• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹی۲۰؍ بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے والے کنگ کوہلی کی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی ۵؍یادگار اننگز

Updated: July 03, 2024, 11:27 AM IST | Agency | Mumbai

ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں وراٹ کوہلی نے۷۶؍ رن کی زبردست اننگز کھیلی تھی۔ وہ پلیئر آف دی میچ رہے تھے۔ اسی ٹورنامنٹ میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

Virat Kohli. Photo: INN
وراٹ کوہلی ۔ تصویر : آئی این این

ورلڈ کپ فائنل کے بہترین کھلاڑی، وراٹ کوہلی نے اپنے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کریئر کو شاندار انداز میں الوداع کہہ دیا۔ کوہلی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے مرد کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے۲۰۱۲ء سے ۲۰۲۴ء تک کھیلے گئے ۳۵؍ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میچوں کی ۳۳؍ اننگز میں ۱۲۹۲؍ رن بنائے ہیں۔ 
وراٹ کوہلی نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف۷۶؍ رن کی اننگز کھیلی جس کی مدد سے ہندوستان کو۷؍رن سے فتح دلائی۔ اپنےٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کریئر کے دوران، کوہلی نے۱۲۵؍ میچوں میں ۴۸ء۶۹؍ کے اوسط اور ۱۳۷ء۰۴؍کے اسٹرائیک ریٹ سے ۴۱۸۸؍ رن بنائے۔ کوہلی ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں ہندوستان کیلئے دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ کوہلی نے آئی پی ایل میں بھی بہتر کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا۔ کوہلی کے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچوں سے ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کی جانب سے ورلڈ کپ میں کھیلی گئی شاندار اننگز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ 
جنوبی افریقہ کے خلاف۷۲؍ ناٹ آؤٹ، ۲۰۱۴ء
۲۰۱۴ءکے اس سیمی فائنل میچ میں ۱۷۳؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوہلی نے۴۳؍ گیندوں پر۷۲؍ رن کی اننگز کھیلی جس میں ۵؍ چوکے اور۲؍چھکے شامل تھے۔ اس اننگز نے ہندوستان کو فائنل تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگرچہ ہندوستان وہ مقابلہ نہیں جیت سکا، لیکن کوہلی کو مقابلے میں سب سے زیادہ۳۱۹؍ رن بنانے پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 
پاکستان کے خلاف ۷۸؍ ناٹ آؤٹ، ۲۰۱۲ء
سپر۸؍ کا یہ میچ کولمبو میں کھیلا گیا۔ کوہلی نے۶۱؍ گیندوں پر ۷۸؍ رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور یوراج سنگھ کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے اہم شراکت کر کےہندوستان کی ۸؍ وکٹ سے جیت میں بڑا کردار ادا کیا۔ بلے بازی کے بعد کوہلی نے گیند سے ۲۱؍ رن کے عوض ایک وکٹ بھی حاصل کیا تھا اور اس آل راؤنڈ کارکردگی کی وجہ سے انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ 
آسٹریلیا کیخلاف ۸۲؍رن، ۲۰۱۶ء
کوہلی نے ایک بار پھر موہالی میں یہ اننگز کھیل کر رن کا پیچھا کرنے میں اپنی مہارت ثابت کی۔ اس میچ میں ہندوستان کو فتح کیلئے ۱۶۱؍ رن درکار تھے اور ۴۹؍ رن پر ۳؍ وکٹ گر چکے تھے۔ پھر کوہلی نے چارج سنبھالا اور آخر تک ڈٹے رہے۔ ہندوستان کو آخری ۱۸؍ گیندوں پر فتح کیلئے۳۹؍ رن درکار تھے۔ اس کے بعد کوہلی نے۱۱؍ گیندوں پر۳۲؍ رن بنا کر ٹیم انڈیا کو سپر ۱۰؍ مرحلے کے اس میچ میں جیت دلائی۔ 
پاکستان کیخلاف ۸۲؍رن، ۲۰۲۲ء
سپر۱۲؍ کا یہ دلچسپ میچ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم۱۶۰؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے۳۱؍ رن پر ۴؍ وکٹ گنوا چکی تھی۔ کوہلی نے ہاردک پانڈیا کے ساتھ مل کر آخری گیند پر ہندوستان کو ناقابل یقین جیت دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ کوہلی نے ۵۳؍ گیندوں پر ۸۲؍ رن کی یادگار اننگز کھیلی جو ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کی بہترین اننگز میں سے ایک ہے۔ 
جنوبی افریقہ کیخلاف ۷۶؍ رن، ۲۰۲۴ء
ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء میں بہت اچھے فارم میں نہ ہونے کے باوجود کوہلی نے سب سے اہم میچ کیلئے اپنی بہترین کارکردگی کو محفوظ رکھا تھا۔ وراٹ نے فائنل میچ میں ۵۹؍ گیندوں پر۷۶؍ رن کی اننگز کھیلی جو بالآخر ہندوستان کی۷؍ رن کی جیت میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ اس میچ میں بھی وراٹ کو پلیئر آف دی میچ دیا گیا۔ حالانکہ اس ٹورنامنٹ میں ان کا آغاز اچھا نہیں ہوا تھا اور فائنل میں ان کا بلہ گرجا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK