• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹی۲۰؍میں آیوش بدونی کی ۳۹؍ گیندوں پر سنچری

Updated: September 01, 2024, 10:30 AM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان کے نوجوان باصلاحیت بلے باز آیوش بدونی نے دہلی پریمیر لیگ (ڈی پی ایل۲۰۲۴ء) کے ایک میچ میں ساؤتھ دہلی سپر اسٹارس کی جانب سے کھیلتے ہوئے صرف۳۹؍ گیندوں پر سنچری بنا کر تاریخ رقم کی۔

Ayush Badoni. Photo: INN
آیوش بدونی۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کے نوجوان باصلاحیت بلے باز آیوش بدونی نے دہلی پریمیر لیگ (ڈی پی ایل۲۰۲۴ء) کے ایک میچ میں ساؤتھ دہلی سپر اسٹارس کی جانب سے کھیلتے ہوئے صرف۳۹؍ گیندوں پر سنچری بنا کر تاریخ رقم کی۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے لئے کھیلنے والے۲۴؍ سالہ بدونی نے نارتھ دہلی اسٹرائیکرس کے گیند بازوں کو تہس نہس کردیا اور صرف۵۵؍ گیندوں پر ۱۶۵؍ رن بنائے۔ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ساؤتھ دہلی سپر اسٹارس کی ٹیم نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۳۰۸؍ رن بنائے جس میں آیوش بدونی (۱۶۵؍رن) اور پریانش آریہ (۱۲۰؍رن) کی طوفانی سنچریاں شامل تھیں۔ بدونی نے صرف۳۹؍ گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ ان کے بلے سے نکلنے والی آگ کی گرمی نے نارتھ دہلی کے گیند بازوں کو بری طرح جھلسا دیا۔ انہوں نے ۵۵؍ گیندوں کی اننگز میں ۱۹؍ چھکے اور۸؍ چوکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی بدونی ہندوستان کیلئے ایک ہی ٹی۲۰؍میچ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ شریاس ایّر کے نام تھا جنہوں نے ۲۰۱۹ء میں کھیلے گئے میچ میں ۱۴۷؍ رن کی اننگز کھیلی تھی۔ بدونی ٹی۲۰؍ میچ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ کرس گیل کے نام ہے جنہوں نے ۱۷۵؍ رن بنائے تھے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK