• Sat, 21 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنگلہ دیش۱۴۹؍رن پر ڈھیر، ٹیم انڈیا کو مضبوط برتری

Updated: September 21, 2024, 10:30 AM IST | Agency | Chennai

بمراہ اور محمد سراج کی خطرناک گیندبازی۔ دونوں نے مجموعی طورپر ۶؍وکٹ لئے۔ ہندوستان کی دوسری اننگز میں روہت اور کوہلی ناکام۔

Fast bowler Hamad Siraj. Photo: INN
تیز گیندباز حمد سراج۔ تصویر : آئی این این

جسپریت بمراہ، محمد سراج، آکاش دیپ اور رویندر جڈیجا کی گیندبازوں کی فوج نے جمعہ کو پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بنگلہ دیش کو ۱۴۹؍ رن پر آؤٹ کر دیا اور ہندوستان کو پہلی اننگز کی بنیاد پر۲۲۷؍ رن کی برتری دلادی۔ ہندوستان کی دوسری اننگز کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ اس نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنے ۳؍ اہم بلے بازوں کو گنوا دیا۔ ہندوستان نے ۸۱؍رن پر ۳؍وکٹ پر گنوائے ہیں۔ ہندوستان کو مجموعی طورپر ۳۰۸؍رن کی برتری حاصل ہے۔ 
 ہندوستان نے دوسری اننگز کے آغاز میں کپتان روہت شرما کا وکٹ گنوا دیا۔ روہت ٹیم کے ۱۵؍ رن کے اسکورپر ۵؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ٹیم کے ۲۸؍رن کے اسکورپر اوپنر یشسوی جیسوال بھی ۱۰؍رن کے نجی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ دن کے تیسرے وکٹ کی شکل میں وراٹ کوہلی آؤٹ ہوئے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور ۶۷؍رن تھا۔ وراٹ کوہلی نے پویلین لوٹنے سے قبل ۳۷؍گیندوں پر ۱۷؍رن بنائے۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک کریز پر شبھمن گل ۳۳؍ اور رشبھ پنت ۱۲؍ رن بناکر موجود تھے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، ناہید رانا اور مہدی حسن کو ایک ایک وکٹ ملا۔    
 اس سے قبل بنگلہ دیش نے لنچ کے بعد ۳؍ وکٹ پر۲۶؍ سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ۱۲؍ویں اوور میں محمد سراج نے کپتان نظم الحسن شانتو (۲۰؍ رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بمراہ نے مشفق الرحیم (۸؍رن) کو آؤٹ کیا۔ شکیب الحسن اور لٹن کمار داس نے کچھ دیر تک بنگلہ دیش کی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ شکیب الحسن (۳۲؍رن) اور لٹن کمار داس (۲۲؍رن) رویندر جڈیجا کا شکار بنے۔ حسن محمود (۹؍ رن) اور تسکین احمد (۱۱؍رن) کو بمراہ نے آؤٹ کیا۔ ۴۸؍ویں اوور میں محمد سراج نے ناہید رانا (۱۱؍رن) کو آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کی اننگز۱۴۹؍رن کے اسکور پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش کو فالو آن نہ دیتے ہوئے دوسری اننگز میں بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ 
 ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ محمد سراج، آکاش دیپ اور رویندر جڈیجا نے ۲۔ ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کے تیز گیند باز تسکین احمد اور حسن محمود نے صبح کے سیشن میں ہندوستانی اننگز کو ۳۷۶؍ رن پر سمیٹ دیا تھا اور پہلے سیشن میں لنچ ٹائم تک بنگلہ دیش نے ۲۶؍ رن کے اسکور پر ۳؍ وکٹ گنوا دیئےتھے۔ جمعہ کوہندوستان نے جمعرات کے ۶؍ وکٹ پر ۳۳۹؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ٹیم کا اسکور ابھی ۳۴۷؍ رن تک پہنچا ہی تھا کہ تسکین احمد نے رویندر جڈیجا کووکٹ کے پیچھے لٹن کے ہاتھوں کیچ کروا کر صبح کے سیشن کی پہلا وکٹ حاصل کیا۔ جڈیجا (۸۶؍ رن) اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے آنے والے آکاش دیپ (۱۷؍رن) کو بھی تسکین احمد نے شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ تسکین نے۹۱؍ ویں اوور میں روی چندرن اشون ( ۱۱۳؍رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی بڑے اسکور کی امیدوں کو دھچکا دیا۔ ۱۰؍ویں وکٹ کی شکل میں بمراہ ۷؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہیں حسن محمود نے آؤٹ کیا۔ ہندوستانی اننگز۹۱ء۲؍ اوور میں جمعرات کے اسکور میں ۳۷؍رن کا اضافہ کرکے ۳۷۶؍ رن پر ختم ہوگئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ تسکین احمد کو ۳؍ وکٹ ملے۔ مہدی حسن اور شکیب الحسن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

بمراہ نے ۴۰۰؍وکٹ مکمل کئے 


ہندوستان  اور بنگلہ دیش کے درمیان چنئی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز جمعہ کو جسپریت بمراہ نے ایک بڑا کارنامہ  انجام دیا۔ بمراہ بین الاقوامی کرکٹ میں تمام فارمیٹس میں۴۰۰؍ وکٹ مکمل کرنے والے ۱۰؍ویں ہندوستانی گیند باز اور ملک کے چھٹے تیز گیند باز بن گئے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے حسن محمود کو آؤٹ کر کے اپنا ۴۰۰؍واں وکٹ حاصل کیا۔ بمراہ نے پہلی اننگز میں ۵۰؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ لئے۔ انہوں نے شادمان، مشفق الرحیم، حسن محمود اور تسکین احمد کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ۱۶۲؍ ٹیسٹ وکٹ،۱۴۹؍ ون ڈے وکٹ اور ۸۹؍ ٹی  ۲۰؍ وکٹ بمراہ کے نام درج ہیں۔  ہندوستانی تیز گیندباز بمراہ نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی ۲۲۷؍ ویں اننگز میں۴۰۰؍ واں وکٹ حاصل کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK