• Wed, 12 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چمپئن ٹرافی سے قبل وراٹ کوہلی کے فارم پر نظر

Updated: February 12, 2025, 11:57 AM IST | Agency | Ahmedabad

آج ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا یکروزہ میچ۔ وراٹ کوہلی کا بلہ سیریز میں خاموش رہا۔ ٹیم انڈیا کلین سویپ کی متمنی۔

Virat Kohli. Picture: INN
وراٹ کوہلی۔ تصویر: آئی این این

پہلے ۲؍ میچوں میں آسان جیت سے خوش، ہندوستانی ٹیم اپنی رفتار کو برقرار رکھنے اور بدھ کو یہاں  ہونے والے تیسرے اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کی کوشش کرے گی  تاہم اس میچ میں سب کی نظریں وراٹ کوہلی پر ہوں گی کیونکہ  چمپئن  ٹرافی سے قبل فارم میں واپسی کا یہ آخری موقع ہوگا۔ ہندوستان پہلے ہی دو میچ۴؍ وکٹوں کے یکساں  فرق  سے جیت کر سیریز جیت چکا ہے۔ روہت شرما کی قیادت والی ٹیم اب نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گی جہاں وہ ون ڈے ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء کے فائنل میں ہار گئی تھی۔ یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ چمپئن  ٹرافی سے قبل ہندوستانی ٹیم کوہلی کے فارم سے پریشان ہوگی۔
 ۸؍ ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی چمپئن  ٹرافی۱۹؍ فروری سے پاکستان اور دبئی میں شروع ہوگی۔ ہندوستان اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے گا۔  ہندوستان  اپنا پہلا میچ۲۰؍ فروری ۲۰۲۵ءکو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا اور۲۳؍ فروری ۲۰۲۵ءکو اپنے روایتی حریف پاکستان سے ٹکرائے گا۔ کپتان روہت شرما دوسرے ون ڈے میں۹۰؍ گیندوں پر ۱۱۹؍ رن بنا کر فارم میں واپس آئے جو کہ ہندوستان کیلئے  ایک اچھی علامت ہے۔ کوہلی اپنی ٹیم کے ساتھی سے تحریک لے کر یہاں بڑی اننگز کھیلنا چاہیں گے۔ کوہلی مکمل طور پر فارم میں نظر نہیں آرہے ہیں لیکن وہ کریز پر اتنا زیادہ وقت نہیں ٹھہرے ہیں کہ خود کو ایک بڑی اننگز کھیلنے کا موقع دیں۔
 اگر کوہلی کا بلہ کام کرتا ہے تو یہ اسٹار بلے باز ون ڈے کرکٹ میں۱۴؍ہزار رن بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ کوہلی کو اس سنگ میل تک پہنچنے کیلئے  صرف۸۹؍ رن درکار ہیں۔ ہندوستان نے اب تک تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسپنر ورون چکرورتی کی ٹیم میں شمولیت اور تیز گیند باز محمد سمیع کی واپسی سے ہندوستان کا بولنگ  اٹیک مضبوط ہوا ہے۔
 سمیع کی کامیاب واپسی یقیناً ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کیلئے  راحت کا باعث ہوگی کیونکہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ کی فٹنیس پر شکوک و شبہات ہیں۔ بمراہ کو پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق احمد آباد میں ہونے والے اس ون ڈے سے  لوٹنا تھا لیکن فی الحال وہ بنگلورو کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہیں۔ ہندوستان اور انگلینڈ دونوں ٹیموں نے منگل کو پریکٹس نہیں کی کیونکہ وہ تیسرے ون ڈے میں تازہ دم جانا چاہتی تھیں۔
 کٹک میں کھیلے جانےو الے میچ میں روہت کی سنچری ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو اچھی کارکردگی پیش کرنے کی ترغیب دے گی۔ ان میں وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہل بھی شامل ہیں جو ابھی تک توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کر سکے ہیں۔ ایسے میں اگر ہندوستان رشبھ پنت کو موقع دیتا ہے تو کسی کو حیران نہیں ہونا چاہیے۔ وہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں جو ہندوستانی ٹیم کو توازن فراہم کر سکتے ہیں۔ ہندوستان کو مڈل آرڈر میں شریاس ایّر سے اچھی اننگز کی امید ہوگی۔
 آل راؤنڈر اکشر پٹیل کو ۵؍ویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے  بھیجنا اب تک کام کرچکا ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے پہلے ۲؍ میچوں میں ۵۲؍رن  اور ناٹ آؤٹ۴۲؍ رن بنائے۔ پٹیل کی اچھی بلے بازی کا مظاہرہ رویندر جڈیجا پر کچھ دباؤ کم کرتا، جنہوں نے سیریز میں اب تک ۶؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے اب تک ایسے وکٹوں پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو اسپن گیند بازوں کے حق میں ہیں۔ دبئی میں چمپئن  ٹرافی کے دوران انہیں اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنے کا امکان ہے۔
 جہاں تک جوس بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم کا تعلق ہے، اسے چمپئن  ٹرافی سے قبل حوصلے بلند کرنے والی کامیابی کیلئے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی پیش کرنا ہوگی۔ انجری کے باعث آل راؤنڈر جیکب بیتھل کی عدم موجودگی سے بھی ٹیم کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ میچ میں فل سالٹ اور بین ڈکٹ کی اوپننگ جوڑی نے انگلینڈ کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن وہ اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔ جو روٹ نے بھی اثر ڈالا لیکن دوسرے کنارے  سے سپورٹ نہیں ملا۔ بولنگ میں اسپنر عادل رشید نے حالات سے  بھرپور  فائدہ اٹھایا ہے لیکن اگر انگلینڈ کو جیتنا ہے تو اس کے بلے بازوں کو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK