جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دے کر ڈبلیو ٹی سی کے ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی اور چمپئن شپ کے فائنل میں بھی جگہ بنالی۔
EPAPER
Updated: December 10, 2024, 11:34 AM IST | Agency | Dubai
جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دے کر ڈبلیو ٹی سی کے ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی اور چمپئن شپ کے فائنل میں بھی جگہ بنالی۔
اگلے سال انگلینڈ کے لارڈس میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے لیے ایک ٹیم کی جگہ تقریباً یقینی ہو گئی ہے۔ پیر کو جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں ۱۰۹؍رن سے شکست دے کر نہ صرف سیریز پر قبضہ کر لیا بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے اس سائیکل میں سب سے زیادہ جیتنے والی ٹیم بھی بن گئی جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو پہلی پوزیشن سے پیچھے چھوڑ کر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے۔
فائنل کی دوڑ میں شامل ہندوستانیٹیم کو بھی دھچکا لگا ہے۔ اب باقی ایک جگہ کے لیے سری لنکا، آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ سری لنکا کو آسٹریلیا کے ساتھ۲؍ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے اور آسٹریلیا کو ہندوستان کے ساتھ مزید ۳؍ میچ کھیلنے ہیں۔ آسٹریلیا کے پاس سب سے زیادہ میچ باقی ہیں اور وہ فائنل کی دوڑ میں ہے۔ آسٹریلیا کو مزید۵؍ میچ کھیلنے ہیں لیکن اگر وہ ہندوستان کے خلاف تینوں میچ ہار جاتا ہے تو وہ فائنل سے باہر ہو جائے گا تاہم اگر وہ ہندوستان کے خلاف بھی میچ جیت کر سری لنکا کو۱۔۲؍ سے ہرا دیتے ہیں تو سری لنکا اور ہندوستان کی ٹیمیں باہر ہو جائیں گی اور آسٹریلیا فائنل میں پہنچ جائے گا۔
جنوبی افریقہ کی جیت سے ہندوستانی ٹیم کو بڑا نقصان ہوا ہے۔ بقیہ۳؍ مقامات پر آسٹریلیا پہلے ہی برتری رکھتا تھا اور اب جب جنوبی افریقہ کی ایک جگہ تقریباً یقینی ہے، ہندوستانی ٹیم کے لیے ایک شکست ان کے خواب چکنا چور کرنے کے لیے کافی ہے۔ ٹیم انڈیا کے پاس فائنل میں پہنچنے کا ایک ہی راستہ ہے، روہت اینڈ کمپنی کو کسی بھی قیمت پر باقی ۳؍ میچ جیتنے ہوں گے۔
جنوبی افریقہ کی سری لنکا پر ۱۰۹؍رن سے فتح
جنوبی افریقہ نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے آخری دن پیر کو سری لنکا کو۱۰۹؍رن سے شکست دے کر سیریز ۰۔۲؍ سے جیت لی۔ سری لنکا کو فتح کیلئے ۳۴۸؍ رن کا تعاقب کرتے ہوئے میچ کے پانچویں دن جیت کے لیے ۱۴۳؍ رن درکار تھے اور اس کے ۵؍ وکٹ باقی تھے۔
کپتان دھننجے ڈی سلوا (۵۰؍رن) اور کوسل مینڈس (۴۶؍رن) کی چھٹے وکٹ کے لیے۹۷؍ رن کی شراکت ٹوٹنے کے بعد جنوبی افریقہ نے کوئی وقت ضائع کیے بغیر نچلی ترتیب کے بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا کی دوسری اننگز۲۳۸؍رن پر سمٹ گئی۔ لیفٹ آرم اسپنر کیشو مہاراج نے۷۶؍رن دے کر ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں۱۱؍ویں مرتبہ ۵؍ وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں۳۵۸؍ رن بنانے کے بعد سری لنکا کو۳۲۸؍ رن پر آؤٹ کر دیا تھا۔