• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم انڈیا سنبھل نہ سکی

Updated: October 20, 2024, 12:16 PM IST | Agency | Bengaluru

ٹیسٹ میں ممبئی کے بلے باز نے ۱۵۰؍ رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کومیچ جیتنے کیلئے ۱۰۷؍رن کا ہدف۔ ٹیم انڈیا کے بولرس کا امتحان۔

Sarfraz Khan played the best innings for the team. Photo: INN
سرفرازخان نے ٹیم کیلئے بہترین اننگز کھیلی۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن، ہندوستانی ٹیم دوسری اننگز میں۴۶۲؍رن  پر ڈھیر ہو گئی۔ پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر نیوزی لینڈ کو صرف۱۰۷؍رن  کا ہدف ملا ہے  جو وہ آسانی سے حاصل کر سکتا ہے۔ تاہم جیسے ہی ہندوستان کی اننگز ختم ہوئی، بنگلورو میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش شروع ہوگئی اور میچ روک دیا گیا۔ میدان میں کورس بھی آگئے   اور تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔
 سنیچر کو ممبئی کے بلے بازسرفراز خان اور رشبھ پنت نے ہندوستان کی اننگز کو بہتر انداز میں سنبھالا۔ سرفراز خان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم سنبھل نہ سکی اور یکے بعد دیگرے کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے جس سے نیوزی لینڈ کو بہت ہی کم ہدف ملا۔ 
 ہندوستان  نے سنیچر کو میچ کے  چوتھے دن کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ نوجوان بلے باز سرفراز خان اور وکٹ کیپر رشبھ پنت نے تیز بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھے  وکٹ کیلئے ۱۷۷؍ رن  کی شراکت کی۔ اس دوران وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے۹۹؍ رن کی اننگز کھیلی اور سرفراز نے۱۵۰؍  رن کی اننگز کھیلی۔
 ہندوستان  نے پہلے سیشن میں کوئی وکٹ نہیں گنوایا۔ تاہم، دوسرے سیشن میں گیند بدلتے ہی ہندوستانی بیٹنگ آرڈر بکھرنے لگا۔ کے ایل راہل نے۱۲، رویندر جڈیجا نے ۵، اشون نے ۱۵، کلدیپ یادو نے ناٹ آؤٹ ۶؍رن  بنائے جبکہ جسپریت بمراہ اور محمد سراج بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔ کیویز کی جانب سے ہنری اور رورک نے ۳۔۳؍ جبکہ اعجاز نے ۲؍ وکٹ لئے۔  ساؤدی اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

بنگلورو ٹیسٹ میں ممبئی کے سرفراز خان کا جلوہ
کرکٹ کی دنیا کا  وہ نام `سرفراز خان  جس نے کامیابی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے کا طویل انتظار کیا تھا، ان کا خواب بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں پورا ہوگیا۔ ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن سرفراز خان نے کریئر کی پہلی بین الاقوامی سنچری اسکور کی۔ تیسرے دن اپنے اسکور۷۰؍ رن سے آگے کھیلتے ہوئے سرفراز خان نے  اپنی سنچری مکمل کی۔ سرفراز خان نے۱۹۵؍ گیندوں پر۱۵۰؍ رن  بنائے۔ سرفراز نے ایسے وقت میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب ٹیم  انڈیا اننگز سے ہارنے کے خطرے سے دوچار تھی ، تب سرفراز خان نے اپنے کریئر کی سب سے بڑی اننگز کھیل کر سب کا دل جیت لیا۔
  ایک ایسے وقت میں جب  ٹیم انڈیا مشکلات کے بھنور میں پھنسی ہوئی تھی، ایسے دباؤ کے لمحے میں سرفراز خان نےشاندار سنچری بناکر ٹیم میں اپنی جگہ کو درست ثابت کیا اور  ڈریسنگ روم کے ساتھ ساتھ پورا ملک  ان کی شاندارکارکردگی کا جشن منانے لگا ۔ سرفراز نے جب  اپنے بلے کوگھمایا اور اپنا ہیلمٹ ہٹا یا، اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری کے بعد میدان میں خوشی کی جذباتی لہر دوڑ گئی۔ بنگلورو کے شائقین کھڑے ہو گئے، ان کے ساتھیوں نے پویلین سے خوشی کا اظہار کیا اور آسمان ان کی جیت کا گواہ بنا۔ سرفراز کیلئے  یہ بے حد خاص لمحہ تھا۔  سرفراز کی نیوزی لینڈ کے خلاف سنیچر  کی سنچری نہ صرف ذاتی سنگ میل تھی بلکہ اس میچ میں ایک اہم موڑ بھی تھا جہاں ہندوستان۳۰۰؍سے زائد رن کی کمی کے ساتھ  بیک فٹ پر تھا۔  ہندوستان پیچھے رہ گیا تھا اور ٹیم کو اننگز کی ذمہ داری سنبھالنے کیلئے  کسی کی ضرورت تھی اس وقت ممبئی کے سرفرازخان نے ٹیم کیلئے بہت اہم اننگز کھیلی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK