• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سنیل نارائن کی بدولت کولکاتا کی شاندار فتح

Updated: May 06, 2024, 10:09 PM IST | Lucknow

سنیل نارائن کی۸۱؍ رن کی اننگز اور ہرشیت رانا اور ورون چکرورتی کی عمدہ گیند بازی کی بدولت کولکاتا نے لکھنؤ سپرجائنٹس کو ۹۸؍رن سے شکست دے دی

Sunil Narine. Photo:PTI
سنیل نارائن۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

سنیل نارائن کی۸۱؍ رن کی اننگز اور ہرشیت رانا اور ورون چکرورتی کی عمدہ گیند بازی کی بدولت کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۵۴؍ویں میچ میں اتوار کو لکھنؤ سپر جائنٹس کو۹۸؍ رن سے شکست دے دی۔  اس ۸؍ویں جیت کے ساتھ ہی کولکاتا پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر پہنچ گیا ہے۔
۲۳۶؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں لکھنؤ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں ارشین کلکرنی (۹) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد کپتان کے ایل راہل اور مارکس اسٹونیس نے دوسرے وکٹ کیلئے ۵۰؍ رن کی شراکت قائم کی۔  راہل ۲۱؍ گیندوں پر ۲۵؍ رن بنانے کے بعد ۸؍ ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں دیپک ہڈا (۵) پھر مارکس اسٹوئنس ۲۱؍ گیندوں پر ۳۶؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد لکھنؤ کے وکٹ مسلسل گرتے  رہے۔ نکولس پورن (۱۰)، آیوش بدونی (۱۵)، ایشٹن ٹرنر (۱۶)، کرونال پانڈیا (۵)، یودھویر سنگھ چرک (۷) اور روی بشنوئی (۲) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کولکاتا نے لکھنؤ کی اننگز کو۱۶ء۱؍ اوور میں  ۱۳۷؍ رن تک محدود کرنے کے بعد یہ میچ۹۸؍ رن سے جیت لیا۔کولکاتا کی جانب سے ورون چکرورتی اور ہرشیت رانا نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ آندرے رسل نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ مشیل اسٹارک اور سنیل نارائن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے سنیل نارائن کی نصف سنچری  ۸۱؍رن   کی اننگز کی بدولت کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۵۴؍ ویں میچ میں اتوار کو لکھنؤ سپر جائنٹس کو جیت کیلئے  ۲۳۶؍ رن کا ہدف دیا ۔      اتوار کو  لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ کولکاتا کی اوپننگ جوڑی فل سالٹ اور سنیل نارائن  نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے ۶۱؍ رن جوڑے۔ نوین الحق نے ۵؍ویں اوور میں فل سالٹ کو آؤٹ کر کے لکھنؤ کو پہلی کامیابی دلائی۔ سالٹ نے۱۴؍ گیندوں پر۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے  ۳۲؍  رن بنائے۔ اس کے بعد روی بشنوئی نے ۱۲؍ویں اوور میں سنیل نارائن کو آؤٹ کیا۔ سنیل نارائن نے طوفانی انداز میں۸۱؍ رن کی اننگز کھیلی، انہوں نے ۳۹؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے اور ۷؍ چھکے لگائے۔ انگکرش رگھوونشی  ۳۲ ، آندرے رسل  ۱۲ ، رنکو سنگھ ۱۶ ؍ اور کپتان شریاس ایّر ۲۳؍  رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رمندیپ سنگھ ۲۵؍ اور وینکٹیش ایّر  ایک  رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ کولکاتا نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں۶؍ وکٹ پر۲۳۵؍ رن بنائے۔  لکھنؤ سپر جائنٹس کی جانب سے نوین الحق نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ یش ٹھاکر، روی بشنوئی اور یودھویر سنگھ چرک نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK