ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۶؍وکٹ پر ۲۷۸؍رن بنالئے۔ پجارا اور شریس کی مفید نصف سنچری
EPAPER
Updated: December 15, 2022, 1:30 PM IST | Chattogram
ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۶؍وکٹ پر ۲۷۸؍رن بنالئے۔ پجارا اور شریس کی مفید نصف سنچری
چیتیشور پجارا(۹۰) اور شریس ایّر (ناٹ آؤٹ۸۲؍ رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن بدھ کو۶؍وکٹ پر ۲۷۸؍رن بنالئے۔ پجارا نے۲۰۳؍ گیندوں پر ۱۱؍ چوکوں کی مدد سے۹۰؍ رن بنائے جبکہ ایّر۱۶۹؍گیندوں پر۱۰؍ چوکوں کی مدد سے ۸۲؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان نے۱۱۲؍ رن پر ۴؍ وکٹ گنوائے تھے لیکن پجارا-ایّرکی جوڑی نے۱۴۹؍ رن کی شراکت کرکے ٹیم کو اچھے اسکور تک پہنچایا۔
بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے دن لنچ تک ٹیم انڈیا نے۳؍ وکٹ پر۸۵؍ رن بنا لئے تھے۔ لنچ کے بعد کے سیشن میں رشبھ پنت۴۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور ہندوستان کا چوتھا وکٹ گرا۔اس سے پہلے ٹیم انڈیا نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پہلا ایک گھنٹہ ٹیم انڈیا کے نام رہا۔ اس کے بعد ۳؍ وکٹ گر گئے اور بنگلہ دیش نے شاندار واپسی کی۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے شبھمن گل، کے ایل راہل نے اوپننگ کی۔ پہلے گھنٹے میں کے ایل راہل اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی نے اچھی بلے بازی کی لیکن ۷؍ رن کے وقفے میں ۳؍ وکٹ گرنے پر ٹیم انڈیا لڑکھڑا گئی۔ ہندوستان کا پہلی وکٹ۱۴؍ویں اوور کی دوسری گیند پر شبھمن گل کی صورت میں گرا۔ گل۲۰؍ رن کے ذاتی اسکور پر تیج الاسلام کی گیند پر یاسل علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ٹیم انڈیا کو دوسرا جھٹکا کپتان کے ایل راہل کی شکل میں لگا۔ وہ بھی اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے اور۲۲؍رن بنانے کے بعد خالد احمد کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ ٹیم انڈیا نے۴۵؍ رن پر دوسرا وکٹ صرف مزید۴؍ رن جوڑ کر گنوا دیا۔ اس کے بعد چتیشور پجارا اور وراٹ کوہلی ٹیم کو سنبھالنے کیلئے میدان میں آئے لیکن وراٹ کوہلی اپنے بلے سے کچھ خاص نہ کر سکے اور ایک رن پر تیج الاسلام کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ لنچ سے قبل ہندوستان نے ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر ۸۵؍ رن بنائے تھے۔ لنچ کے بعد رشبھ پنت کا وکٹ گر گیا، وہ۴۶؍ رن کے ذاتی اسکور پر مہدی حسن کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔ رشبھ اپنی نصف سنچری سے صرف ۴؍ رن دور تھے۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ ۱۱۲؍ رن پر گرا۔چتیشورا پجارا ۵؍وکٹ کی شکل میں ۲۶۱؍رن کے مجموعی اسکورپر آؤٹ ہوئے۔ اکشر پٹیل (۱۴) ٹیم انڈیا کا چھٹا وکٹ تھے۔