں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے دکھایا اور یہ ثابت کیا کہ ان ٹیموں کو ان کی کمی کیوں محسوس ہورہی ہے۔
 آسٹریلیا کی اینابیل سدرلینڈ کا بیس پرائس ۴۰؍ لاکھ روپے ہے۔ اینابیل نے ڈبلیو پی ایل ۲۰۲۳ءمیں ۴؍ میچ کھیلے اور صرف ۲۸؍رن بنائے۔ گجرات جائنٹس سے ڈراپ ہونے سے پہلے انہوں نے۳؍ وکٹ لی تھیں ۔ اینابیل نے ویمنز ایشیز میں فارم میں واپسی کی اور ناٹنگھم میں آسٹریلیا کی جیت میں اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی۔ اس کے بعد ٹیم کو اوول میں انگلینڈ کے خلاف ٹی۔۲۰؍ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس میں اینابیل نے ۲۸؍رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انگلینڈ کی آل راؤنڈر ڈینی واٹ کا بیس پرائس ۳۰؍ لاکھ روپے ہے۔ وہ ان ۳؍ خواتین میں سے ایک ہیں جنہوں نے ۵۰؍سے زیادہ ٹی۔۲۰؍میچ کھیلے ہیں ۔ انہیں پچھلی بار ۵۰؍لاکھ روپے کے بیس پرائس کے ساتھ کوئی خریدار نہیں ملا تھا ۔ وہ ویمنز ہنڈریڈ چمپئن سدرن بریو اور شارلٹ ایڈورڈز (سی ای) کپ کی فاتح سدرن وائپرز کے بیٹنگ چارٹ میں سرفہرست رہی ہیں۔
 آسٹریلوی اسپنر امنڈا جیڈ ویلنگٹن کا بیس پرائس ۳۰؍لاکھ روپے ہے۔ وہ فیئر بریک گلوبل انویٹیشنل ٹورنامنٹ، ڈبلیو سی پی ایل اور ڈبلیو بی بی ایل میں خطاب جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہی ہیں ۔ انہیں اس سال کے شروع میں آسٹریلیا کے ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ اسکواڈ سے ہٹا دیا گیا تھا اور پھر انہوں نے ڈبلیو پی ایل کی ابتدائی نیلامی میں بھی حصہ نہیں لیا تھا لیکن انہوں نے ڈبلیو سی پی ایل فائنل میں بارباڈوس  رائلز کے لئے ۴؍ وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
 جنوبی افریقی فاسٹ بولر شبنم اسماعیل کا بیس پرائس ۴۰؍لاکھ روپے ہے۔ یوپی واریئرز نے پچھلی نیلامی میں سخت بولی لگانے کی وجہ سے اسماعیل کو ایک کروڑ روپے میں خریدا تھا لیکن وہ اس سال سیزن میں صرف ۳؍ میچوں کے بعد نیلامی کے پول میں واپس آگئی ہیں۔ اس سال کے شروع میں بین الاقوامی میچوں سے ریٹائر ہونے والی جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے ویمنز ہنڈریڈ، ڈبلیو سی پی ایل اور ڈبلیو بی بی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK