Updated: December 16, 2023, 9:44 PM IST
| Perth
سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سنیچر کو آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں۲؍ وکٹ کے نقصان پر۸۴؍ رن بنا کر۳۰۰؍ رن کی برتری حاصل کرلی۔ سنیچر کوتیسرے دن کے اختتام پر آسٹریلوی بلے باز اسٹیون اسمتھ ۴۳؍ اور عثمان خواجہ۳۴؍ رن پر ناٹ آؤٹ ہیں
پیٹ کمنس۔ (تصویر:پی ٹی آئی)
سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سنیچر کو آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں۲؍ وکٹ کے نقصان پر۸۴؍ رن بنا کر۳۰۰؍ رن کی برتری حاصل کرلی۔ سنیچر کوتیسرے دن کے اختتام پر آسٹریلوی بلے باز اسٹیون اسمتھ ۴۳؍ اور عثمان خواجہ۳۴؍ رن پر ناٹ آؤٹ ہیں۔پاکستان ٹیم کو آؤٹ کرنے کے بعد آسٹریلیا نے ۲۱۶؍ رن کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ دوسری اننگز کے دوسرے ہی اوور میں خرم شہزاد نے ڈیوڈ وارنر کو صفر پر آؤٹ کردیا۔ آسٹریلیا کا دوسرا وکٹ ۵؍رن پر خرم شہزاد نے ہی حاصل کیا، انہوں نے مارنس لبوشین کو۲؍رن پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا کے۴۸۷؍ رن کے جواب میں۲۷۱؍ رن پر سمٹ گئی جس سے آسٹریلیا کو۲۱۶؍ رن کی برتری مل گئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے امام الحق۶۲، عبداللہ شفیق۴۲، کپتان شان مسعود۳۰، بابر اعظم ۲۱، خرم شہزاد۷، سرفراز احمد ۳؍رن بنا سکے۔ ۲؍ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں میزبان کپتان پیٹ کمنس نے مہمان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا، محض ایک رن اضافے کے بعد خرم شہزاد اپنا وکٹ گنوا بیٹھے، کریز پر موجود امام الحق کا ساتھ دینے بابر اعظم میدان میں اترے۔ دونوں نے مل کر اسکور کو۱۸۱؍رن تک پہنچایا، تاہم بابر اعظم ۲۱؍ رن پر ہمت ہار بیٹھے اور مشیل مارش کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کی جانب سے میچ میں واحد نصف سنچری بنانے والے دائیں ہاتھ کے بلےباز امام الحق بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، وہ ۱۹۱؍ گیندوں پر۶۲؍ رن بنا سکے، اس موقع پر۱۹۲؍ رن پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اس کے بعد آنے والے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو مشیل اسٹارک نے اندر آتی ایک خوبصورت گیند پر آؤٹ کیا، وہ صرف ۳؍ رن بنا سکے۔ پاکستان نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر۲؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۳۲؍ رن بنائے تھے، اس سے قبل میزبان ٹیم آسٹریلیا۴۸۷؍ رن بناکر آوٹ ہوگئی تھی۔