• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اظہرعلی پی سی بی یوتھ ڈیولپمنٹ کے سربراہ مقرر

Updated: November 23, 2024, 1:54 PM IST | Agency | Karachi

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے یوتھ ڈیولپمنٹ کے شعبے کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔

Azhar Ali. Photo: INN
اظہر علی۔ تصویر : آئی این این

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے یوتھ ڈیولپمنٹ کے شعبے کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق یہ رول اظہر علی کی موجودہ ذمہ  داریوں کی توسیع ہو گی، اس وقت وہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں، ان کی تقرری ریکروٹمنٹ کے عمل کے مطابق کی گئی ہے۔
 اظہر علی نے۲۰۰۲ء میں آئی سی سی انڈر ۱۹؍ کرکٹ ورلڈ کپ سے اپنے سفر کا آغاز کیا جس کے بعد وہ سینئر ٹیم میں آئے۔ ۲۰۱۰ء سے ۲۰۲۲ء تک کے کریئر میں انہوں نے۹۷؍ ٹیسٹ اور۵۳؍ ون ڈیز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے۹؍ ٹیسٹ اور ۳۱؍ ون ڈے میچوں میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔
 اظہر علی کا کہنا ہے میں اس اہم کردار کو نبھانے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور پُرجوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں کلب اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد یہ سمجھتا ہوں کہ مستقبل کے اسٹارس کی تشکیل میں گراس روٹ کی ترقی کا اہم کردار ہے، اس شعبے میں پہلے ہی اہم پیش رفت ہوئی ہے اور میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ اپنے نوجوانوں کے ترقیاتی پروگرام کو مزید آگے بڑھانے کے لئے کام کرنے کا منتظر ہوں۔
 اظہر علی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمارا مقصد ٹیلنٹ کی شناخت کرنا اور انہیں اعلیٰ ترین سطح پر بہترین کارکردگی کے تمام لوازمات سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں پی سی بی کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے اتنی اہم ذمہ داری سونپی ہے اور میری کوشش یہی ہوگی کہ میں اس پر کھرا  اتروں۔ میں چاہوں گا کہ ملک کے نوجوان ٹیلنٹ کی شناخت کروں اور انہیں بہتر کرکٹر بناکر میدان پر پیش کروں۔ اظہر علی نے کہاکہ اس وقت ہمارے ملک میں بہت سی صلاحیتیں ہیں جنہیں تلاش کرکے نکھارا جانا چاہئے۔ میں پی سی بی کی جانب سے دی جانے والی ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کے لئے تیار ہوں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK