انگلش پریمیر لیگ کے میچ میں مانچسٹر سٹی کلب نے فلہم فٹبال کلب کو ۰۔۴؍گول سے شکست دی۔ جیت کے ساتھ آرسنل کلب پر دباؤ ڈالا۔
EPAPER
Updated: May 12, 2024, 1:07 PM IST | Agency | London
انگلش پریمیر لیگ کے میچ میں مانچسٹر سٹی کلب نے فلہم فٹبال کلب کو ۰۔۴؍گول سے شکست دی۔ جیت کے ساتھ آرسنل کلب پر دباؤ ڈالا۔
انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کی ٹیم اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کرنے کیلئے پوری کوشش کررہی ہے اور وہ ہر میچ زیادہ گول فرق کے جیتنے کی کوشش کررہی ہے۔ سنیچر کی شام ہونے والے میچ میں بھی اس کلب نے فلہم فٹبال کلب کے خلاف ۰۔ ۴؍گول سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے اور آرسنل فٹبال کلب پر دباؤ ڈالا ہےجو اس سے اس سیزن میں اس کا روایتی حریف ثابت ہورہا ہے۔
اس جیت کے ساتھ ہی مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے ای پی ایل کے پوائنٹ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اس نے آرسنل کو اس پوزیشن سےبے دخل کردیاہےجوکہ چند ہفتوں سے اس پوزیشن پر قابض تھا۔ مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے ۳۶؍ میچوں میں اب ۸۵؍پوائنٹس ہیں اور وہ نمبروَن ہے۔ آرسنل فٹبال کلب کے اتنے ہی میچوں میں ۸۳؍پوائنٹس ہیں۔ اب ان دونوں کے درمیان ۲؍پوائنٹس کا فرق آگیا ہے۔ خیال رہے کہ اتوارکو آرسنل فٹبال کی ٹیم مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ ہر وہ ہار جاتی ہے تو پھر اس کا چمپئن بننا مشکل ہو جائے گا۔ اس وقت مانچسٹرسٹی کی ٹیم زبردست فارم میں ہے اور وہ گول بھی کررہی ہے۔
سنیچر کو ہونےو الے میچ کی بات کریں تو مانچسٹر کے فٹبال کلب نے شروعات ہی سے حریف ٹیم پر دباؤ ڈالا۔ فلہم کے میدان پر ہونے والے میچ میں سٹی کی جانب سے پہلا گول ۱۳؍ویں منٹ میں جے گوارڈیول نے کیا۔ انہوں نے کیون ڈی برائن کی مددسے ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلائی۔ میچ کا پہلا ہاف ۰۔ ۱؍گول کے اسکور پر ختم ہوا۔ اس کے بعد دوسرے ہاف میں سٹی کے کھلاڑیو ں نے فلہم کے گول کو مسلسل نشانہ بنایا۔ فل فوڈین نے ٹیم کا دوسرا گول کیا اور اسکور ۰۔ ۲؍گول کردیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد برنارڈو سلوا نے کی۔ میچ کے ۷۱؍ ویں منٹ میں جے گوارڈیول نے ٹیم کا تیسرا اور اپنا دوسرا گول کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد پرتگال سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی برنارڈو سلوا نے کی۔ میچ کے آخری لمحات میں میچ سنسنی خیز ہوگیا تھا کیونکہ انجری ٹائم کے ۵؍ویں منٹ میں فلہم کے کھلاڑی آئی ڈیوپ کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کردیا۔ اس اگلے منٹ میں جاویئر الواریز نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے اسکور ۰۔ ۴؍گول کردیا۔ اس گول کے بعد کوئی اور نہیں ہوا اور مانچسٹر سٹی نے یہ میچ ۰۔ ۴؍گول سے جیت کر پورے ۳؍ پوائنٹس حاصل کئے۔ اب ۲؍میچ راؤنڈ باقی ہیں اور مانچسٹر سٹی کی ٹیم دونوں میچ جیت کر ایک بار پھر چمپئن بننا چاہے گی۔