ہاکی ٹورنامنٹ میں آج ہندوستان کا ملائیشیا سے مقابلہ۔ دفاعی چمپئن نے پہلے ہی ۲؍ میچ جیتے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 11, 2024, 3:06 PM IST | Agency | Malaysia
ہاکی ٹورنامنٹ میں آج ہندوستان کا ملائیشیا سے مقابلہ۔ دفاعی چمپئن نے پہلے ہی ۲؍ میچ جیتے ہیں۔
پہلے ۲؍ میچوں میں فتح سے حوصلہ افزادفاعی چمپئن ہندوستانی ٹیم بدھ کو یہاں چمپئن ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں ملائیشیا کے خلاف میچ میں اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پیرس اولمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا لیکن فیلڈ گول نہ کر پانا ان کیلئے پریشانی کا باعث تھا۔ ہندوستان نے مقابلے میں ۱۵؍ گول کئے تھے لیکن ان میں صرف ۳؍ فیلڈ گول شامل تھے تاہم موجودہ ٹورنامنٹ میں ان کے نوجوان اسٹرائیکرس نے ان کی پریشانیوں کو کسی حد تک کم کیا ہے۔
اولمپکس کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے گول کیپر پی آر سریجیش نے بھی اس شعبے میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھاکہ ’’ `اگر ہمیں ہندوستانی ہاکی ٹیم کو اگلے درجے تک لے جانا ہے اور اولمپکس میں لگاتار تمغے جیتنا ہیں تو زیادہ فیلڈ گول کرنے ہوں گے کیونکہ ہمارے دفاع کی بھی اپنی حدود ہیں۔ ہندوستانی دفاع بہتر ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے اولمپکس میں مسلسل دوسرا کانسہ کا تمغہ جیتنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور اب تک ایشین چمپئن ٹرافی میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ہندوستان نے پہلے میچ میں میزبان چین کو ۰۔۳؍گول سے شکست دے کر اپنے خطاب کی دفاعی مہم کا شاندار آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اپنے اگلے میچ میں جاپان کو ۱۔۵؍گول سے شکست دی۔ ہندوستان نے اب تک جو ۸؍ گول اسکور کئے ہیں ان میں سے ۷؍ فیلڈ گول شامل ہیں جبکہ نوجوان ڈریگ فلکر سنجے نے جاپان کے خلاف پنالٹی کارنر کوگول میں تبدیل کیا۔ پیرس اولمپکس میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہنے والے نوجوان اسٹرائیکر سکھجیت سنگھ اب تک ۳؍ فیلڈ گول کر چکے ہیں جب کہ ابھیشیک اور اتم سنگھ نے ۲۔۲؍ فیلڈ گول کئے ہیں۔
موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کی مضبوط دعویدار ہے۔ وہ اس سے قبل ۴؍ مرتبہ چمپئن رہ چکی ہے۔ دوسری جانب ملائیشیا کی کارکردگی اب تک اچھی نہیں رہی۔ اسے ایک میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ دوسرے میچ میں ڈرا کھیلا۔ تاہم، ہندوستان نے ایک نیا اولمپک سائیکل شروع کیا ہے اور ایسی صورتحال میں وہ کسی بھی ٹیم کو کمتر سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گا۔