اے ایف سی چمپئن لیگ کے میچ میں النصر نے الوصل فٹبال کلب کو ۴؍گول سے روند دیا۔ الحسن اور الفطیل نے بھی ایک ایک گول کیا۔
EPAPER
Updated: February 05, 2025, 12:21 PM IST | Agency | Riyadh
اے ایف سی چمپئن لیگ کے میچ میں النصر نے الوصل فٹبال کلب کو ۴؍گول سے روند دیا۔ الحسن اور الفطیل نے بھی ایک ایک گول کیا۔
اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے النصر فٹبال کلب کی جانب سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کےفٹبال کلب الوصل کو ۰۔۴؍گول سے شکست دے کر اے ایف سی چمپئن لیگ ایلیٹ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ یقینی کرلی۔ رونالڈو نے شاندار ہیڈر سے گول کیا لیکن اس سے بھی بڑھ کر انہوں نے گول کرنے کے بعد اپنے نئے جشن کے ساتھ شہ سرخیوں میں جگہ بنائی۔ رونالڈو نے اپنے گول کی تعداد ۹۲۳؍ تک لے جانے کے بعد گول کا ایک نیا جشن متعارف کروایا ہے۔ اے ایف سی چمپئن لیگ کے ایلیٹ گروپ کے میچ میں رونالڈو کی ٹیم نے زبردست کارکردگی پیش کی۔
کرسٹیانورونالڈو نے۲؍ گول کئے
کرسٹیانو رونالڈو کے علاوہ علی الاحسن اور محمد الفطیل نے بھی میچ میں ایک ایک گول کیا۔ ۵؍ بار کے بیلون ڈی اور فاتح نے شاندار کارکردگی کے ساتھ رات کو یادگار بنا دیا۔ علی الاحسن کے افتتاحی گول کے بعد، پرتگالی اسٹار نے۴۴؍ویں منٹ میں اسپاٹ کک سے گول کیا اور پھر۷۸؍ویں منٹ میں لیپنگ ہیڈر کے ذریعے اپنے اسکور میں ایک اور اضافہ کیا۔
ریئل میڈرڈ اور مانچسٹر یونائٹیڈ کے سابق فٹبالر اپنے گولز کا جشن منانے کے لیے مشہور ہیں۔ تاہم اس بار انہوں نے مختلف انداز میں جشن منایا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں رونالڈو کو طیارے کو ٹیک آف کرنے کا اشارہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم اس کے بعد وہ اچانک طیارے کی کریش لینڈنگ دکھاتے ہیں ۔ ان کا یہ ویڈیو وائرل ہورہا ہے اور اسے بہت سے افراد سے لائک کررہے ہیں اور ان کے اس اسٹائل کو نقل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
رونالڈو کے بین الاقوامی گول
۳۹؍سالہ نوجوان کے دو گول سے ان کے بین الاقوامی گولس کی تعداد۹۲۳؍ ہوگئی ہے۔۲۰۲۶ ءمیں فیفا ورلڈ کپ کے قریب آنے کے بعد یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا رونالڈو فٹبال کے میدان پر اپنی فٹنیس برقرار رکھتے ہوئے متاثر کن پرفارمنس جاری رکھ پائیں گے۔
فٹبال کی تاریخ میں خود سے بہتر کسی کو نہیں دیکھا: کرسٹیانو رونالڈو
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ میں اب تک کا سب سے مکمل فٹبالر ہوں۔ اسپینش میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں ۳۹؍ سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ لوگ لیونل میسی، میراڈونا یا پیلے کو پسند کر سکتے ہیں، میں ان لوگوں کا احترام کرتا ہوں لیکن میں سب سے مکمل ہوں۔ کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ میں فٹبال کی تاریخ کا بہترین کھلاڑی ہوں، میں نے فٹبال کی تاریخ میں اپنے سے بہتر کسی کو نہیں دیکھا اور میں یہ اپنے دل سے سچ کہہ رہا ہوں۔ انٹرویو کے دوران کرسٹیانو رونالڈو نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے اور میسی کے درمیان گزشتہ ۱۵؍برس میں کبھی بھی خراب تعلقات نہیں رہے۔ کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ میرا میسی کے ساتھ کبھی برا تعلق نہیں رہا، ہم نے۱۵؍ سال کے دوران ایوارڈس شیئر کئے اور ہمیشہ اچھے طریقے سے کام کیا ہے۔ اسٹار فٹبالر نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میں میسی کیلئے انگریزی ترجمہ کرتا تھا اور یہ بہت مضحکہ خیز تھا۔ انہوں نے کہا کہ لیونل میسی نے اپنے کلب اور قومی ٹیم کا دفاع کیا اور میں نے اپنے کلب اور قومی ٹیم کا۔ ایک سوال کے جواب میں کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ فٹبال کے میدان میں اپنے سے بہتر کوئی نہیں دیکھا۔