• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آسٹریلین اوپن: سبالینکا اور زینگ نے فتح کیساتھ مہم کا آغاز کیا

Updated: January 13, 2025, 11:26 AM IST | Melbourne

روڈ اور نشیکوری نے ۵؍سیٹوں تک جاری رہنے والے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں قدم رکھا، لبنان کے کھلاڑی ہادی حبیب نے تاریخ رقم کی۔

Aryna Sabalenka can be seen celebrating after the victory. Photo: PTI.
ارینا سبالینکا فتح کے بعد خوشی کا اظہار کرتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

دفاعی چمپئن ارینا سبالینکا اور پیرس اولمپکس کی گولڈ میڈلسٹ زینگ کنگ وین اتوار کو سیدھے سیٹوں میں جیت درج کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے دن بارش کی وجہ سے کئی میچ نہیں ہو سکے اور اِن ڈور سہولت میں صرف چند میچوں کا انعقاد ہو سکا۔ ۲؍ بار کی چمپئن سبالینکا نے سلوین ا سٹیفنز کے خلاف ۲۔ ۶، ۳۔ ۶؍سے جیت کے ساتھ اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔ عالمی نمبر ایک سبالینکا میلبورن میں لگاتار ۳؍ خطاب جیتنے والی مارٹینا ہنگز کے بعد پہلی خاتون کھلاڑی بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔ سوئس اسٹار ہنگزنے ۱۹۹۷ء سے ۱۹۹۹ء تک لگاتار ۳؍ ٹائٹل جیتے تھے۔ 
دوسرے راؤنڈ میں سبالینکا کا مقابلہ جیسیکا بوزاس مانیرو سے ہوگا۔ ۲۲؍سالہ ہسپانوی نے اپنے پہلے میچ میں گزشتہ سال کے فائنل میں سبالینکا سے ہارنے کے بعد میلبورن میں اپنے مین ڈرا ڈیبیو میں برطانیہ کی سون کارٹل کو آسانی سے ۶۔ ۷، ۱۔ ۶؍سے شکست دےدی۔ وہیں پانچویں سیڈ زینگ نے رومانیہ کی ۲۰؍سالہ کوالیفائر اینکا ٹوڈونی کو ۶۔ ۷، ۱۔ ۶؍ سے شکست دی۔ 
روڈ اور نشیکوری نے سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی حاصل کی
مردوں کے سنگلز میں چھٹی سیڈ کاسپر روڈ نے اسپین کے جیم منار کو ڈرامائی مقابلے میں ۳۔ ۶، ۶۔ ۱، ۵۔ ۷، ۲۔ ۶، ۱۔ ۶؍ سے شکست دے کر مسلسل چوتھی بار آسٹریلین اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ ایک دیگر مقابلے میں جاپان کے کیئی نشیکوری نے ۲؍ سیٹوں سے پچھڑنے کے بعد شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے راؤنڈ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں برازیل کے تھیاگو مونٹیرو کو ہرایا۔ جان کین ارینا میں جاپانی اسٹار سیدھے سیٹوں میں ہارنے کے دہانے پر نظر آئے جب انہیں تیسرے سیٹ میں ۴۔ ۵؍ پر میچ میں برقرار رہنے کیلئے۲؍ میچ پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم انہوں نے ہار ماننے سے انکار کر دیا اور ۲۳؍ ونرس کیساتھ۴؍گھنٹے ۶؍منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے کو ۶۔ ۴، ۷۔ ۶، ۵۔ ۷، ۲۔ ۶، ۳۔ ۶؍ جیت لیا۔ نشیکوری۲۰۱۹ء کے بعد آسٹریلین اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچے ہیں۔ 
سمیت ناگل پہلے راؤنڈ میں ہار گئے

ہندوستان کے ٹاپ سنگلز کھلاڑی سمیت ناگل کی مہم اتوار کو پہلے ہی راؤنڈ میں ختم ہوگئی۔ پہلے راؤنڈ میں ناگل کو عالمی نمبر ۲۵؍ٹوماس مچک سے۳۔ ۷، ۱۔ ۶، ۵۔ ۷؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پچھلے سال ناگل نے کوالیفائر کے ذریعے مین ڈرا میں پہنچ کر سرخیوں میں جگہ بنائی تھی اور پہلے راؤنڈ میں اعلیٰ رینکنگ کے الیگزینڈر بوبلک کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں قدم رکھا تھا۔ گزشتہ سال کی کامیابی ناگل اس بار دہرا نہیں سکے اور پہلے ہی راؤنڈمیں شکست کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ 
ہادی حبیب سنگلز مقابلہ جیتنے والے پہلے لبنانی کھلاڑی بن گئے
آسٹریلین اوپن میں ہادی حبیب کے تاریخی سفر میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اوپن ایرا میں کسی گرینڈ سلیم سنگلز ٹورنامنٹ میں لبنان کی نمائندگی کرنے والے پہلے کھلاڑی نے اتوار کو چین کے بو یون چاؤکٹ کو۶۔ ۷، ۴۔ ۶، ۶۔ ۷؍سے شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی وہ کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کرنے والے لبنان کے پہلے مرد کھلاڑی ہونےکا اعزاز حاصل کیا۔ ۲۶؍سالہ ہادی حبیب، جو اے ٹی پی ٹور پر ٹاپ ۲۰۰؍ کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر ہیں، نے میچ کے بعد کہا کہ’’یہ شاید میرے کریئر کے بہترین دنوں میں سے ایک ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK