• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شکست قبول ہے : روہت شرما

Updated: October 26, 2024, 10:08 PM IST | Pune

ٹیم انڈیا کے کپتان نے کہاکہ ممبئی میں بہتر کھیل پیش کرنے کی پوری کوشش کریں گے

Rohit Sharma. Photo:PTI
روہت شرما۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کو قبول کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ ٹیم کی نظریں اب ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم پر ہیں جہاں سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ روہت نے سنیچر کو میچ کے بعد کہا ’’آپ کو نیوزی لینڈ کو کریڈٹ دینا ہوگا۔ وہ ہم سے بہتر کھیلے۔ ہم کچھ لمحات سے فائدہ اٹھانے اور ان چیلنجوں کا جواب دینے میں ناکام رہے، جس کے نتیجے میں ہم آج یہاں ہار گئے۔‘‘
روہت نے خاص طور پر ہندوستان کی خراب بلے بازی کے بارے میں کہا ’’ہم نے پہلی اننگز میں ٹھوس اسکور بنانے کیلئے جدوجہد کی، جس سے گیند بازوں کیلئے دباؤ پیدا کرنے کی محدود گنجائش رہ گئی۔‘‘ انہوں نے کہا’’آپ کو جیتنے کیلئے ۲۰؍ وکٹ لینے ہوں گے، ہاں، لیکن بلے بازوں کو بورڈ پر رن بنانے ہوں گے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہم نے اتنی اچھی بلے بازی کی کہ بورڈ پر رن بنے۔ اس کے باوجود ہندوستان کے گیند بازوں نے زبردست مقابلہ کیا اور ایک وقت میں نیوزی لینڈ ۳؍ وکٹوں پر۲۰۰؍ رن بنا کر بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہا تھا لیکن گیند بازوں نے اسے۲۵۹؍ رن تک محدود کر دیا۔‘‘
ٹیم کی اجتماعی کوتاہیوں کی ذمہ داری لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایک اجتماعی ناکامی ہے۔ میں کوئی ایسا نہیں ہوں جو صرف بلے بازوں یا گیند بازوں پر الزام عائد کروں۔  ہر ایک کے پاس بہتری کی کافی گنجائش ہے۔‘‘ روہت نے وانکھیڈے ٹیسٹ میں ہندوستان کو نئے ارادوں، نظریات اور طریقوں کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ ٹیم ممبئی میں رفتار تلاش کرنے کیلئے  مزید مربوط کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ 
 خیال رہےکہ مشیل سینٹنر (۱۰۴؍ رن پر ۶؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت  نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں سنیچر کو ۱۱۳؍رن سے شکست دے کر ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کیوی ٹیم نے ہندوستان کے خلاف اس کے گھر میں ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی ہے۔ نیوزی لینڈ کی اس جیت کے ہیرو مشیل  سینٹنر رہے جنہوں نے ہندوستان کی پہلی اننگز میں ۷؍ اور دوسری میں ۶؍ وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK