ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کیلئے ۱۵؍رکنی اسکواڈ کا اعلان۔ رہانے آئی پی ایل کے اس سیزن میں فارم میں ہیں
EPAPER
Updated: April 26, 2023, 1:29 PM IST | Mumbai
ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کیلئے ۱۵؍رکنی اسکواڈ کا اعلان۔ رہانے آئی پی ایل کے اس سیزن میں فارم میں ہیں
ہندوستان کے کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ۷؍جون سے آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کیلئے منگل کو اعلان کردہ۱۵؍ رکنی ٹیم میں بلے بازاجنکیا رہانے کو شامل کیا ہے۔
رہانے نے ہندوستان کےلئے آخری ٹیسٹ۱۱؍ جون۲۰۲۲ء کو جنوبی افریقہ میں کھیلا تھا، حالانکہ وہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے موجودہ سیزن میں شاندار فارم میں ہیں۔ اجنکیارہانے نے آئی پی ایل ۲۰۲۳ء میں اب تک ۵؍ میچوں میں۱۹۹ء۰۴؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۲۰۹؍ رن بنائے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل کیلئے منتخب کرنے پر غور کیا گیا۔خیال رہے کہ اجنکیارہانے کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کئے جانے کے بعد ہندوستانی ٹیم انتظامیہ نے شریس ایّر کو ان کی جگہ دی تھی لیکن ایّر کمر کی سرجری کی وجہ سے تقریباً ۶؍ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔ ہندوستان کی سرزمین پر اکتوبر-نومبر میں منعقد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ۲۰۲۳ء سے پہلے ایّر کے لئے ٹیم میں لوٹنا مشکل ہے۔
ایّر کی طرح ٹاپ تیزگیندباز جسپریت بمراہ کو بھی ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ بمراہ کی حال ہی میں نیوزی لینڈ میں کمر کی سرجری ہوئی ہے اور وہ فی الحال بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ری ہیب سے گزر رہے ہیں۔بمراہ کی غیر موجودگی میں محمد سمیع ہندوستانی تیزگیندبازی کی قیادت کریں گے۔ محمد سراج، امیش یادو اور جے دیو انادکٹ کو بھی فاسٹ بولر کے طور پر ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ شاردل ٹھاکر ڈبلیو ٹی سی فائنل کیلئے ہندوستان کے تیز گیند باز آل راؤنڈر ہیں، جب کہ روی چندرن اشون، رویندر جڈیجا اور اکشر پٹیل اسپن آل راؤنڈر ہیں۔
ہونہار وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی چوٹ ہندوستان کیلئے ایک اور بڑی پریشانی ہے۔ پنت، جن کا ہندوستان کیلئے اس ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں بہترین اوسط ہے، دسمبر۲۰۲۲ء میں ایک سڑک حادثے کے بعد پوری طرح فٹ نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے وہ ڈبلیو ٹی سی فائنل سے باہر ہو گئے۔سلیکٹرس نے کے ایس بھرت کو اسکواڈ میں وکٹ کیپر کے طور پر نامزد کیا ہے، تاہم، ان کی ناتجربہ کاری کی وجہ سے خطابی مقابلے میں کے ایل راہل کو وکٹ کیپر کا کردار ادا کرتے نظرآسکتے ہیں ۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ڈبلیو ٹی سی کا فائنل ۷؍ سے۱۱؍ جون تک لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان دوسری بار ڈبلیو ٹی سی فائنل کھیل رہا ہے جبکہ۲۰۲۱ء میں اسے ٹائٹل میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ڈبلیو ٹی سی فائنل کیلئے ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، چتیشور پجارا، وراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، کے ایل راہل، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجا، اکشر پٹیل، شاردل ٹھاکر، محمد سمیع، محمد سراج، امیش یادو، جے دیو انادکت۔