• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان کی خواتین ٹیم کی ونڈیز کیخلاف آل راؤنڈ کارکردگی

Updated: December 25, 2024, 12:14 PM IST | Agency | Vadodara

ہرلین دیول کی شاندار سنچری، راول، جمیما اور مندھانا کی ہاف سنچریاں۔ میزبان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ۱۱۵؍رنوں سے ہراکر سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔

Harleen Deol scored a century with a brilliant batting performance. Photo: INN
ہرلین دیول نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے یہاں کھیلے گئے دوسرے یکروزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ آسانی سے ۱۱۵؍ رنوں سے جیت لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان کی خواتین ٹیم نے ۳؍یکروزہ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو فتح کیلئے ۳۵۹؍رنوں کا نشانہ دیا تھا لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم ۴۶ء۲؍اوور میں ۲۴۳؍ رن بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ 
 فتح کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا آغاز خراب رہا۔ ٹیم کےلئے صرف افتتاحی بلے بازہیلی میتھیوز ہی رن بناسکیں۔ انہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۰۹؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۱۰۶؍ رن بنائے جس میں ۱۳؍چوکے شامل تھے۔ ان کے بعد سب سے زیادہ ۳۸؍رن شیمین کیمپبیل نے بنائے۔ بقیہ بلے باز کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل سکیں اور پوری ٹیم ۲۴۳؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ 
 ہندوستان کےلئے پریہ مشرا نے سب سے زیادہ ۳؍وکٹیں حاصل کیں جبکہ دیپتی شرما، تیتاس سادھو اورپراتیکا راول نے ۲۔ ۲؍وکٹیں حاصل کیں۔ رینوکا سنگھ کو ایک وکٹ ملا۔ 
 اس سے قبل ہرلین دیول (۱۱۵) کی سنچری، پرتیکا راول (۷۶)، اسمرتی مندھانا (۵۳) اور جمیما روڈریگس (۵۲) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے میچ میں منگل کو ون ڈے میں ۳۵۹؍ رنوں کا ہدف دیا تھا۔ 
  ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے آنے والی اسمرتی مندھانا اور پرتیکا راول کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کیلئے۱۱۰؍ رن جوڑے۔ یہ شراکت داری اس وقت ختم ہوئی جب ۱۷؍ویں اوور میں اسمرتی مندھانا رن آؤٹ ہو گئیں۔ مندھانا نے ۴۷؍گیندوں میں ۷؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگا کر ۵۳؍رن بنائے۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آنے والی ہرلین دیول نے پرتیکا راول کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بنائے۔ ۲۹؍ویں اوور میں جیڈا جیمز نے پرتیکا راول کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو دوسری کامیابی دلائی۔ پرتیکا راول نے ۸۶؍گیندوں میں ۱۰؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۷۶؍ رن بنائے۔ کپتان ہرمن پریت کور ۱۸؍گیندوں میں ۲۲؍ رن بنانے کے بعد تیسری وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئیں۔ ۴۸؍ویں اوور میں کیانا جوزف نے ہرلین دیول کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو چوتھی کامیابی دلائی۔ ہرلین دیول نے ۱۰۳؍گیندوں میں ۱۶؍چوکوں کی مدد سے ۱۱۵؍ رن بنائے۔ جمائمہ روڈریگز پانچویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئیں۔ انہوں نے ۳۶؍گیندوں میں ۶؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۵۲؍رن بنائے۔ ہندوستانی خواتین ٹیم نے مقررہ۵۰؍ اوور میں ۳۵۸؍رن بنائے۔ ریچا گھوش (۱۳) اور دیپتی شرما (۴) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ 
  ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈا جیمز، ڈینڈرا ڈوٹن، کیانا جوزف اور ایفی فلیچر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
مندھانا درجہ بندی میں پہلے مقام کے قریب
  ہندوستان کی تجربہ کار بلے باز اسمرتی مندھانا منگل کو جاری آئی سی سی ون ڈے اور ٹی۔ ۲۰؍ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ یکروزہ میں، وہ ۷۳۹؍ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ لارا وولورتھ (۷۷۳؍ ریٹنگ پوائنٹس) سے پیچھے ہیں۔ ٹی۔ ۲۰؍ میں، وہ ۷۳۵؍ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بیتھ مونی سے صرف ۴؍ ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔ مندھانا نے اس فارمیٹ میں گزشتہ ہفتے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی۔ ۲۰؍میچ میں ۴۱؍ گیندوں پر ۶۲؍رن اور۴۷؍گیندوں پر۷۷؍ کے اسکور کے ساتھ لگاتار۳؍ نصف سنچریاں بنائیں۔ اس کے بعد ۲۸؍سالہ کھلاڑی نے ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز کے ابتدائی میچ میں ۹۱؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی اور دوسرے یکروزہ میچ میں بھی ہاف سنچری بنائی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK