انگلینڈ کے خلاف افغانستان نے ۳۲۵؍ رن بنائے ،ابراہیم زدران کے۱۴۶؍ گیندوں پر ۱۷۷؍ رن ،ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور۔
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 12:55 PM IST | Agency | Doha
انگلینڈ کے خلاف افغانستان نے ۳۲۵؍ رن بنائے ،ابراہیم زدران کے۱۴۶؍ گیندوں پر ۱۷۷؍ رن ،ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چمپئن ٹرافی کے آٹھویں میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے۳۲۶؍رنوں کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی بلے بازی خبر لکھے جانے تک جاری تھی۔لاہور کے قذاقی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے ابراہیم زدران کی ۱۷۷؍رن کی شاندار اننگز کی بدولت پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۵۰؍اوورز میں۷؍وکٹوں کے نقصان پر ۳۲۵؍ رن بنائے۔
خیال رہے کہ ابراہیم زدران نے چند روز قبل انگلش بلے باز بین ڈکٹ کی جانب سے بنایا گیاچمپئن ٹرافی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔ اس کے علاوہ وہ ورلڈکپ کے بعد چمپئن ٹرافی میں بھی افغانستان کی جانب سے سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
افغانستان کی بلے بازی
افغانستان نے اننگز کا آغاز کیا تو میچ کے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر اوپنر رحمٰن اللہ گرباز۶؍رن بنانے کے بعد جوفرا آرچر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جب کہ اسی اوور کی پانچویں گیند پر صدیق اللہ اتل۴؍رن بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔افغانستان کا تیسرا وکٹ بھی جوفرا آرچر کے حصے میں آیا جب۳۷؍ رن کے مجموعی اسکور پر رحمت شاہ۴؍رن بنانے کے بعد راشد خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
تاہم، ابتدائی۳؍وکٹیں جلد گرنے کے باوجود افغان ٹیم دباؤمیں نہیں آئی اور دوسرے اوپننگ بلے باز ابراہم زدران نے کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ مل کر۱۰۳؍رن کی شراکت قائم کی۔ شاہدی۳؍ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے۴۱؍ رن بناکر عادل رشید کاشکار بنے۔
عظمت اللہ عمر زئی نے۳۱؍ گیندوں میں۳؍ چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے۴۱؍ رن کی اننگز کھیلی جب کہ محمد نبی نے بھی۲۴؍ گیندوں پر۴۰؍ رن کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں۳؍ چھکے اور۲؍ چوکے شامل تھے۔اننگز کا آغاز کرنے والے ابراہیم زدران ۵۰؍ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے نہ صرف ون ڈے کریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی بلکہ وہ ۱۴۶؍ گیندوں پر۱۷۷؍ رن کی یادگار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں ۶؍چھکے اور۱۲؍ چوکے شامل تھے۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے ۳؍، لیام لیونگ اسٹون نے ۲؍، جمی اوورٹن اور عادل رشید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں اور اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے دونوں ٹیموں کو آج لازمی فتح درکار ہے، ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
انگلینڈ کی بلے بازی
انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے فل سالٹ صرف۱۲؍ رن بنانے کے بعد عظمت اللہ عمرزئی کا شکار بن گئے جب کہ وکٹ کیپر لے باز جیمی اسمتھ بھی ۹؍ رن ہی بنا سکے۔ آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ اننگز کھیلنے والے بین ڈکٹ بھی۳۸؍ رن بنانے کے بعد راشد خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے جب کہ ہیری بروکس کو۲۵؍ رن پر محمد نبی نے پویلین واپس بھیج دیا۔خبر لکھے جانے تک انگلینڈ نے ۴۲ء۵؍ اوور میں۲۶۱؍ رن بنا لئے تھے اوراسے جیت کیلئے ۴۳؍ گیندوں میں۶۵؍ رن درکار تھے۔ واضح رہےکہ اس سےقبل ۲۰۲۳ء کےورلڈ کپ میں افغانستان انگلینڈ کو ہرا چکا ہے۔