• Mon, 27 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ٹیم آف دی ایئر میں ۴؍ ہندوستانی شامل

Updated: January 26, 2025, 1:20 PM IST | Dubai

روہت شرما کو کپتان مقرر کیا گیا۔ عرشدیپ اور جسپریت بمراہ نے بھی جگہ بنائی۔ ان دونوں کیساتھ آل راؤنڈر ہاردک بھی شامل۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

کپتان روہت شرما، جنہوں نے گزشتہ سال جون میں ہندوستانی ٹیم کو دوسرے آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا خطاب دلایا تھا، کو `آئی سی سی مینز ٹی۲۰؍ ٹیم آف دی ایئر۲۰۲۴ء کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔ ہندوستان کے اسکواڈ میں آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے ساتھ اسٹار تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز عرشدیپ سنگھ بھی شامل ہیں۔ بحیثیت کپتان اور بلے بازروہت کے لیے۲۰۲۴ء ایک ناقابل فراموش سال تھا۔ تجربہ کار اوپنر نے۱۱؍ میچوں میں ۴۲ء۰۰؍ کے شاندار اوسط اور۱۶۰؍ سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۳۷۸؍ رن بنائے۔ روہت نے سپر ۸؍ مرحلے میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار۹۲؍ رن سمیت ۳؍ نصف سنچریاں بنا کر ہندوستان کی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ مہم میں اہم کردار ادا کیا۔ 
روہت کی قابل تعریف قیادت نے دباؤ کے حالات میں نوجوان ہندوستانی ٹیم کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہندوستان کے مایہ ناز ٹی ۲۰؍ کپتانوں میں سے ایک کے طور پر ان کی میراث کو تقویت بخشی۔ پانڈیا نے دنیا کے بہترین آل راؤنڈرس میں سے ایک کے طور پر اپنے قد کو مضبوط کیا اور ہندوستان کی کامیاب مہم میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے۱۷؍ میچوں میں ۳۵۲؍ رن بنائے اور۱۶؍ وکٹ حاصل کئے تاکہ آئی سی سی مردوں کی ٹی ۲۰؍ آل راؤنڈر رینکنگ میں سرفہرست رہے۔ پانڈیا نے جنوبی افریقہ کے خلافٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اوور میں ۱۶؍ رن بچا کر ہندوستان کی ٹائٹل جیت کو یقینی بنایا۔ فائنل میں انہوں نے۲۰؍ رن کے عوض ۳؍ وکٹ لئے جس سے دباؤ میں ان کی صلاحیت کا اظہار ہوا۔ 
بمراہ نے۲۰۲۴ء میں ٹی ۲۰؍انٹر نیشنل کرکٹ میں شاندار طریقے واپس آئے۔ اپنی درست اور مستقل گیند بازی سے ہندوستانی حملے کی قیادت کی۔ انہوں نے ۸؍ میچوں میں ۸ء۲۶؍ کے شاندار اوسط سے۱۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ ان کے خطرناک یارکرس اور ڈیتھ اوورس کی بولنگ نے ہندوستان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، جس نے انہیں آئی سی سی کے سال کے بہترین مینز کرکٹر کے لیے سر گارفیلڈ سوبرس ٹرافی کے لیے نامزدگی حاصل کی۔ نوجوان بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز عرشدیپ سنگھ۲۰۲۴ء میں ہندوستان کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر تھے، جنہوں نے۱۸؍ میچوں میں ۱۳ء۵۰؍ کے اوسط سے۳۶؍ وکٹ لئے۔ 
عرشدیپ کی گیند کو جلدی سوئنگ کرنے اور آخری اوورس میں درست یارکرس پھینکنے کی صلاحیت نے انہیں ہندوستانی ٹیم کا اثاثہ بنا دیا۔ انہوں نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان امریکہ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۹؍ رن کے عوض۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کے علاوہ آئی سی سی کی `مینز ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل ٹیم آف دی ایئر` میں دوسرے ممالک کے بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ان میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ، انگلینڈ کے فل سالٹ، پاکستان کے بابر اعظم ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران، زمبابوے کے سکندر رضا، افغانستان کے راشد خان اور سری لنکا کے وینندو ہسرنگا شامل ہیں۔ 
ٹیم اس طرح ہے:روہت شرما (کپتان)، ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ اور عرشدیپ سنگھ (تمام ہندوستانی)، ٹریوس ہیڈ (آسٹریلیا)، فل سالٹ (انگلینڈ)، بابر اعظم (پاکستان)، نکولس پوران (وکٹ کیپر، ویسٹ انڈیز)، سکندر رضا (زمبابوے)، راشد خان (افغانستان) اور وینندو ہسرنگا (سری لنکا)۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK