• Sat, 25 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آسٹریلین اوپن: سبالینکا نے بدوسا کو اور کیز نے سواتیک کو ہرا کر فائنل میں قدم رکھا

Updated: January 24, 2025, 3:32 PM IST | Agency

۲؍بار کی چمپئن ارینا سبالینکا نے میلبورن پارک میں اپنا تسلط برقرار رکھتے ہوئے مسلسل تیسرے سال آسٹریلین اوپن کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔

Madison Keys. Photo: INN
میڈیسن کیز۔ تصویر: آئی این این

۲؍بار کی چمپئن ارینا سبالینکا نے میلبورن پارک میں اپنا تسلط برقرار رکھتے ہوئے مسلسل تیسرے سال آسٹریلین اوپن کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ عالمی نمبر ایک سبالینکا نے جمعرات کو ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں اپنی قریبی دوست اور ۱۱؍ویں سیڈ پاؤلا بدوسا کو ۴۔۶،۲۔۶؍سے شکست دے کر میلبورن میں اپنی جیت کا سلسلہ ۲۰؍ویں میچ تک بڑھا دیا۔ سبالینکا نے ۲۰۲۵ءمیں ایک بھی میچ نہیں ہارا ہے اور اس سال لگاتار ۱۱؍میچ جیتے ہیں۔ سنیچر کو  ہونے والے فائنل میں سبالینکا کا مقابلہ امریکی کھلاڑی میڈیسن کیز سے ہوگا جنہوں نے دوسرے سیمی فائنل میں پولینڈ کی دوسری سیڈ ایگا سواتیک کو شکست دی۔ کیز نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے سنسنی خیزمقابلہ میں ۵۔۷،۱۔۶، ۶۔۷؍ سے کامیابی حاصل کی اور اپنے دوسرے گرینڈ سلیم ٹائٹل میچ تک رسائی حاصل کی۔
 ہنگس کی برابری کے قریب
۲۶؍ سالہ سبالینکا مارٹینا ہنگس اور سیرینا ولیمز کے بعد مسلسل تیسری بار آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچنے والی تیسری کھلاڑی ہیں۔ اب وہ اپنے تیسرے خطاب سے صرف ایک جیت دور ہیں۔ اگر بیلاروسی کھلاڑی اس بار بھی چمپئن بنتی ہیں تو وہ مارگریٹ کورٹ (۱۹۶۹۔۷۱ء)، ایون گولاگونگ (۱۹۷۴۔۷۶ء)، اسٹیفی گراف (۱۹۸۸۔۹۰ء)، مونیکا سیلس (۱۹۹۱۔۹۳ء) اور مارٹینا ہنگس (۱۹۹۷۔۹۹ء) کے خاص کلب میں شامل ہو جائیں گی۔ یہ ۴؍ کھلاڑی لگاتار ۳؍ بار آسٹریلین اوپن خطاب جیت چکی ہیں۔ اس کے بارے میں سبالینکا نے کہا’’ `یہ میرے لئے ایک خواب جیسا ہے۔ میں نے اس کے بارے میں کبھی نہیں سوچا۔ پہلے میں صرف گرینڈ سلیم جیتنے کے بارے میں سوچتی تھی لیکن اب مجھے عظیم کھلاڑیوں کی برابری کرنے کا موقع ملا ہے۔ یہ واقعی حیرت انگیز ہے اور میں فائنل میں اپنا سب کچھ جھونک دوں گی۔‘‘
بدوسا نے میچ کا آغاز اچھا کیا اور دوصفرکی برتری حاصل کرنے کے بعد تیسرے گیم میں صفر۔۴۰؍کی برتری حاصل کر لی تھی لیکن سبالینکا نے زبردست واپسی کی اور لگاتار ۴؍ گیم جیت کر ۲۔۴؍کی برتری حاصل کر لی۔ سبالینکا نے ۲۶؍ ونرس  لگائے۔ دوسری طرف بدوسا نے صرف ۸؍ ونرس لگائے۔ 
ایگا سواتیک کی شکست
  ۵؍ بار کی گرینڈ سلیم چمپئن ایگا سواتیک نے ٹورنامنٹ میں اب تک ایک بھی سیٹ نہیں ہارا تھا اور سیمی فائنل میں انہوں نےکیز کے خلاف پہلا سیٹ  ۵۔۷؍ سے جیت لیا تھا۔ لیکن اس کے بعد ۲۹؍سالہ امریکی کھلاڑی کیز نے زبردست واپسی کی او ر دوسرا سیٹ ۱۔۶؍سے جیت لیا۔ سیمی فائنل میں پہنچنے سے پہلے  سواتیک کو صرف ۱۴؍گیم میں شکست ہوئی تھی لیکن کیز نے تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائی بریکر جیت کر میچ بھی جیت لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK