• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

تھائی لینڈ اوپن میں کرن نے الٹ پھیر کیا، پی وی سندھو اور سری کانت کو شکست ملی

Updated: June 01, 2023, 12:06 PM IST | Bangkok

ہندوستانی شٹلر کرن جارج نے پہلے مرحلے میں چین کے کھلاڑی ژی یو کیو کو شکست دے دی

photo;INN
تصویر :آئی این این

  نوجوان ہندوستانی شٹلر کرن جارج نے الٹ پھیر کرتے ہوئے تھائی لینڈ اوپن۲۰۲۳ء کے پہلے مرحلے میں چین کے ژی یو کیو کو شکست دے دی جبکہ ٹاپ شٹلر پی وی سندھو ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔
عالمی نمبر ۵۹؍رینکنگ کرن نے صرف۴۷؍ منٹ تک جاری رہنے والے مردوں کے سنگلز مقابلے میں عالمی نمبر ۹؍ یو کیوئ کو۱۸۔۲۱، ۲۰۔۲۲؍ سے شکست دی۔
  پہلی بار سابق عالمی چمپئن شپ کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے یو کیو کا سامنا کر نے والے کرن نے میچ کی سست شروعات کی۔ کرن نے اپنے   فارم کو  تلاش کرنے میں وقت لیا لیکن پہلے گیم میں پیچھے رہنے کے بعد شاندار مقابلہ کیااور اسکور کو ۱۶۔۱۶؍ پر برابر کرلیا۔ چینی شٹلر نے برتری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن کرن پہلا گیم ۱۸۔۲۱؍سے جیتنے میں کامیاب رہے۔
 کرن نے ۶؍ پوائنٹس کی تیز برتری حاصل کرنے کے لئے دوسرے گیم میں ایک مضبوط آغاز کیا، حالانکہ یو کیو نے جلد ہی ان کی برتری ختم کردی اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے کی ٹکر دیکھنے کو ملی۔ وقفے پر کرن ۱۰۔۱۱؍سے آگے تھے لیکن وقفے کے بعد چینی شٹلر نے اپنے تجربے کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں دباؤ میں رکھا۔
 یو کیو ۱۷۔۲۰؍ کی برتری حاصل کرنے کے بعد میچ کو فیصلہ کن گیم میں لے جا سکتے تھے لیکن کرن نے ایسا نہیں ہونے دیا اورمسلسل ۵؍ پوائنٹس اسکور کرتے ہوئے الٹ پھیر کیا۔ دوسری طرف دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی سندھو کو پہلے مرحلے میں کینیڈا کی مشیل لی سے۸۔۲۱، ۲۱۔۱۸ ،۱۸۔۲۱؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 اس میچ سے پہلے پی وی سندھو کا مشیل کے خلاف ۹؍ میچوں میں۱۰۰؍ فیصد جیت کا ریکارڈ تھا۔ پہلا گیم بری طرح سے ہارنے کے بعد سندھو نے دوسرے گیم میں اچھا  مقابلہ  کرتے ہوئے میچ کو فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔ آخری گیم میں بھی سندھو۵۔۱۲؍سے پیچھے تھیں لیکن انہوں نے مسلسل ۱۰؍ پوائنٹس سے۱۲۔۱۵؍ کی برتری حاصل کی۔ ہندوستانی شٹلر فتح کی طرف گامزن تھیں لیکن مشیل نے اپنا حوصلہ برقرار رکھا اور دوسرے مرحلے میں داخل ہونے کیلئے۱۸۔۲۱؍ سے گیم جیت لیا۔اس کے میچ کے بعد ہندوستانی شٹلر نے کہاکہ مشیل نے بہت اچھا بیڈمنٹن کھیلا اور میں ان کے سامنے زیادہ مقابلہ نہیں کرسکی۔ مجھے پہلے راؤنڈ میں باہر ہونے پر خراب محسوس ہورہا ہے لیکن میں اگلے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل کر ٹرافی جیتنے کی کوشش کروں گی۔ انہوںنے مزید کہاکہ میں چاہتی  ہوں کہ میں اپنی خامیوں پر دوبارہ کام کروں  اور انہیں بہتر کرتے ہوئے اگلے ٹورنامنٹ میں شرکت کروں۔ 
 دریں اثنا نوجوان ٹیلنٹ لکشیا سین، سائنا نہوال اور اشمیتا چلیہ نے اپنے اپنے سنگلز میچ جیت کر دوسرے مرحلے میں قدم رکھا جبکہ ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی مردوں کی ڈبلز جوڑی نے بھی اپنی مہم کا زبردست آغاز کیا۔
 لکشیا نے چائنیز تائپے کے وان زو وی کیخلاف ۲۳۔۲۱، ۱۵۔۲۱، ۱۵۔۲۱؍  سے کامیابی حاصل کی۔ لندن اولمپک میڈلسٹ سائنا نے کینیڈا کی وین یو ژانگ کو۱۳۔۲۱، ۷۔۲۱؍سے شکست دے دی۔ اشمیتا نے ہم وطن مالویکا بنسوڈ کو۱۷۔۲۱، ۱۴۔۲۱؍ سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کرلیا۔تجربہ کار ہندوستانی شٹلرز کدامبی سری کانت، پریانشو راجاوت اور سمیر ورما کو بھی ابتدائی راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کدامبی سری کانت کو چین کے وینگ ہونگ یانگ نے۸۔۲۱، ۲۱۔۱۶، ۱۴۔۲۱؍ سے شکست دے دی۔ اورلینس ماسٹرس چمپئن پریانشو کو ملائیشیا کے این جی زی یونگ سے۱۹۔۲۱، ۱۰۔۲۱؍ سے شکست ہوئی۔ سمیر کو ڈنمارک کے میگنس جانسن سے ۱۵۔۲۱، ۱۵۔۲۱؍کے اسکور سے شکست ہوئی۔ 

bangkok Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK