Inquilab Logo

آسٹریلین اوپن:ریباکینا اورسبالینکا فائنل میں مد مقابل

Updated: January 28, 2023, 12:03 PM IST | Melbourne

آج دونوں کے درمیان خطابی مقابلہ ۔ خواتین کے سنگلز میں دونو ںایڑی چوٹی کا زور لگا دیں گی

Elena Rybakina and Aryna Sabalenka
ایلینا ریباکینا اور ارائنا سبالینکا

 قزاخستان کی ایلینا ریباکینا اور بیلاروس کی ارائنا سبالینکا جمعرات کو اپنے اپنے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد آسٹریلین اوپن ۲۰۲۳ء کے فائنل میں جگہ بنالی ہے اور یہ دونوں سنیچر کو خطابی میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ 
 ۲۰۲۲ءکی ومبلڈن چمپئن ریباکینا نے ایک گھنٹہ۳۹؍ منٹ میں سابق عالمی نمبر ایک وکٹوریہ ازارینکا کو۶۔۷، ۳۔۶؍ سے شکست دے کر اپنے دوسرے گرینڈ سلیم فائنل میں جگہ بنائی۔ سبالینکا نے راڈ لیور ایرینا پر  ایک گھنٹہ۳۳؍ منٹ میں پولینڈ کی میگڈا لینیٹ کو۶۔۷، ۲۔۶؍سے شکست  دے کر اپنے کریئر کے پہلے گرینڈ سلیم فائنل میں قدم رکھا۔
 پہلی بار آسٹریلین اوپن کا سیمی فائنل کھیلنے والی  ریباکینا نے اپنی شاندار مہم میں گزشتہ سال کے فائنلسٹ ڈینیل کولنز، عالمی نمبر ایک ایگا سواتیک  اور فرنچ اوپن۲۰۱۹ء کی چمپئن جیلینا اوسٹاپینکو کو شکست دی تھی۔ میلبورن میں دو مرتبہ کی چمپئن ازارینکا کے خلاف ریباکینا نے پہلے سیٹ میں ۳۔۵؍کی برتری حاصل کرتے ہوئے مضبوط آغاز کیا۔ ازارینکا نے اچھامقابلہ کرتے ہوئے اسکور کو۶۔۶؍سے برابر کر دیا اس کے باوجود ریباکینانے ٹائی بریکر میں کوئی غلطی  کئے بغیر سیٹ  اپنے نام کیا۔دوسرے سیٹ میں  ریباکینا نے۱۔۳؍کی برتری کے ساتھ مضبوط آغاز کیا اور ازارینکا کو زیادہ موقع دیے بغیر سیٹ اور میچ دونوں۳۔۶؍ سے جیت لئے۔ریباکیناکا اب خطاب کیلئے سبالینکا سے مقابلہ ہوگا، جولینیٹ کو مسلسل تیسری شکست دے کر فائنل میں پہنچ رہی ہیں۔
 لینیٹ نے  پہلے سیٹ میں۱۔۲؍کی برتری حاصل کرکے چوتھے گیم میں بھی شاندار حملہ کیا۔ انہوں نے کئی مضبوط سروس کیں  جب کہ سبالینکاکی   غلطیوں نے لینیٹ کیلئے اسے آسان بنا دیا۔ سبالینکا نے تاہم ۰۔۴۰؍ سے پیچھے رہنے کے بعد اسکور کو ۲۔۲؍سے برابر کرنے کے بعد کھیل میں زبردست حوصلہ دکھایا۔ لینیٹ نے بقیہ سیٹ میں اپنی بلندی برقرار رکھی لیکن سبالینکا نے ٹائی بریکر جیتنے کیلئے زوردار شاٹس کھیلے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK