Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

برائنٹ کوبی کے ساتھ ہی اس خاندان کا باسکٹ بال سے رشتہ بھی کٹ گیا

Updated: February 02, 2020, 3:58 PM IST | Abdul Kareem Qasam Ali | Mumbai

باسکٹ بال کھیل میں نیشنل باسکٹ بال اسوسی ایشن (این بی اے) سب سے زیادہ معروف اور دیکھا جانے والا ٹورنامنٹ ہے اور ہندوستان میں این بی اے کے شائقین بھی علی الصباح اٹھ کر اس کے میچ دیکھتے ہیں۔

کوبی برائنٹ اپنی بیٹی کے ہمراہ ۔ تصویر : آئی این این
کوبی برائنٹ اپنی بیٹی کے ہمراہ ۔ تصویر : آئی این این

باسکٹ بال کھیل میں نیشنل باسکٹ بال اسوسی ایشن (این بی اے) سب سے زیادہ معروف اور دیکھاجانے والا ٹورنامنٹ  ہے اور ہندوستان میں این بی اے کے شائقین بھی علی الصباح اٹھ کر اس کے میچ دیکھتے ہیں۔ جن کھلاڑیوں سے اس کھیل کی شناخت ہے ان میں سے ایک کھلاڑی کوبی برائنٹ ۲۶؍جنوری ۲۰۲۰ء کو ہیلی کاپٹرحادثے میں ہلاک ہو گئے۔ اس حادثے میں باسکٹ بال کا صرف ایک کھلاڑی یا لیجنڈ ہلاک نہیں ہوا تھا بلکہ ایک اور کھلاڑی بھی ہلاک ہوا تھا جس کا نام گیانا برائنٹ تھا۔ 
  ۴۱؍سالہ کوبی برائنٹ کی ۴؍بیٹیوں میں سے ۱۳؍سالہ گیانا برائنٹ کانمبردوسرا تھا اور جب کوبی برائنٹ کے ہیلی کاپٹر کا حادثہ پیش آیا اس وقت گیانا بھی اس میں سوار تھی۔ باسکٹ بال مقابلوں کے دوران بھی یہ دونوں باپ بیٹی ہمیشہ ایک ساتھ ہی نظر آتے تھے اور جب ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا  اس وقت بھی باسکٹ بال کے یہ دونوں کھلاڑی ایک ساتھ تھے۔ کوبی نہ صرف ایک لیجنڈ کھلاڑی تھے بلکہ وہ ایک اچھے کوچ بھی تھے جو اپنی بیٹی گیانا کی اسکول ٹیم کو کوچ کیا کرتے تھے۔ ۱۳؍سالہ گیانا کی ساتھی طالبات نے بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ کوبی،  گیانا میں خود کو دیکھتے تھے اور اسے اپنا وارث تصور کرتے تھے۔ اس سے قبل گیانا کی اسکول باسکٹ بال ٹیم کے ڈائریکٹرنے بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا۔ کوبی  برائنٹ بھی اپنے ٹویٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بیٹی کے باسکٹ بال پریکٹس کرتے ہوئے ویڈیوز اور فوٹوز شیئر کیا کرتے تھے۔ 
 ایک میچ کے دوران کوبی اوران کی اہلیہ وینیسیا برائنٹ سے کسی نے کہا تھا کہ کوبی کی کھیل وراثت کو آگے بڑھانے کیلئے برائنٹ جوڑے کو ایک بیٹے کی ضرورت ہے۔ اس وقت برائنٹ نے گیانا کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا ’’وہ لڑکوں کی طرح ہی لگتی ہے۔ وہ میری بیٹی نہیں بلکہ بیٹاہے۔‘‘ جب کوبی نے یہ جملہ کہا تھا تو اس وقت گیانا کی عمر ۱۲؍برس تھی۔ ان کے اس جملے سے ثابت ہوتاہے کہ وہ لڑکے اور لڑکیوں میں فرق نہیں کیا کرتے تھے اور گیانا کو ہمیشہ اپنے قریب رکھتے تھے اس لئے ان کی موت کے وقت بھی گیانا ان کے ساتھ ہی تھی۔  
 آنجہانی کوبی برائنٹ کے تعلق سے بہت کچھ لکھا جا چکا ہے کہ وہ کس طرح لیجنڈ بنے تھے۔ ۲۳؍ اگست ۱۹۷۸ء کو کوبی کی پیدائش فلاڈیلفیا(امریکہ) میں ہوئی تھی۔ان کے والد جوئے برائنٹ جو جیلی بین کے ساتھ نام شہرت رکھتےتھے، نے بھی باسکٹ بال کیلئے اپنی زندگی وقف کردی تھی۔ جاپان کے ایک ریستوراں میں جوئے اور ان کی اہلیہ کھانا کھانے گئے اور وہیں پر کوبی برائنٹ کا نام طے کیاگیا تھا۔ ریستوراں کے مینومیں ایک بیف ڈش کانام کوبی تھا اور یہ جوئے برائنٹ کوبہت پسند آئی جس  پر انہوں نے اپنے بیٹا کا نام رکھ دیاتھا۔ 
تین برس کی عمر ہی سے کوبی باسکٹ بال کھیل رہے تھے۔ان کے والدجب کھیل سے سبکدوش ہوئے تو وہ ریٹی ، اٹلی منتقل ہوگئے ، ان کے ساتھ کوبی بھی اٹلی آگئے اور انہوں نے یورپ میں باسکٹ بال کی ٹریننگ حاصل کرنی شروع کردی تھی، لاس اینجلس لیکرس ان کی فیوریٹ ٹیم تھی۔ اٹلی میں رہ کر انہو ںنے اطالوی زبان کے ساتھ ساتھ فٹبال کھیلنا بھی سیکھااور ان کی پسندیدہ ٹیم اے سی میلان تھی۔ جب ان کے والد دوبارہ امریکہ لوٹےتو کوبی بھی امریکہ آئے اور انہوں نے فلاڈیلفیا میں اسکول کی جانب سے باسکٹ بال سمر لیگ میں کھیلنا شروع کیا۔اسکول سطح پر ریکارڈ بنانے کے بعد ۱۹۹۶ ء میں انہیں اپنی پسندیدہ ٹیم لاس اینجلس لیکرس میں کھیلنے کا موقع ملا ۔ 
 کوبی، لیکرس میں ۲۰۱۶ء تک کھیلتے رہے اور اسی ٹیم سے کھیلتے ہوئے وہ ریٹائرڈبھی ہوئے۔لیکرس میں وہ شوٹنگ گارڈ کی پوزیشن پر کھیلا کرتے تھے اور جب شکیل اونیل نےلیکرس کو جوائن کیا تو اس وقت لیکرس کا طوطی بولنا شروع ہوگیا۔ کوبی اور شکیل کی جوڑ ی نے لیکرس کو کامیابی کی بلندی پرپہنچا دیا۔ جب انہوں نے کھیل سے سبکدوشی کا اعلان کیا تو سبھی نے بیک آواز یہی کہا تھاکہ باسکٹ بال کی تاریخ کے ایک بہترین کھلاڑی نے اپنے کریئر کا خاتمہ کردیا۔  ۲۰۱۶ء میں این بی اے کے تیسرے سب سے بڑے آل ٹائم اسکورر کے طور پر وہ ریٹائرڈ ہوئے تھے اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔ 
 کوبی نے اپنے والد جوئے کی وراثت کو آگے بڑھایاتھااور گیانا میں بھی وہی صلاحیت تھی جو کو بی میں تھی لیکن قسمت کوکچھ اور ہی منظور تھا۔کوبی کی طرح وہ بھی بچپن ہی سے باسکٹ بال کھیل رہی تھی اور اس کے پاس بھی دنیا کا بہترین کو چ تھا۔ گیانا اپنے والد کو اپنا مثالی مانتی تھی اور اس کے خون میں باسکٹ بال تھاکیونکہ اس کے دادا  بھی باسکٹ بال کھیلا کرتے تھے اور کوچ کی حیثیت سے وابستہ بھی رہے۔ گیاناکیلی فورنیا میں یوکون ڈبلیو این بی اے کی جانب سے کھیلا کرتے تھی۔ 
 گیانا کی پیدائش یکم مئی ۲۰۰۶ء میں ہوئی تھی اور اس نے یوکون کے ہسکی نامی کلب سے انڈر ۱۰؍ اور انڈر ۱۵؍ کے مقابلوں میں بھی شرکت کی تھی۔ حالانکہ گیانا نے اپنے والد کی ٹیم لیکرس کی جانب سے بھی مقابلوں میں شرکت کی تھی لیکن وہ دوستانہ مقابلے تھے۔ کوبی برائنٹ نے اپنی بیٹی کو باسکٹ بال کی اچھی تربیت دی تھی جو انہو ںنے اپنے والد سے حاصل کی تھی۔ کوبی کویہ بات معلوم تھی کہ گیاناباسکٹ بال کھیلنے میں دلچسپی رکھتی ہے اور انہو ںنے اپنی بیٹی کو بیٹے کی طرز پر تربیت دی تھی اور اسے باسکٹ بال کا ماہر بنایا تھا۔

basketball Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK