• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

افغانستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی کامیابی

Updated: September 20, 2024, 1:49 PM IST | Agency | Sharjah

پہلے یکروزہ میچ میں۶؍وکٹوں سےہرایا۔کسی بھی فارمیٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی فتح حاصل کی۔

Afghanistan players celebrate after defeating South Africa. Photo: INN
جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد افغانستان کے کھلاڑی خوشی مناتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

فضل الحق فاروقی (۴؍ وکٹ) اور اے ایم غضنفر (۳؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کے بعد گلبدین نائب (ناٹ آؤٹ ۳۴؍) اور عظمت اللہ عمرزئی (ناٹ آؤٹ ۲۵) کی شاندار اننگز کی بدولت افغانستان نے پہلے یک روزہ مقابلے میں جنوبی افریقہ ۱۴۴؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۶؍ وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی جیت درج کی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب افغانستان نے جنوبی افریقہ کو کرکٹ کے کسی بھی فارمیٹ میں شکست دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی افغانستان نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
 ۱۰۷؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری افغانستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اوراس نے ۱۵؍رنوں کے اسکور پر اپنی ۲؍ وکٹیں گنوا دیں۔ رحمان اللہ گرباز (صفر) اور رحمت شاہ (۸) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کا تیسرا وکٹ ریاض حسن (۱۶) کی صورت میں گرا۔ ۶۰؍کے اسکور پر کپتان حشمت اللہ شاہدی (۱۶) رن بناکرپویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد عظمت اللہ عمرزئی نے گلبدین نائب کے ساتھ محاذ سنبھالا۔ گلبدین نے ۲۷؍گیندوں میں ۳؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگاتے ہوئے (۳۴؍ ناٹ آؤٹ)رنوں کی اننگز کھیلی۔ جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۲۵؍رن (ناٹ آؤٹ) بنائے۔ افغانستان نے ۲۶؍ اوورمیں ۴؍ وکٹوں پر ۱۰۷؍رن بنانے کے بعد یہ میچ ۶؍ وکٹوں سے جیت لیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے بجورن فورٹین نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ لونگی نگیڈی اور ایڈن مارکرم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
 اس سے قبل افغانستان کے گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کو۳۳ء۳؍اوور میں ۱۰۶؍ رنوں پر آؤٹ کر دیا تھا۔ ٹاس جیت کرجنوبی افریقہ نے پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا جو اس کے لئے نقصان دہ ثابت ہوا۔ جنوبی افریقہ واحد بلے باز ویان مولڈر (۵۲) ہی کچھ دیر تک پچ پر ٹھہر سکے۔ انہیں فاروقی نے بولڈ آؤٹ کیا۔ 
افغانستان کا ریکارڈ
 کرکٹ کے کسی بھی فارمیٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف یہ افغانستان کی پہلی جیت ہے۔ افغانستان نے اس میچ میں جنوبی افریقہ کو صرف ۱۰۶؍رنوں تک محدودرکھا۔ یہ ون ڈے میں ۸؍ مکمل رکن ٹیموں میں افغانستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ اس سے قبل مکمل رکن ملک کی جانب سے افغانستان کے خلاف ون ڈے میں سب سے کم اسکور کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے نام تھا جس نے ۲۰۱۷ءمیں گراس آئیلیٹ میں ۱۴۹؍رن بنائے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK