ٹیم انڈیا کے بلے باز جیسوال سچن تینڈولکر کا ایک کیلنڈر سال میں زیادہ رن کا ریکارڑ توڑ ناچاہیں گے۔کوہلی بریڈمین کا ریکارڈ توڑنے کیلئے تیار۔
EPAPER
Updated: December 04, 2024, 11:52 AM IST | Agency | Adelaide
ٹیم انڈیا کے بلے باز جیسوال سچن تینڈولکر کا ایک کیلنڈر سال میں زیادہ رن کا ریکارڑ توڑ ناچاہیں گے۔کوہلی بریڈمین کا ریکارڈ توڑنے کیلئے تیار۔
ہندوستان آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں ہونے والے گلابی گیند کے ٹیسٹ کے لیے تیار ہے۔ جہاں ٹیم انڈیا کامیابی حاصل کرکے سیریز میں اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہے گی۔ ہندوستانی بلے باز یشسوی جیسوال اور وراٹ کوہلی مایہ ناز سچن تینڈولکر اور ڈان بریڈمین کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کریں گے۔
۲۲؍ سالہ نوجوان جیسوال ریکارڈ توڑنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ سال کا بیشتر حصہ گھریلو حالات پر حاوی رہنے کے بعد، نوجوان نے پرتھ میں پہلے ٹیسٹ کے دوران ۱۶۱؍ رن کی شاندار اننگز کے ساتھ آسٹریلوی حالات کو فتح کیا۔ اس سال اب تک جیسوال نے ۵۸ء۱۸؍ کے اوسط اور۷۲ء۵۲؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۱۲۸۰؍ رن بنائے ہیں جس میں ۳؍ سنچریاں اور ۷؍نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا بہترین اسکور ناٹ آؤٹ ۲۱۴؍رن ہے۔
یہ نوجوان ایک کیلنڈر سال میں کسی ہندوستانی کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رن بنانے کے سچن کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے سے ۲۸۲؍ رن دور ہے۔ ۲۰۱۰ء میں سچن نے۱۴؍ ٹیسٹ اور۲۳؍ اننگز میں ۷۸ء۱۰؍ کے اوسط سے۱۵۶۲؍ رن بنائے جس میں ۷؍ سنچریاں اور ۵؍ نصف سنچریاں شامل تھیں۔ ان کا بہترین اسکور۲۱۴؍رن تھا۔ ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رن پاکستان کے بیٹنگ لیجنڈ محمد یوسف کے پاس ہیں جنہوں نے ۲۰۰۶ء میں ۱۱؍ میچوں اور۱۹؍ اننگز میں ۹۹ء۳۳؍ کے اوسط سے۱۷۸۸؍ رن بنائے۔ انہوں نے۲۰۲؍رن کے بہترین اسکور کے ساتھ۹؍ سنچریاں اور ۳؍ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔
دوسری جانب وراٹ کوہلی بریڈمین کا ریکارڈ برابر کرنے سے ایک سنچری دور ہیں۔ وراٹ نے آسٹریلیا کے خلاف گھریلو میدان پر۱۰؍ بین الاقوامی سنچریاں اسکور کی ہیں، وراٹ کی ایک اور سنچری انہیں بریڈمین کے برابر کر دے گی جنہوں نے اپنے پورے کریئر میں حریف انگلینڈ کے خلاف گھریلو میدان پر بین الاقوامی کرکٹ میں ۱۱؍ سنچریاں اسکور کی ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلوی ٹیم: پیٹ کمنس (کپتان)، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری (وکٹ کیپر)، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلیس، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، ناتھن لاین، مشیل مارش، نیتھن میک سوینی، اسٹیو اسمتھ، مشیل اسٹارک۔
ہندوستانی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، کے ایل راہل، ابھیمنیو ایشورن، دیو دت پڈیکل، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، سرفراز خان، دھرو جوریل، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجا، محمد سراج، آکاش دیپ، پرسدھ کرشنا، ہرشیت رانا، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر۔ ریزرو: مکیش کمار، نودیپ سینی، خلیل احمد، یش دیال۔