روہت کے بعد شبھمن گل کا کپتان بننا ممکن نہیں۔ شریاس ایّر، کے ایل راہل اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کپتانی کی دوڑ میں شامل ہیں۔
EPAPER
Updated: January 08, 2025, 11:46 AM IST | Agency | New Delhi
روہت کے بعد شبھمن گل کا کپتان بننا ممکن نہیں۔ شریاس ایّر، کے ایل راہل اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کپتانی کی دوڑ میں شامل ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم اس وقت تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ اس کا اثر ٹیم کی کارکردگی پر بھی نظر آرہا ہے۔ چتیشور پجارا اور اجنکیا رہانے کی ٹیسٹ کرکٹ سے غیر موجودگی کی وجہ سے ٹیم کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ اب اس کا اثر ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ میچ پر بھی دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ روہت شرما، رویندرجڈیجا اور وراٹ کوہلی کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کو الوداع کہہ چکے ہیں اور چمپئن ٹرافی کے بعد بھی ایک یا دو کھلاڑیوں کے ریٹائرمنٹ کی خبریں آ سکتی ہیں۔ اس میں سب سے آگے روہت شرماکا نام ہے۔ ایسی صورتحال میں آئیے جانتے ہیں کہ وہ ۳؍ کھلاڑی کون ہیں جو روہت شرما کی جگہ ون ڈے ٹیم کی کمان سنبھال سکتے ہیں۔
شبھمن گل اس وقت برے دور سے گزر رہے ہیں۔ کسی زمانے میں کپتانی کی دوڑ میں سب سے آگے رہنے والے گل کی ٹیم میں جگہ یقینی نہیں سمجھی جا رہی ہے اور اگر وہ اگلی چمپئن ٹرافی سے قبل انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرتے ہیں تو پھر ان کا نام ختم ہو سکتا ہے اور انہیں آئی سی سی ایونٹ سے ہٹا دیا جائے گا۔ ایسے میں جو کھلاڑی ٹیم میں نہیں ہیں انہیں کپتانی کا دعویدار بھی نہیں سمجھا جا سکتا۔ حالانکہ ٹیم انڈیا میں ۳؍ ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ون ڈے میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جنہیں ون ڈے ٹیم کی کمان سونپی جا سکتی ہے تاہم اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ روہت شرما چمپئن ٹرافی تک کپتان رہیں گے۔
شریاس ایّر
ون ڈے میں چوتھے نمبر پر اچھے بلے باز کی تلاش اس وقت ختم ہو گئی جب شریاس نے اس نمبر پر رن بنانا شروع کر دیا۔ یوراج سنگھ کے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم انتظامیہ اس نمبر پر بلے بازوں کو مسلسل آزما رہی تھی اور ان کی تلاش ایّر پر ختم ہوگئی۔ ایّر فی الحال وجے ہزارے ٹرافی کھیل رہے ہیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔۶۲؍ ون ڈے میچوں میں۴۷؍سے زائد کے اوسط سے۲۴۲۱؍ رن بنانے والے شریاس کسی زمانے میں ون ڈے ٹیم کے دعویدار تھے لیکن شبھمن گل کی ۴؍ دن کی چاندنی کی وجہ سے انہیں اس دوڑ سے باہر سمجھا جاتا تھا۔
کے ایل راہل
ہندوستانی کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک کے ایل راہل بھی طویل عرصے تک ٹیم انڈیا کی کپتانی کی دوڑ میں شامل رہے اور ٹیم کے نائب کپتان بھی رہے۔ وہ کئی مواقع پر ہندوستانی ٹیم کی کپتانی بھی کر چکے ہیں۔ راہل کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا جیسا ایّر کے ساتھ ہوا۔ اب جب گل ٹیم میں رہنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، سلیکٹرس نے پھر سے ون ڈے میں کپتانی کے اختیارات تلاش کرنا شروع کر دیئے ہیں اور راہل بھی ان دعویداروں میں شامل ہیں۔ راہل نے ۷۷؍ ون ڈے میچوں میں۴۹؍کے اوسط سے ۲۸۵۱؍ رن بنائے ہیں۔ وہ سفید گیند کے بہترین بلے باز ہیں اور کئی مواقع پر یہ ثابت کر چکے ہیں۔
ہاردک پانڈیا
ہندوستانی کرکٹ سلیکٹرس کی نظر میں ہاردک پانڈیا ون ڈے ٹیم کی کپتانی کے تیسرے دعویدار ہو سکتے ہیں۔ پانڈیا ون ڈے ٹیم میں آل راؤنڈر کردار کی وجہ سے ٹیم کو متوازن بناتے ہیں اور ان کے پاس کپتانی کا تجربہ بھی ہے۔۸۶؍ ون ڈے میچوں میں پانڈیا نے۳۴؍ کے اوسط سے رن بنائے ہیں اور۳۵؍ کے اوسط سے وکٹ حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے۱۷۶۹؍ رن بنائے اور۸۴؍ وکٹ حاصل کئے ۔ ہاردک نے ۲۰۱۶ء میں کریئر کا آغاز کیا تھا اور اس وقت سے ہی ٹیم کا مستقل حصہ رہے ہیں۔