• Sun, 02 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سالگرہ مبارک: بالا دیوی نے ہندوستانی فٹ بال ٹیم کیلئے ہمیشہ غیر معمولی کام کیا

Updated: February 02, 2025, 12:30 PM IST | Agency | New Delhi

کھیل ایک ایسا میدان ہے جہاں مردوں کو غالب سمجھا جاتا ہے۔ لیکن گزشتہ چند برسوں میں جس رفتار سے خواتین نے کھیلوں میں اپنی طاقت کامظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

Great football player Bala Devi. Photo: INN
عمدہ فٹ بال کھلاڑی بالا دیوی۔ تصویر: آئی این این

کھیل ایک ایسا میدان ہے جہاں مردوں کو غالب سمجھا جاتا ہے۔ لیکن گزشتہ چند برسوں میں جس رفتار سے خواتین نے کھیلوں میں اپنی طاقت کامظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ فٹبال، ایک ایسا پسندیدہ کھیل ہے جس مرد اور خواتین دیکھنا سب پسندکرتےہیں۔ ہمارے ملک میں بھی بہترین مرداور خاتون فٹبال کھلاڑی موجود ہیں۔ خاتون فٹبال کھلاڑیوں میں سے ایک منی پور سے تعلق رکھنے والی بالادیوی ہیں ، جنہوں نے ہندوستانی خواتین فٹبال ٹیم کے لئے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ 
 نگن گوم بالا دیوی ایک ہندوستانی پیشہ ور فٹ بالر ہیں جو انڈین ویمنز لیگ کلب سری بھومی اور ہندوستان کی قومی ٹیم کے لیے فارورڈ کے طور پر کھیلتی ہیں۔ انہیں ہندوستانی خواتین کی فٹ بال ٹیم کی اسٹار حملہ آور کھلاڑی بھی کہا جاتا ہے۔ بالا دیوی ہندستانی ٹیم میں ایک پلے میکر کے طور پر کھیلتی ہیں ۔ بالا دیوی نےہمیشہ ہندوستانی خواتین کی فٹ بال ٹیم کے لیے ایک غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔ 
 بالادیوی کی پیدائش۲؍فروری ۱۹۹۰ء کومنی پور کے بشنو پور ضلع کے ایرنگبام گاؤں میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی تعلیم اوینم تھمبل مارک کالج سے مکمل کی۔ بالا دیوی بنیادی طور پر لڑکوں کے ساتھ کھیل کھیل کر بڑی ہوئیں ۔ وہ منی پور انڈر ۱۹؍ٹیم کا حصہ تھیں جس نے ۲۰۰۲ءمیں آسام میں انڈر ۱۹؍ویمن چیمپئن شپ میں حصہ لیا تھا۔ ٹورنامنٹ کے بعد انہیں ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے اپنی ریاست کے لیے انڈر ۱۷؍کی سطح پر ٹاپ اسکورر ایوارڈز بھی حاصل کیے۔ بالا دیوی نے سینئر ویمنز نیشنل فٹ بال چیمپئن شپ میں منی پور سینئر ویمنز فٹ بال ٹیم کی نمائندگی کی۔ وہ اپنی ریاست میں بہت بااثرکھلاڑی تھیں ۔ 
 ۲۰۱۵ءکے نیشنل گیمز آف انڈیا کے دوران، بالادیوی نےاپنی ریاست کی نمائندگی کی اور انہوں نےطلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے اڈیشہ کے خلاف فائنل میں برابری کا گول کر کے کارپوریشن اسٹیڈیم میں ایک -ایک سے برابری حاصل کی۔ ٹیم نے یہ میچ پنالٹی اسکور پر۴-۲؍سے جیت لیا۔ 
 بالا دیوی نے۲۰۱۰ءمیں آغازکرنے کے بعد ۵۸؍ کھیلوں میں ۵۲؍گول کیے۔ ان نمبروں کا مطلب یہ بھی ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں ٹاپ اسکورر ہیں۔ مزید برآں، وہ ۳۸؍گول کے ساتھ خواتین فٹ بالرز کے لیے ٹاپ ڈویژن انڈین ویمنز لیگ میں ٹاپ اسکورر ہیں اور پچھلے ۲؍سیزن میں سے ہر ایک میں ٹاپ اسکورر رہی ہیں ۔ بالا دیوی کو۲۰۱۴ءاور ۲۰۱۵ءمیں آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن ویمنز فٹ بالر آف دی ایئر بھی نامزد کیا گیا تھا۔ 
 ہندوستانی خواتین ٹیم کی اسٹار حملہ آور کھلاڑی بالا دیوی غیر ملکی فٹ بال کلب میں کھیلنے والی پہلی ہندوستانی خاتون اسٹرائیکر، پہلی ہندوستانی خاتون فٹ بالرہیں جنہیں یہ شرف حاصل ہوا ہے۔ ہندوستان میں ایک نیم پیشہ ور فٹ بالر ہونے کے باوجود، دیوی نے منی پور پولیس کے لیے ایک خاتون پولیس اہلکار کے طور پر بھی کام کیا۔ رینجرز کے لیے فٹ بال میں ان کی شاندار کارکردگی کے بعد انہیں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ بالا دیوی کے لئے ملک اور قومی ٹیم ہمیشہ ان کی پہلی ترجیح رہی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK