تیج اسلام اور ناہید رانا کی زبردست گیندبازی کی بدولت بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی۔
EPAPER
Updated: December 05, 2024, 10:27 AM IST | Kingston
تیج اسلام اور ناہید رانا کی زبردست گیندبازی کی بدولت بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی۔
تیج الاسلام (۵؍ وکٹ)، ناہید رانا (۵؍ وکٹ) اور ذاکر علی (۹۱؍ رن) کی شاندار اننگز کی بنیاد پر بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے۱۵؍ سال بعد ویسٹ انڈیز کو اس کے ہی گھر پر دوسرے ٹیسٹ میچ میں۱۰۱؍ رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ بنگلہ دیش نے ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز۱۔۱؍ سے برابر کر لی ہے۔ ٹیسٹ میں یہ تیسرا موقع ہے جب بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو گھر پر شکست دی ہے۔ اس سے قبل۲۰۰۹ء میں اسے کنگسٹن میں۹۷؍ رن اور سینٹ جارج میں ۴؍ وکٹ سے شکست دی تھی۔
بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں ذاکر علی (۹۱؍رن) کی اہم اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے ۲۸۷؍ رن کا ہدف دیا۔ دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے آنے والے ویسٹ انڈیز کی جانب سے صرف کیویم ہوج (۵۵) اور کپتان کریگ بریتھویٹ(۴۳؍رن) نے جدوجہد سے پر اننگز کھیلیں۔ جسٹن گریوز (۲۰)، کیسی کارٹی (۱۴) اور جوشوا ڈی سلوا (۱۲) نے رن بنائے۔ بنگلہ دیش کے بولنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز کے ۶؍ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ بنگلہ دیش کے گیند بازوں نے ویسٹ انڈیز کو۵۰؍ اوورس میں ۱۸۵؍ رن پر آل آؤٹ کرکے میچ۱۰۱؍ رن سے جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ حسن محمود اور تسکین احمد نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ناہید رانا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ تیج الاسلام کو بہترین کارکردگی پر `پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تیج الاسلام نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک اور دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹ لے کر مجموعی طور پر ۶؍ وکٹ حاصل کے۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں۷۱ء۵؍ اوورس میں صرف۱۶۴؍ رن بنا سکی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے پہلی اننگز میں شادمان اسلام ۶۴؍رن ، شہادت حسین دیپو ۲۲؍رن ، کپتان مہدی حسن معراج ۳۶؍رن ، محمود الحسن جوئے (۳)، لٹن داس (ایک) اور ذاکر علی (ایک) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے ۴؍ اور شمر جوزف نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ کیمر روچ نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ الزاری جوزف نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم ناہید رانا (۵؍ وکٹوں) کی مہلک بولنگ کی وجہ سے بنگلہ دیش کے ہاتھوں ۶۵؍ اوورس میں ۱۴۶؍ رن پر سمٹ گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کریگ بریتھویٹ (۳۹) ، کیسی کارٹی (۴۰)، مائیکل لیوس (۱۲) نے اننگز کھیلی۔ ۸؍ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ حسن محمود نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ تسکین احمد، تیج الاسلام اور مہدی حسن معراج نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں ذاکر علی(۹۱) ، شادمان اسلام(۴۶)، کپتان مہدی حسن (۴۲)، شہادت حسین (۲۸)، لیٹن کمار داس (۲۵؍رن) اور تیج الاسلام (۱۴) کی شاندار اننگز کی بدولت۲۶۸؍ رن بنائے اور پہلی اننگز میں برتری کے ساتھ ویسٹ انڈیز کو ۲۸۷؍ رن کا ہدف دیا ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف اور کیمر روچ نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ شیمر جوزف نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ جیڈن سیلز اور جسٹن گریوز نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔