• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آسٹریلیا نے سری لنکا کو ۶؍ وکٹوں سے شکست دی

Updated: October 05, 2024, 9:20 PM IST | Sharjah

میگن اور بیتھ مونی کی بدولت ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے آسانی سے میچ جیت لیا

Austrlian Women Team.Photo:INN
ٓآسٹریلین کی ویمنزٹیم۔ (تصویر:آئی این این)

 میگن شوٹ (۳؍ وکٹ) اور پھر بیتھ مونی (ناٹ آؤٹ۴۳؍رن) کی شانداراننگز کی بدولت آسٹریلیا نے سنیچر کو خواتین کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں سری لنکا کو شکست دے دی۔میگن شوٹ کو ان کی عمدہ گیندبازی کیلئے  پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔
۹۴؍ رن کے چھوٹے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی۔ اودیشیکا پربودھنی نے پہلے ہی اوور میں آسٹریلوی کپتان ایلیسا ہیلی (۴؍رن) کو بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد تیسرے اوور میں جارجیا ویرہم (۳؍رن) رن آؤٹ ہو گئیں۔ اس دوران بیتھ مونی ایک سرے پر کھڑی رہیں اور تیز رفتاری سے رن بناتی رہیں۔ انہوں نے ایلیس پیری کے ساتھ چوتھے وکٹ کیلئے ۴۳؍ رن جوڑے۔ پیری (۱۷؍رن) کو سوگندھیکا کماری نے بولڈ آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ ایشلے گارڈنر (۱۲؍رن) کو انوکا راناویرا نے آؤٹ کیا۔ بیتھ مونی نے۳۸؍ گیندوں پر۴؍ چوکے لگاتے ہوئے  ناٹ آؤٹ۴۳؍رن کی اننگز کھیلی ۔ فوبی لیچ فیلڈ  ۹؍رن  بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ آسٹریلیا نے ۱۴ء۲؍ اوور میں ۴؍ وکٹ پر۹۴؍ رن بنائے اور میچ ۶؍ وکٹ سے جیت لیا۔  
اس سے قبل سنیچر کو سری لنکا کی کپتان چماری اٹاپٹو نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے  اتری سری لنکا کا آغاز انتہائی خراب رہا اوراس نے۲۵؍رن کے اسکور پر اپنے ۳؍ وکٹ گنوادیئے۔ وشمی گنارتنے (صفر)، کپتان چماری اٹاپٹو (۳) اور کاویشا دلہاری  ۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ تاہم اس  دوران ہرشیتا سماراویکرما ایک سرے پر ڈٹی رہیں۔ ۱۳؍ویں اوور میں سوفی مولینیو نے ہرشیتا کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ ہرشیتا نے ۳۵؍گیندوں پر۲۳؍ رن بنائے  جب کہ ہسنی پریرا (۲؍رن) جارجیا ویرہم کا شکار بنیں۔ نیلاکشی ڈی سلوا نے سری لنکا کی جانب سے   ناٹ آؤٹ۲۹؍ رن کی اننگز کھیلی۔ انوشی پریہ درشنی ۲؍ رن  بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ سری لنکا کا کوئی بھی بلے باز آسٹریلوی بولنگ کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکا۔ سری لنکا کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹوں پر صرف ۹۳؍رن بنا سکی۔آسٹریلیا کی جانب سے میگن شوٹ  نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK