• Tue, 14 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آسٹریلیاکے بلے باز ٹریوس ہیڈ نے سوریہ کمار یادو کی بادشاہت چھین لی

Updated: June 28, 2024, 11:58 AM IST | Agency | New Delhi

دسمبر۲۰۲۳ء سے آئی سی سی ٹی۔۲۰؍درجہ بندی میں ٹاپ پر قابض ہندوستانی بلے باز کو آسٹریلیائی کھلاڑی نے بے دخل کردیا۔

Australian batsman Travis Head. Photo: INN
آسٹریلیائی بلے باز ٹریوس ہیڈ۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ روز جاری کردہ آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں آسٹریلیائی اوپنر ٹریوس ہیڈ ٹی۔ ۲۰؍کرکٹ میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے۔ ۔ انہوں نے ہندوستان کے سوریہ کمار یادو کو شکست دے کر درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا۔ واضح رہے کہ سوریہ کمار یادو دسمبر ۲۰۲۳ءسے ٹی۔ ۲۰؍ درجہ بندی میں ٹاپ پر تھے۔ 
 آسٹریلیائی بلے بازٹریوس ہیڈ نے ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کی بدولت نمبر ون رینکنگ حاصل کی۔ ہیڈ نے ۲؍ نصف سنچریوں کی مدد سے ٹورنامنٹ میں ۲۵۵؍رن بنائے جن میں سپر۔ ۸؍ کے میچ میں ہندوستان کے خلاف ۷۶؍رنوں کی اننگز بھی شامل تھی۔ ہیڈ سوریہ کمار (۸۴۲؍ پوائنٹس) سے ۲؍ پوائنٹ آگے ہیں۔ سوریہ کمار دوسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں لیکن ان کے پاس دوبارہ نمبر ون رینکنگ حاصل کرنے کا موقع ہے کیونکہ ہندوستان نے ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے اور بلے باز کو مزید مواقع ملیں گے جبکہ آسٹریلیا ورلڈ کپ سے باہر ہوچکا ہے۔ انگلینڈ کے فل سالٹ اور پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان بھی ٹاپ۔ ۵؍ میں شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیزکے جانسن چارلس ٹاپ۔ ۱۰؍میں جگہ بنانے والے واحد نئے کھلاڑی ہیں۔ انہیں ۴؍ مقام کا فائدہ ہوا ہے۔ افغانستان کے اسٹار بلے باز رحمن اللہ گرباز بھی ۵؍ درجے ترقی کر کے ۲۴؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 
 ہندوستان کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ ۴۴؍درجے کی لمبی چھلانگ لگا کر ۲۴؍ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ اسپنر کلدیپ یادیو بھی ۲۰؍مقام کی ترقی کر کے۱۱؍ ویں نمبر پر ہیں۔ اسپن آل راؤنڈر اکشر پٹیل آٹھویں نمبر پر ٹاپ ہندوستانی بولر ہیں۔ بولنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید پہلے نمبر پر ہیں جبکہ افغانستان کے کپتان راشد خان ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کے باعث دوسرے نمبر پرپہنچ گئے ہیں۔ جوش ہیزل ووڈ کو ۳؍ مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ وانیندو ہسارنگا کے بعد چوتھے نمبر پر ہیں۔ دریں اثنا تازہ درجہ بندی کے مطابق مارکس اسٹونیس نے مختصر مدت کیلئے ٹاپ پر رہنے کے بعد آل راؤنڈرز کی فہرست میں سرفہرست مقام گنوادیا ہے۔ ا سٹونیں چوتھے نمبر پر کھسک گئے ہیں جبکہ پہلے نمبر پر سری لنکا کے آل راؤنڈر ہسرنگا نے حاصل کر لیا ہے۔ افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور ہندوستان کے ہاردک پانڈیا تیسرے نمبر پر ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK