• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایشیز:آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں ۳۸۶؍رن پر آؤٹ

Updated: June 19, 2023, 5:51 PM IST | Birmingham

کنگارو بلے بازعثمان خواجہ ۱۵۰؍ رن بنانے سے محروم۔ ۱۴۱؍رن پر پویلین لوٹ گئے۔ میزبان انگلینڈ نے معمولی برتری حاصل کرلی

Usman Khawaja
عثمان خواجہ

 انگلینڈ نے اسٹورٹ براڈ (۶۸/۳) اور اولی رابنسن (۳/۵۵) کی شاندار گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا کو پہلے ایشیز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اتوار کو۳۸۶؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔پہلی اننگز میں۸؍وکٹ پر ۳۹۳؍ رن بنانے والے انگلینڈ نے بھی اس کے ساتھ ۷؍رن کی برتری حاصل کر لی۔ آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے سب سے زیادہ ۱۴۱؍ رن بنائے۔ انہوں نے اپنی۳۲۱؍ گیندوں کی اننگز میں۱۴؍ چوکے اور۳؍ چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ الیکس کیری نے۶۶؍رن بنائے جبکہ ٹریوس ہیڈ نے۵۰؍ رن بنائے۔ کیمرون گرین اور پیٹ کمنس نے۳۸۔۳۸؍ رن بنائے۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر نقصان کے ۲۶؍ رن بنالئے تھے کہ اسی وقت بارش نے دستک دی اور کھیل کو روک دینا پڑا۔ اس وقت انگلینڈ نے مجموعی طورپر ۳۳؍رن کی برتری حاصل کرلی تھی۔ عثمان خواجہ ۱۵۰؍رن بنانے سے محروم رہے۔ 
گرین نے ۱۰۰۰؍رن مکمل کئے 
 انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ایجبسٹن میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس ٹیسٹ میچ کا اتوار کو تیسرا دن ہے۔ آسٹریلیا کے اسٹار آل راؤنڈر کیمرون گرین نے میچ کے دوسرے روز ٹیسٹ کرکٹ میں۱۰۰۰؍ رن مکمل کرلئے۔آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں کیمرون گرین نے۳۸؍ رن کی اننگز کھیلی۔ اپنی اننگز میں انہوں نے ایک چھکا اور ۴؍ چوکے لگائے۔ معین علی نے انہیں کلین بولڈ کیا۔۲۰۲۰ء میں آغاز کرنےکے بعد سے گرین نے۲۲؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں اور۳۱؍ اننگز میں۳۶ء۰۷؍ کے اوسط سے۱۰۱۰؍ رن  بنائے ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں ایک سنچری اور۶؍نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔
 براڈ نے وارنر کو ۱۵؍ویں بار آؤٹ کیا
  انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کے دشمن نمبر ون بن گئے۔ ایک بار پھر اسٹورٹ براڈ نے ہی اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر کو پویلین کی راہ دکھائی، پہلے ایشیز ٹیسٹ میں وارنر صرف  ۹؍ رن پر آؤٹ ہوئے، ٹیسٹ کرکٹ میں۱۵؍ واں موقع ہے جب اسٹورٹ براڈ نے انہیں رخصت کیا۔سوشل میڈیا پر بھی آسٹریلوی اوپنر کا براڈ کا نشانہ بننے پر مذاق اڑایا جارہا ہے۔
اینڈرسن نے ۱۱۰۰؍فرسٹ کلاس وکٹ لئے
 انگلینڈ کے تیز گیندباز جیمس اینڈرسن نے۱۱۰۰؍ فرسٹ کلاس وکٹ حاصل کرلئے ہیں۔ انہوں نے ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ایلکس کیری کو آؤٹ کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔
 اتوا رکو انگلینڈ کے اسٹارگیندباز جیمس اینڈرسن نے ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی ۔ میچ کے تیسرے روز اینڈرسن نے ایلکس کیری اور عثمان خواجہ کی ۱۱۸؍ رن کی شراکت کو توڑدیا۔جیمس اینڈرسن نے ایلکس کیری کو آؤٹ کر کے اپنے ۱۱۰۰؍ویں فرسٹ کلاس وکٹ بھی مکمل کرلئے۔ اعدادوشمار کے مطابق اینڈرسن نے کیری کے خلاف۷۳؍ فیصد گیندیں اسٹمپ کے آس پاس کی تھیں۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ہیں۔ انہوں نے۶۸۶؍ وکٹ لئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK