دوسرے یکروزہ میچ میں ۱۷۷؍رن سے افغان ٹیم کی فتح، راشدخان ہیرو بنے۔
EPAPER
Updated: September 22, 2024, 11:43 AM IST | Agency | Sharjah
دوسرے یکروزہ میچ میں ۱۷۷؍رن سے افغان ٹیم کی فتح، راشدخان ہیرو بنے۔
افغانستان نے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو۱۷۷؍ رن سے شکست دے کر آئی سی سی کی ٹاپ ۵؍ ون ڈے ٹیم کے خلاف پہلی سیریز جیت کر تاریخ رقم کی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی پہلی دو طرفہ ون ڈے سیریز کھیلتے ہوئے افغانستان نے شارجہ میں دوسرے میچ میں ۰۔ ۲؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کی۔ اس فتح نے۲۰۱۸ء میں اسی مقام پر زمبابوے کے خلاف۱۵۴؍ رن کی جیت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں افغانستان کی سب سے بڑی کامیابی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ افغانستان کی شاندار فتح میں رحمان اللہ گرباز اور راشد خان نے اہم کردار ادا کیا۔ گرباز نے اپنی ساتویں ون ڈے سنچری بنائی جو اس فارمیٹ میں کسی بھی افغان بلے باز کی سب سے زیادہ ہے۔ انہیں رحمت شاہ (۵۰؍رن) اور عظمت اللہ عمرزئی ( ناٹ آؤٹ ۸۶؍رن ) کا بھرپور ساتھ ملا۔ افغانستان نے اپنے۵۰؍ اوورس میں ۴؍ وکٹ پر۳۱۱؍رن کا مسابقتی اسکور بنایا، یہ دسویں بار ہے کہ افغانوں نے ون ڈے میں ۳۰۰؍ رن کا ہندسہ عبور کیا۔ اس فارمیٹ میں ان کا چھٹا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اپنی۲۶؍ویں سالگرہ منانے والے راشد خان نے گیند کے ساتھ شاندار ۵؍ وکٹ لے کر جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن اپ کو تباہ کر دیا۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر ننگیالیا کھروٹے نے اپنے تیسرے ون ڈے میں ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ ایک وقت میں جنوبی افریقہ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے۷۳؍ رن بنائے تھے لیکن بعد میں وکٹ گرنے کے باعث پوری ٹیم۱۳۴؍ رن پر ڈھیر ہوگئی۔ سیریز جیتنے کے بعد جوش و خروش سے بھرپور افغانستان کی نظریں اب اتوار کو آخری یکروزہ میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے پر ہوں گی۔