• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آسٹریلیا کی خواتینٹیم نے انگلینڈ کو ۴؍ وکٹوں سے دی شکست

Updated: January 13, 2025, 11:31 AM IST | Sydney

ایشلے گارڈنر کی آل راؤنڈ کارکردگی (۳؍ وکٹ/۴۲؍ ناٹ آؤٹ رن) اور کپتان ایلیسا ہیلی (۷۰) کی شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا کی خاتون ٹیم نے اتوار کو پہلے یکروزہ میچ میں انگلینڈ کو ۴؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔

Ashley Gardner showed an all-round performance. Photo: INN.
ایشلے گارڈنر نے آل راؤنڈ کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ تصویر: آئی این این۔

ایشلے گارڈنر کی آل راؤنڈ کارکردگی (۳؍ وکٹ/۴۲؍ ناٹ آؤٹ رن) اور کپتان ایلیسا ہیلی (۷۰) کی شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا کی خاتون ٹیم نے اتوار کو پہلے یکروزہ میچ میں انگلینڈ کو ۴؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کے۲۰۴؍ رنوں کے جواب میں بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے دوسرے ہی اوور میں فیبی لیچ فیلڈ (۴) کا وکٹ گنوا دیا۔ انہیں لارین فائلر نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد لارین بیل نے نویں اوور میں ایلیس پیری (۱۴) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کا دوسرا وکٹ حاصل کیا۔ بیتھ مونی (۲۸) کو سوفی ایکلسٹون نے آؤٹ کیا۔ اینابیل سدرلینڈ (۱۰) کو ۳۲؍ ویں اوور میں شارلٹ ڈین نے ایک سرے پر کھڑی کپتان ایلیسا ہیلی کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ہیلی نے ۷۸؍گیندوں پر ۱۱؍چوکوں سمیت ۷۰؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد چھٹے وکٹ کے طور پر تالیا میک گرا (۲) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ ایشلے گارڈنر نے ۴۴؍گیندوں پر ۵؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۴۲؍رن بنائے۔ الانا کنگ (۱۱) ناٹ آؤٹ رہیں۔ آسٹریلیا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۳۸ء۵؍اوور میں ۶؍وکٹوں پر ۲۰۶؍رن بنائے اور میچ ۷؍ وکٹوں سے جیت لیا۔  انگلینڈ کی جانب سے لارین فائلر اور سوفی ایکلسٹن نے ۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ لارین بیل اور شارلٹ ڈین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل آسٹریلیا کی خاتون ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کا انتخاب کرتے ہوئے انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے چوتھے اوور میں مایا بوچیر (۹) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد کپتان ہیدر نائٹ بیٹنگ کے لئے آئیں اور ٹیمی بیومونٹ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کیلئے ۵۰؍رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ سدرلینڈ نے ٹیمی بیومونٹ (۱۳) کو آؤٹ کر کے شراکت داری توڑ دی۔ نیٹ برنٹ (۱۹)، ہیدر نائٹ (۳۹)، ڈینیئل وہائٹ (۳۸)، ایمی جونز (۳۱) اور سوفی ایکلیسٹون (۱۸) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ آسٹریلیائی بولنگ اٹیک کے سامنے انگلینڈ کی پوری ٹیم ۴۳ء۱؍اوور میں ۲۰۴؍کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔  آسٹریلیا کی جانب سے ایشلے گارڈنر نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ کم گارتھ، اینابیل سدرلینڈ اور الانا کنگ نے ۲۔ ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ڈارسی براؤن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK