سری لنکا اور ۲؍مرتبہ کے چمپئن ویسٹ انڈیز کو اگلے سال ہونےوالے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ سے گزرنا ہوگا
EPAPER
Updated: November 08, 2021, 1:45 PM IST | Agency | Dubai
سری لنکا اور ۲؍مرتبہ کے چمپئن ویسٹ انڈیز کو اگلے سال ہونےوالے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ سے گزرنا ہوگا
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ ٹی ۲۰؍ورلڈکپ ۲۰۲۲ء کے سپر۱۲؍مرحلے میں براہ راست رسائی کرنے والے ممالک کی فہرست جاری کر دی۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے سپر۱۲؍ مرحلے میں خود بخود رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے حتمی نام سامنے آگئے ہیں۔حالانکہ ابھی ورلڈ کپ جاری ہے۔ اعلامیہ کے مطابق اس سال ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا سپر۱۲؍ مرحلہ کھیلنے والی۱۲؍ ٹیموں میں سے۸؍ٹیمیں آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ کے سپر۱۲؍ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں اور انہیں اس مرحلے میں داخلے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ نہیں کھیلنا پڑے گا۔ آئی سی سی کے مطابق سپر۱۲؍مرحلے میں خود بخود رسائی کے لیے ورلڈکپ کی فاتح ٹیم اور رنر اپ سمیت فائنل کے بعد۱۵؍ نومبرکو بننے والی رینکنگ کے لحاظ سے بقیہ ۶؍ ٹاپ ٹیموں کا فارمولا رکھا گیا تھا۔ آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد گزشتہ ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ کا فاتح ویسٹ انڈیز رینکنگ میں۱۰؍ ویں نمبر پر چلا گیا ہے اور بنگلہ دیش۸؍ نمبر پر آکر سپر۱۲؍ مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بناچکا ہے جبکہ سری لنکا ۹؍ویں نمبر پر موجود ہے۔ اس وقت آئی سی سی ٹی ۲۰؍ رینکنگ میں انگلینڈ پہلے نمبر پر براجمان ہے جس کے بعد بالترتیب پاکستان، ہندوستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا موجود ہیں اور ان کی پوزیشن میں تبدیلی مشکل ہے اور۷؍ویں نمبر پر موجود افغانستان کے بھی ۸؍ویں نمبر سے نیچے آنےکا امکان نہیں ہے۔ آئندہ سال ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کو۲۰۲۱ء کا سپر ۱۲؍ مرحلہ کھیلنے والی دیگر۲؍ ٹیموں اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے ساتھ راؤنڈ ون مرحلہ کھیلنا ہوگا جس میں کامیابی کے بعد ہی وہ سپر۱۲؍ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرسکیں گی۔ یاد رہے۲۰۲۰ء میں ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ آسٹریلیا میں ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا اب یہ ملتوی ہونے والا ٹی۲۰؍ ورلڈکپ ۲۰۲۲ء میں آسٹریلیا میں ہوگا۔ خیال رہے کہ امسال ہندوستان میں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ہونےوالا تھا لیکن کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے بعد آئی سی سی نے اسے دُبئی اور عمان منتقل کردیا تھا۔ اس دوران گروپ اے اور گروپ بی کی مجموعی طورپر ۸؍ ٹیموں میںکوالیفائنگ راؤنڈ ہوا تھا اور اس میں سری لنکا ، اسکاٹ لینڈ، نمیبیا اور بنگلہ دیش نے ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ اگلے بنگلہ دیش کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی او روہ براہ راست سپر۱۲؍میں پہنچ جائے گااور اس کے ساتھ افغانستان بھی ہوگا۔