کپتان اسمرتی مندھانا اور ڈینیل وائٹ کی طوفانی بلے بازی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے ویمنز پریمیر لیگ میں شاندار کامیابی حاصل کی
EPAPER
Updated: February 18, 2025, 10:12 PM IST | Baroda
کپتان اسمرتی مندھانا اور ڈینیل وائٹ کی طوفانی بلے بازی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے ویمنز پریمیر لیگ میں شاندار کامیابی حاصل کی
کپتان اسمرتی مندھانا (۸۱؍ رن) اور ڈینیل وائٹ (۴۲؍رن) کی طوفانی بلے بازی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے پیر کو ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے چوتھے میچ میں دہلی کیپٹلس کو۲۲؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۸؍ وکٹ سے شکست دے دی۔
دہلی کیپٹلس کے۱۴۱؍رن کے اسکور کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری آرسی بی کے لئے اسمرتی مندھانا اور ڈینیل وائٹ کی اوپننگ جوڑی نے طوفانی انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے تیز رفتاری سے رن بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۷؍ رن کی شراکت ہوئی۔ ۱۱؍ویں اوور میں اروندھتی ریڈی نے ڈینیل وائٹ کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ ڈینیل وائٹ نے ۳۳؍گیندوں پر ۷؍ چوکوں کی مدد سے۴۲؍ رن بنائے۔ اسمرتی مندھانا نے۴۶؍ گیندوں میں۱۰؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۸۱؍ رن کی اننگز کھیلی۔ انہیں ۱۶؍ ویں اوور میں شکھا پانڈے نے آؤٹ کیا۔ آر سی بی نے۱۶ء۲؍ اوور میں۱۴۶؍ رن بناکر میچ ۸؍ وکٹ سے جیت لیا۔ ایلیس پیری ۷؍رن اور رچا گھوش ۱۱؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ دہلی کی جانب سے اروندھتی ریڈی اور شکھا پانڈے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آر سی بی کی کپتان اسمرتی مندھانا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری دہلی کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں اوپنر شیفالی ورما (صفر) کا وکٹ گنوادیا۔ اس کے بعد کپتان میگ لیننگ اور جمائمہ روڈریگیز نے اننگز کو سنبھالا اور دوسرے وکٹ کیلئے ۵۹؍ رن کی شراکت قائم کی۔ ساتویں اوور میں جارجیا ویرہم نے جمائمہ روڈریگیز کو اسٹمپ آؤٹ کر کے دہلی کو بڑا جھٹکا دیا۔ جمائمہ روڈریگز نے۲۲؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۴؍ رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں کم گارتھ نے میگ لیننگ ۱۷؍رن کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد آر سی بی کے بولنگ اٹیک کے سامنے دہلی کے بلے باززیادہ دیر ٹھہر نہیں سکے۔ اینابیل سدرلینڈ ۱۹؍رن، جیس جوہاناسن ایک رن، ماریزان کپ ۱۲؍رن، سیرہ برائس ۲۳؍رن اور شکھا پانڈے ۱۴؍رن ، اروندھتی ریڈی ۴؍رن اور رادھا یاوچ (صفر) پر آؤٹ ہوئیں۔ دہلی کی پوری ٹیم۱۹ء۳؍ اوور میں۱۴۱؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ آر سی بی کی جانب سے رینوکا سنگھ اور جارجیا ویرہم نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ کم گارتھ اور ایکتا بشٹ نے ۲۔۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔