مہدی حسن ۱۱۲؍رن بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔نجم الحسین شانتو نے بھی ۱۰۴؍رن کا تعاون دیا۔ بنگلہ دیش نے ۵؍وکٹ پر ۳۳۴؍رن بنائے۔
EPAPER
Updated: September 04, 2023, 12:24 PM IST | Agency | Lahore
مہدی حسن ۱۱۲؍رن بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔نجم الحسین شانتو نے بھی ۱۰۴؍رن کا تعاون دیا۔ بنگلہ دیش نے ۵؍وکٹ پر ۳۳۴؍رن بنائے۔
مہدی حسن معراج (۱۱۲؍ رن) اور نجم الحسین شانتو (۱۰۴؍رن) کی شاندار سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش نے اتوار کو ایشیا کپ کے گروپ بی کے کرو یا مرو کے میچ میں افغانستان کو ۳۳۵؍ رن کا ہدف دیا۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور معراج نے محمد نعیم کے ساتھ مل کر پہلے ہی اوور میں برتری حاصل کی۔ معراج اور نعیم نے پہلے وکٹ کے لئے ۱۰؍ اوورس میں ۶۰؍ رن بنائے تاہم افغانستان نے میچ میں ۴؍ گیندوں کے اندر ۲؍ وکٹ لے کر میچ میں واپسی کی۔ مجیب الرحمان نے نعیم (۳۲؍ گیندوں پر۲۸؍ رن) کو آؤٹ کر کے شراکت کو توڑا جبکہ گلبدین نائب نے توحید ہردئے کو صفر رن پر پویلین بھیج دیا۔
نعیم اور ہردئے کے وکٹ تاہم بنگلہ دیش کو بیک فٹ پر نہ ڈال سکیں ۔ اس کے بعد معراج اور شانتو نے اپنی سنچریاں مکمل کیں اور۱۹۵؍ رن کی زبردست شراکت کی۔ معراج ۱۱۹؍گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۱۱۲؍ رن بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، جبکہ شانتو نے۴۵؍ ویں اوور میں رن آؤٹ ہونے سے قبل۱۰۵؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ۱۰۴؍ رن بنائے۔
مشفق الرحیم (۱۵؍گیندوں پر ۲۵؍رن ) اور شکیب الحسن (۱۸؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۲؍ رن) نے جارحانہ بلے بازی سے بنگلہ دیشی اننگز کا مضبوط خاتمہ کیا۔ شمیم حسین نے ۶؍ گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے ۱۱؍ رن بنائے۔افغانستان کی جانب سے مجیب نے۱۰؍ اوورس میں ۶۲؍ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا جبکہ نائب نے ۸؍ اوورس میں ۵۸؍ رن دے کر کامیابی حاصل کی۔ فضل الحق فاروقی افغان ٹیم کے مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے، انہوں نے ۶؍ اوورس میں ۵۳؍ رن دئیے۔