• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایشین گیمز:لولینا نے ہندوستانیوں کا دل جیتا، پریتی بھی سیمی فائنل میں

Updated: October 01, 2023, 12:30 PM IST | Agency | Hangzhou

لولینا نے سنیچر کو کوارٹر فائنل میں کوریا کی سویون سیونگ کو متفقہ فیصلے (۰۔۵) سے شکست دی۔پریتی پوار نے زینا شیکیربیکووا کومات دی۔

Preeti Pawar (in blue jersey) is seen with her team. Photo. INN
پریتی پوار (نیلی جرسی میں ) اپنی ٹیم کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔ تصویر:آئی این این

ٹوکیو اولمپک کی کانسہ کا تمغہ فاتح اور موجودہ عالمی چمپئن لولینا بورگوہین نے ایشین گیمز کے باکسنگ میں خواتین کے۷۵؍ کلوگرام سیمی فائنل میں جگہ بنا کر ہندوستان کیلئے ایک تمغہ یقینی بنا لیا۔
 ہندوستانی مکے بازلولینا نے سنیچر کو کوارٹر فائنل میں کوریا کی سویون سیونگ کو متفقہ فیصلے (۰۔۵) سے شکست دی اور آخری ۴؍ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ ہندوستانی باکسر نے مقابلے کے آغاز سے ہی حریف باکسر پر دباؤ برقرار رکھا اور اپنے فٹ ورک کا بہترین استعمال کرتے ہوئے رائٹ ہینڈ جیب کا بخوبی استعمال کیا اور اس مقابلے کو اپنے نام کرلیا۔
 ایک اور میچ میں ہندوستانی مکے باز پریتی پوار نے خواتین کے۵۴؍ کلوگرام کوارٹر فائنل میں قزاخستان کی زینا شیکیربیکووا کو۱۔۴؍ سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ اس کے ساتھ ہی پریتی پوار نے ہندوستان کیلئے اگلے سال ہونے والے پیرس ۲۰۲۴ء اولمپک کوٹہ بھی حاصل کیا۔
واضح رہے کہ نیشنل اولمپک کمیٹی کے پاس اولمپک کھیلوں میں اپنے متعلقہ ممالک کی نمائندگی کرنے کا خصوصی حق حاصل ہے۔ پیرس گیمز میں ایتھلیٹس کی شرکت ان کے این اوسی پر منحصر ہے، جو انہیں پیرس۲۰۲۴ء میں اپنے وفد کی نمائندگی کرنے کیلئے منتخب کرتی ہے۔
لولینا بورگوہین ۷۵؍ کلوگرام میں مقابلہ کر رہی ہیں ، اس لئے انہیں پیرس۲۰۲۴ء کا کوٹہ حاصل کرنے کیلئے اب بھی ایک اور مقابلہ جیتنے کی ضرورت ہے۔ پریتی پوار کو قزاخستان حریف کے خلاف سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی مکے باز نے ابتدائی راؤنڈ میں معمولی فرق سے کامیابی حاصل کی، لیکن زینا شیکیربیکووا نے دوسرے راؤنڈ میں شاندار واپسی کی۔ تیسرے راؤنڈ میں دونوں باکسر آگے بڑھ رہے تھے، لیکن اس دوران پریتی نے اس میچ کو اپنے نام کرنے کے لئے کئی بہترین پنچ جڑے۔
 دن کے دیگرمقابلے میں ہندوستان کے سچن سیواچ کو کویت کے ترکی ابوکوتھیلا سے واک اوور ملا اور انہوں نے مردوں کے۵۷؍ کلوگرام کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ نریندر بیروال نے مردوں کے۹۲؍پلس کلوگرام زمرے میں ایران کے ایمان رمضان پور دلاور کو متفقہ فیصلہ (۰۔۵) سے شکست دے کرہندوستان کیلئے تمغہ یقینی بنایا۔
 لولینا بورگوہین اور پریتی پوار اپنا سیمی فائنل میچ ۳؍ اکتوبر کو کھیلیں گی جہاں بورگوہین کا مقابلہ تھائی لینڈ کے بائسن مانیکون سے ہوگا، وہیں پوار طلائی تمغہ کے مقابلے میں جگہ بنانے کیلئے چین کے چانگ یوان سے مقابلہ کریں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK