Inquilab Logo

رونالڈو کا ایک اورریکارڈ،سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے فٹبالر بنے

Updated: March 25, 2023, 1:29 PM IST | Lisbon

اپنی قومی ٹیم پرتگال کیلئے ۱۹۷؍واں میچ کھیل کر عالمی ریکارڈ بنایا۔ پرتگال نے یورو کوالیفائنگ مقابلہ ۰۔۴؍گول سے جیت لیا۔ کرسٹیانورونالڈو نے بھی ۲؍ گول کئے

photo;INN
تصویر :آئی این این

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو انٹرنیشنل میچوں میں ملک کی نمائندگی کرنے کا اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔۳۸؍ سالہ رونالڈو نے یورو۲۰۲۴ءکے کوالیفائنگ میچ میں لیچٹینسٹن کے خلاف پرتگال کی لائن اَپ میں شامل ہونے کے بعد۱۹۷؍ ویں مرتبہ انٹرنیشنل میچ میں ملک کی نمائندگی کی ہے۔
 رونالڈو نے۲۰۰۳ء میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا اور گزشتہ سال ۵؍ ورلڈکپ کھیلنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا تاہم قطر میں کھیلے جانے والے  اس ایونٹ کے سیمی فائنل میں ان کی ٹیم کو مراکش سے شکست برداشت کرنا پڑی تھی۔واضح رہے کہ رونالڈو سعودی فٹبال کلب النصر کی نمائندگی بھی کررہے ہیں تاہم ان دنوں نیشنل ڈیوٹی کے باعث چھٹیوں پر ہیں۔
 پرتگال کے رونالڈو پہلے ہی مردوں کے فٹبال میں سب سے زیادہ بین الاقوامی گول اسکور کرنے والے کھلاڑی ہیں اور اب انہوں نے سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔  اس سے قبل رونالڈو اور کویت کے بدر المتوا کے پاس۱۹۶؍ میچ کھیلنے کا مشترکہ ریکارڈ تھا۔ اس میچ میں رونالڈو نے دوسرے ہاف میں پنالٹی کو گول میں بدل کر اپنے مجموعی بین الاقوامی گولوں کی تعداد ۱۲۰؍گول  تک پہنچا دی۔پرتگال یہ میچ ۰۔۴؍ گول سے جیت لیا۔کرسٹیانو رونالڈ کا پرتگال کی جانب سے کھیلنا طے نہیں تھا کیونکہ ایسی افواہ تھی کہ نئے کوچ مارٹینیز انہیں ٹیم میں شامل نہیں کریں گے لیکن نئے کوچ  نے انہیں ٹیم میں شامل کیا  اور پلیئنگ الیون میں بھی موقع دیا۔  پرتگال اب لگژمبرگ، آئس لینڈ ، سلوواکیہ اور بوسنیا ہرزیگونیا کے خلاف کوالیفائنگ میچ کھیلے گا۔ 
  دوسری طرف ہیری کین انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کی اٹلی کے خلاف۱۔۲؍گول سے جیت کے دوران پہلے ہاف کی پنالٹی کو گول میں تبدیل کیا۔ بین الاقوامی سطح پر یہ ان کا۵۴؍ واں گول تھا جو وین رونی سے ایک زیادہ تھا۔ یوروکپ ۲۰۲۴ء ورلڈ کپ ختم ہونے کے ۳؍ ماہ بعد شروع ہونے والے کوالیفائنگ میچوں کے ساتھ جرمنی میں منعقد ہوں گے۔

لیونل میسی نے کریئر کا۸۰۰؍  واں گول کیا

لیونل میسی نے ارجنٹائنا اورپناما کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں اپنے کریئر کی ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی۔ میسی نے پناما کے خلاف۸۹؍ویں منٹ میں فری کک پر شاندار گول کر کے اپنے کریئر کا۸۰۰؍واں گول کیا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے صرف دوسرے فٹبالر ہیں۔ اس سے قبل پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو۸۰۰؍گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے تھے۔
 گزشتہ شب ارجنٹائنا نے دسمبر میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اپنے پہلے میچ میں جنوبی امریکی ٹیم پناما کو۰۔۲؍ سے شکست دی۔ فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۲ء جیتنے کے بعد ارجنٹائنا کی ٹیم پہلی بار میدان میں اتری تھی۔ یہ میچ بیونس آئرس کے دی مونومینٹل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں ارجنٹائنا نے پناما کو۰۔۲؍سے شکست دی۔ ارجنٹائنا کی ٹیم اس میچ میں فیفا ورلڈ کپ کے فاتح کھلاڑیوں کے ساتھ میدان پر اتری۔ یہ عالمی چمپئن ٹیم بھی اسی انداز میں کھیلی۔ فٹبال میں زیادہ تر ارجنٹائنا کا غلبہ رہا، ارجنٹائنا نے۲۶؍ مرتبہ گول کرنے کی کوشش کی جبکہ پناما کے پاس صرف ۲؍ مواقع تھے۔ ارجنٹائنا کی جانب سے پہلا گول تھیاگو المیڈا نے۷۸؍ویں منٹ میں کیا۔ صرف۱۱؍ منٹ بعد لیونل میسی نے فری کک سے گول کر کے اپنی ٹیم کو۰۔۲؍ کی برتری دلا دی اور ارجنٹائنا ۰۔۲؍ گول سے جیت گیا۔ارجنٹائنا کے کپتان نے ایک منٹ باقی رہ کر فری کک پرگول کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK