• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سے پاکستان میں آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے۹؍ویں ایڈیشن کا آغاز

Updated: February 19, 2025, 1:20 PM IST | Agency | Doha

کرکٹ کی ۸؍ٹیموں کے درمیان آج سے گھمسان۔ ۲۰۱۷ء کے بعد چمپئن ٹرافی کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اس میگا ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے۹؍ویں ایڈیشن کا آغاز پاکستان میں ہورہا ہے جبکہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اس میگا ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔پاکستان میں کرکٹ کے کسی عالمی مقابلے کی واپسی تقریباً ۱۸؍برس بعد ہو رہی ہے۔ یہاں کرکٹ کا جنون رکھنے والی نوجوانوں کی ایک نسل اس وقت پیدا ہی نہیں تھی جب ۱۹۹۶ء میں پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔ ان میں پاکستان کی موجودہ کرکٹ ٹیم کے بہت سے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس کا اعادہ ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز سابق فاسٹ بولر این بشپ اور۲۰۱۷ءمیں  چمپئن  ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شاہی قلعہ لاہور کے دیوان عام کے پس منظر میں ہونے والی اپنی گفتگو کے چند جملوں میں بخوبی کیا۔ یہ رواں ہفتے پاکستان کے شہر کراچی میں شروع ہونے والی  چمپئن  ٹرافی  پر سے پردہ اٹھانے کیلئے  اتوار کی شب لاہور میں منعقد کی گئی تقریب کا منظر تھا۔  اس تقریب کی ایک نمایاں چیز چمپئن  ٹرافی کی دفاعی ٹیم کے کھلاڑی رہے۔  ۲۰۱۷ءکی چمپئن ٹرافی جیتنے والی پاکستان کی ٹیم کے تقریباً ۱۰؍ ممبران کیلئے  ریڈ کارپیٹ بچھایا گیا۔
۳؍گروپ میچ کے بعد ہندوستان کے سیمی فائنل اور فائنل میں رسائی کی صورت میں یہ میچز بھی دبئی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ اس طرح یو اے ای  چمپئن  ٹرافی کے۹؍ویں ٹورنامنٹ کی میزبانی میں پاکستان کی معاونت کرے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں۸؍ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں  ہندوستان ، پاکستان،  نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور افغانستان پر مشتمل ہے۔ ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر تینوں ٹیموں کے ساتھ ایک، ایک میچ کھیلے گی اور پھر دونوں گروپ سے پوائنٹس اور رن ریٹ کی بنیاد پر سر فہرست دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل کھیلنے کی اہل ہوں گی۔ یہاں ناک آؤٹ مرحلہ جیتنے والی دو ٹیمیں فائنل میں ٹرافی کے حصول کیلئے  ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔
پاکستان اس ٹورنامنٹ میں نہ صرف میزبان ہے بلکہ اسے اپنے ٹائٹل کا دفاع بھی کرنا ہے جو اعزاز۲۰۱۷ء میں پاکستان ٹیم نے حاصل کیا تھا۔ پاکستان چمپئن ٹرافی جیتنے والا ساتواں ملک ہے۔ اس سے قبل  ہندوستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ یہ ون ڈے انٹرنیشنل ٹرافی اپنے نام کرچکے ہیں۔ 

چمپئن ٹرافی کا افتتاحی میچ :پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ
آئی سی سی چمپئن  ٹرافی۲۰۲۵ء کا پہلا میچ بدھ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں دفاعی چمپئن  پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کے لئے  تیار ہیں اور جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کرنا چاہیں گی۔ تاہم دونوں ٹیموں کی تیاریوں کے علاوہ پچ کی حالت بھی میچ کو متاثر کرے گی۔  حال ہی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹیمیں سہ فریقی سیریز میں آمنے سامنے تھیں۔ 

چمپئن ٹرافی میں جیت کیلئے محنت کر رہے ہیں : محمد رضوان
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو اپنے آئی سی سی ایونٹس کے دوران آنے والے اتار چڑھاؤ کا مقابلہ کرنے کیلئے  اپنی کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بہتر بنانا ہوگا۔ منگل کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ چمپئن  ٹرافی میں جیت کے لئے محنت کر رہے ہیں، ٹیم کا  حوصلہ  بلند ہے اور کوشش کریں گے کہ سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھیں۔

چمپئن ٹرافی کے لئے کمنٹری پینل کا اعلان
چمپئن  ٹرافی کیلئے ہندی کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں سریش  رائناکے علاوہ ہربھجن سنگھ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کو موقع ملا ہے ۔ یہ ٹورنامنٹ ۱۹؍فروری ۲۰۲۵ءسے شروع ہونے  والا ہے۔  پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں کل۸؍ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ کمنٹری پینل میں وسیم اکرم، روی شاستری، سنیل گاوسکر، ناصر حسین، ایان بشپ، این اسمتھ، ایرون فنچ اور میتھیو ہیڈن شامل ہیں۔ 

تیزگیندباز لوکی فرگیوسن آئی سی سی چمپئن ٹرافی سے باہر
نیوزی لینڈ کے تیزگیندباز لوکی فرگیوسن آئی سی سی چمپئن  ٹرافی سے باہر ہو گئے۔فرگیوسن کو وارم اپ میچ کے دوران پیر میں تکلیف ہوئی تھی۔ اس حوالے سے نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ میڈیکل پینل نے طے کیا ہے کہ فرگیوسن  چمپئن  ٹرافی کیلئے  فٹ نہیں ہو پائیں گے۔ نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں لوکی فرگیوسن کی جگہ کائل جیمیسن کو شامل کر لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل نیوزی لینڈ کے   بین سیئرز  چمپئن ٹرافی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK