• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان کی مسلسل دوسری فتح، امارات کو زیر کیا

Updated: July 22, 2024, 11:38 AM IST | Dambulla

ہندوستان کی خواتین ٹیم نے ٹی ۲۰؍ ایشیا کپ میں حریف ٹیم کو ۷۸؍رن سے شکست دےدی۔ پلیئر آف دی میچ رچاگھوش کی تیز نصف سنچری۔

Indian team celebrating after taking the wicket of a UAE player. Photo: PTI.
یو اے ای کی کھلاڑی کا وکٹ لینے کے بعد ہندوستانی ٹیم جشن مناتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

کپتان ہرمن پریت کور (۶۶؍رن ) اور رِچا گھوش (۶۴؍رن) کی ناٹ آؤٹ اننگز اور پھر گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے خواتین ایشیا کپ کے ۵؍ویں میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو اتوار کو۷۸؍رن سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ 
متحدہ عرب امارات کی ٹیم۲۰۲؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں ۷؍ وکٹ کے نقصان پر صرف۱۲۳؍رن ہی بنا سکی اور۷۸؍ رن سے میچ ہار گئی۔ یو اے ای کیلئے کاویشا اگوڈیگے نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍ وکٹ حاصل کئے اور۳۲؍ گیندوں پر۴۰؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز بھی کھیلی۔ اس کے علاوہ کپتان ایشا اوجھا نے ۳۶؍ گیندوں پر۳۸؍ رن بنائے۔ خوشی شرما۱۰؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ۵؍ بلے باز دُہرے عدد میں بھی نہ پہنچ سکے۔ ہندوستان کی جانب سے دپتی شرما نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ رینوکا سنگھ، تنوجا کنور، پوجا وستراکر اور رادھا یادو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
 اتوار کو ہندوستانی ٹیم نے یو اے ای کو جیت کے لئے ۲۰۲؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ متحدہ عرب امارات کی کپتان ایشا اوجھا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ بلے بازی کے لئے آنے والی شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی جوڑی نے تیز شروعات کی۔ تیسرے اوور میں کاویشا اگوڈیگے نے اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کرکے ٹیم انڈیا کو پہلا جھٹکا دیا۔ مندھانا نے ۹؍ گیندوں پر ۱۳؍ رن بنائے۔ پانچویں اوور میں شیفالی ورما ۱۸؍ گیندوں پر۳۷؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد کپتان ہرمن پریت کور نے اننگز کو سنبھال لیا۔ دیلان ہیملتا ۲ ؍ اور جیمائمہ روڈریگیز۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ہرمن پریت کور اور رِچا گھوش نے۷۵؍ رن کی شاندار شراکت کی اور ٹیم کے اسکور کو ۲۰۰؍ رن کے قریب پہنچا دیا۔ ہرمن پریت کور۲۰؍ویں اوور میں رن آؤٹ ہو گئیں۔ انہوں نے۴۷؍ گیندوں پر۷؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۶۶؍ رن بنائے۔ ہرمن پریت کے ٹی ۲۰؍ کریئر کی یہ۱۲؍ویں نصف سنچری ہے۔ انہوں نے اپنا پہلا ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچ یو اے ای کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلا تھا اور اس میچ میں ہی نصف سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹی ۲۰؍ میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ ۳۴۱۵؍رن بنانے والی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ رِچا گھوش نے ۲۹؍ گیندوں پر۶۴؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جس میں ۱۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ یہ رچا کے بین الاقوامی کریئر میں پہلی نصف سنچری ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۵؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۰۱؍ رن کا بڑا اسکور بنایا تھا۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے کاویشا اگوڈیگے نے ۲؍ وکٹ لئے۔ سمیرا دھرنیدھرکا اور حنا ہوچندنی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ مسلسل دو کامیابی کے بعد اس کا سیمی فائنل میں پہنچنا تقریباً طے ہوگیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی کھلاڑی اچھا کھیل رہے ہیں کیونکہ انہیں اکتوبر میں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں کھیلنا ہے اور ٹرافی پر قبضہ کرنا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK