• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کانپور ٹیسٹ میں چوتھے روز ۳؍کارنامے

Updated: October 01, 2024, 11:05 AM IST | Agency | Kanpur

ٹیم انڈیا کے اسٹا ر کھلاڑی وراٹ کوہلی، رویندر جڈیجا اور یشسوی جیسوال نے بنگلہ دیش کے خلاف اچھا مظاہرہ کیا۔

Virat Kohli. Photo: INN
وراٹ کوہلی ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کے لیجنڈری بلے باز وراٹ کوہلی نے کانپور میں بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن تیز ترین ۲۷؍ ہزار بین الاقوامی رن کا ہندسہ عبور کرکے تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے یہ کارنامہ پیر کو کانپور میں شاندار انداز میں انجام دیا، جس سے `ماسٹر بلاسٹر سچن تینڈولکر کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ کوہلی نے یہ کارنامہ۵۹۴؍ اننگز میں انجام دیا جو کرکٹ کے بھگوان کہے جانے والے سچن سے۲۹؍ اننگز کم ہے۔ اپنے شاندار کریئر کے دوران سچن نے۶۲۳؍ اننگز میں ۲۷۰۰۰؍ بین الاقوامی رن بنائے تھے۔ سری لنکا کے وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا نے یہ کارنامہ ۶۴۸؍ اننگز میں انجام دیا تھا۔ آسٹریلیا کے مشہور کپتان رکی پونٹنگ نے۶۵۰؍ اننگز میں ۲۷؍ ہزار بین الاقوامی رن بنائے تھے۔ کوہلی نے اپنے ہموار ڈرائیوس اور پرکشش اسٹروک کھیلنا جاری رکھا، ایسا لگ رہا تھا کہ وہ زیادہ دیر تک کریز پر رہیں گے لیکن کوہلی شکیب الحسن کی شارٹ گیند پر آؤٹ ہوئے۔ تاریخی کارنامہ انجام دینے کے بعد کوہلی ۳۵؍ گیندوں پر ۴۷؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ کوہلی کے پاس اب ۲۷۰۱۲؍ بین الاقوامی رن ہیں، جو کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کے سب سے زیادہ ہیں۔ 
 کانپور(ایجنسی): ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر رویندر جڈیجا بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن خالد محمود کا وکٹ لے کر ہندوستان کی جانب سے۳۰۰؍ وکٹ لینے والے ۷؍ویں گیندباز بن گئے ہیں۔ جڈیجا نے محمود کا واپسی کیچ لے کر بنگلہ دیش کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے کانپور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۲۳۳؍ رن بنائے۔ 
 ہندوستان کے لئے ۳۰۰؍ ٹیسٹ وکٹ لینے والے بولرس میں انل کمبلے (۶۱۹؍وکٹ )، آر اشون(۵۲۴؍وکٹ)، کپل دیو (۴۳۴؍وکٹ)، ہربھجن سنگھ (۴۱۷؍وکٹ)، ایشانت شرما (۳۱۱؍ وکٹ ) اور ظہیر خان (۳۱۱؍وکٹ ) شامل ہیں۔ جڈیجا نے یہ نمبر۷۴؍ ٹیسٹ میں حاصل کیا ہے۔ وہ انگلینڈ کے ایان بوتھم کے بعد دوسرے آل راؤنڈر بھی بن گئے ہیں جو تیز ترین۳۰۰؍ ٹیسٹ وکٹ اور۳۰۰۰؍ ٹیسٹ رن مکمل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ۳۰۰۰؍ رن اور ۳۰۰؍ وکٹ لینے والے ایشیائی کھلاڑی بھی ہیں۔ خیال رہے کہ رویندر جڈیجا نے اس میچ میں شروعات ہی سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور چوتھے دن ملنے والے موقع کا پورا فائدہ اٹھایا۔ 
  کانپور (ایجنسی): بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران کانپور کے گرین پارک میں ایک کے بعد ایک ریکارڈ بنتے گئے اور اس دوران یشسوی جیسوال نے ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ جیسوال نے ہندوستان کے لئے ٹیسٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے میں ہندوستان کے مشہور اوپنر وریندر سہواگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کے `بیز بال تصور کو اختیار کیا اور بنگلہ دیش کے گیند بازوں پر شروع ہی سے حملہ کیا۔ جہاں روہت نے مکمل جارحیت کا مظاہرہ کیا، جیسوال نے خود کو کنٹرول انداز میں پیش کیا۔ پہلے ۳؍ اوور میں روہت اور جیسوال نے مخالف فیلڈرس کو باؤنڈری کے باہر تک مارا۔ جیسوال نے صرف ۳۱؍ گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد تیز رفتار نصف سنچری کا جشن منایا۔ انہوں نے سہواگ کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے۲۰۰۸ء میں چنئی میں انگلینڈ کے خلاف۳۲؍ گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔ نوجوان بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز اب ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والے چوتھے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ ٹیسٹ میں ہندوستان کیلئے تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ اب بھی رشبھ پنت (۲۸؍گیندوں ) کے پاس ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK