انجمن اسلام اسکول نے سینٹ جوزف اسکول کو ۸؍وکٹ سے شکست دی۔ ونائیک چورسیا بہترین کھلاڑی رہے۔
EPAPER
Updated: November 23, 2024, 3:43 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
انجمن اسلام اسکول نے سینٹ جوزف اسکول کو ۸؍وکٹ سے شکست دی۔ ونائیک چورسیا بہترین کھلاڑی رہے۔
لیدر بال سے کھیلے جانے والے ہیرس شیلڈ( انڈر ۱۶) کرکٹ ٹورنامنٹ میں جمعہ کو انجمن اسلام ہائی اسکول(اردو میڈیم) کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینٹ جوزف اسکول ( ملاڈ،ویسٹ) کو ۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی اور ۳۰؍ سال بعد ہیرس شیلڈ کے لیگ اسٹیج میں داخل ہو گئی۔ لیگ اسٹیج میں ۲؍دنوں کا میچ ہوتا ہے۔
انجمن اسلام کی جانب سے جمعہ کے میچ میں ونائیک چورسیا نے ۲۹؍رن دے کر ۴؍ وکٹ حاصل کئے اور ۵۰؍ رن بھی بنائے، ان کے ساتھ عامر سید نے ۵۵؍ گیندوں پر ۵۱؍ رن بنائے اور دونوں ہی بلے بازناٹ آؤٹ رہے۔ انجمن اسلام کی اچھی کارکردگی پر کوچ انیس خان اور غلام پرکار نے ٹیم کو مبارکباد دی اور مزید بہتر کھیلنے کا مشورہ دیا۔یہ میچ کراس میدان کے ایل آئی سی وکٹ پر کھیلا گیا تھا جس میں ٹاس جیتنے کے بعد سینٹ جوزف اسکول نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم محض ۱۳۶؍ رن پر ڈھیر ہو گئی۔ سینٹ جوزف اسکول کی جانب سے کریسٹینوبتھیلو نے ۴۷؍ رن بنائے۔ انجمن اسلام کی جانب سے محض ۲؍ وکٹ گنوا کر۲۰ء۲؍ اوورس میں ۱۴۰؍ رن بنائے اور میچ آسانی سے جیت لیا۔کبیر جگتاپ ۱۵؍ رن پر اور دانیال صدیقی ۱۱؍ رن پر آؤٹ ہوئے۔آل راؤنڈر پرفارمنس پر ونائیک چورسیا کو مین آف دی میچ دیا ہے۔اس ٹورنامنٹ میں یہ تیسری مرتبہ ہے جب ونائیک چورسیا کو مین آف دی میچ قرار دیاگیاہے۔