Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کا سیریز پر قبضہ

Updated: March 23, 2025, 6:32 PM IST | Auckland

دوسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ۸۲؍ رن سے شکست دےدی۔ بیتھ مونی نے ۷۰؍رن بنائے۔ سدرلینڈ نے ۴؍وکٹ لئے

Beth Mooney.Photo:INN
بیتھ مونی۔ (تصویر: آئی این این)

 بیتھ مونی (۷۰؍ رن) کی شاندارنصف سنچری کے بعد اینابیل سدرلینڈ (۴؍ وکٹ) اور الانا کنگ (۳؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین  ٹیم نے  اتوار کو  دوسرے ٹی ۲۰؍ میں نیوزی لینڈ کو۸۲؍ رن  سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۲؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔
  ۲۰۵؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے محض۱۳؍ رن کے اسکور پر اپنا پہلا وکٹ کپتان سوزی بیٹس ۱۲؍رن کی شکل میں گنوا دیا۔ انہیں دوسرے اوور میں الانا کنگ نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد اینابیل سدرلینڈ نے جارجیا پلیمر  (۱۴؍رن) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو دوسری کامیابی دلائی۔ سوفی ڈیوائن (صفر) اور بروک ہیلیڈے (ایک)بھی سدرلینڈ کا شکار بنیں۔ میڈی گرین (۲۲؍رن) اور جیس کیر۱۴؍رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ۱۴؍ویں اوور میں الانا کنگ نے امیلیا کیر کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی امیدوں کو بڑا جھٹکا دیا۔ امیلیا کیر نے۳۶؍ گیندوں پر۴۰؍ رن بنائے۔ پولی انگلس (۳) اور لی تاہوہو (۲) کو ڈارسی براؤن نے آؤٹ کیا۔  ۱۷؍ ویں اوور کی پہلی گیند پر سدرلینڈ نے ایڈن کارسن (۴) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی اننگز کو۱۲۲؍رن کے اسکور پر سمیٹ دیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ پر۸۲؍ رن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ۳؍ میچوں کی سیریز میںصفر۔۲؍ کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
 آسٹریلیا کی جانب سے اینابیل سدرلینڈ نے ۴؍ وکٹ حاصل  کئےجبکہ الانا کنگ نے ۳؍ وکٹ  لئے۔ ڈارسی براؤن کو۲؍ وکٹ ملیں اور جارجیا ویئرہیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے  اتری بیتھ مونی اور جارجیا وول کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے ۵۷؍ رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں سوفی ڈیوائن نے جارجیا وول کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ جارجیا وول نے۲۰؍ گیندوں پر۷؍ چوکوں کی مدد سے۳۶؍رن بنائے۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے  آنے والی فوبی لچ فیلڈ نے بیتھ مونی کے ساتھ اننگز کو سنبھالتے ہوئے دوسرے وکٹ کیلئے ۶۹؍ رن کی شراکت کی۔ ۱۴؍ویں اوور میں امیلیا کیر نے فوبی لچ فیلڈ (۳۲؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو ختم کیا۔ ۱۷؍ ویں اوور میں کیر نے بیتھ مونی کو بھی اپنا شکار بنا لیا۔ بیتھ مونی نے۴۲؍ گیندوں پر ۱۱؍ چوکوں کی مدد سے۷۰؍ رن کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ایلیس پیری نے۱۵؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۲۹؍  اور اینابیل سدرلینڈ نے۱۵؍  گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۲۳؍ رن بنا کر آسٹریلیا کے اسکور کو مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۳؍ وکٹ کے نقصان پر۲۰۴؍رن تک پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیس کیر، امیلیا کیر اور سوفی ڈیوائن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK