بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے بدھ کی دیر رات بین الاقوامی یک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
EPAPER
Updated: March 07, 2025, 11:47 AM IST | Agency | Dhaka
بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے بدھ کی دیر رات بین الاقوامی یک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے بدھ کی دیر رات بین الاقوامی یک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ خراب فارم سے گزرنے والے مشفق نے اپنے فیس بک پیج پر ریٹائر منٹ کا اعلان کیا۔ یاد رہے کہ وہ ۲۰۲۲ء میں ٹی ۲۰؍ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو چکے ہیں۔
مشفق الرحیم نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا’’میں آج ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں ۔ الحمدللہ ہر چیز کیلئے۔ اگرچہ ہماری کامیابیاں عالمی سطح پر محدود رہی ہوں گی لیکن ایک بات طے ہے۔ میں نے جب بھی اپنے ملک کیلئے میدان میں قدم رکھا ایمانداری کے ساتھ ۱۰۰؍ فیصدسے زیادہ دیا۔ گزشتہ چند ہفتے میرے لئےلئے بہت چیلنجنگ رہے ہیں اور میں نے محسوس کیا ہے کہ یہی میرا مقدر ہے۔ آخر میں میں اپنے خاندان، دوستوں اور اپنے مداحوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جن کے لئے میں نے گزشتہ ۱۹؍برسوں سے کرکٹ کھیلی ہے۔ ‘‘
مشفق کو چمپئن ٹرافی میں بھی جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ وہ ہندوستان کے خلاف صفر اور نیوزی لینڈ کے خلاف صرف ۲؍ رن پر آؤٹ ہوئے تھے۔ انہوں نے آخری ون ڈے نصف سنچری گزشتہ سال مارچ میں سری لنکا کے خلاف بنائی تھی۔ اس کے بعد انجری کی وجہ سے وہ نومبر میں افغانستان کے خلاف ۲؍ ون ڈے اور نومبر دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے دورے میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔
مشفق نے بنگلہ دیش کیلئے۲۵۰؍ سے زیادہ ون ڈے کھیلے ہیں ۔ وہ بنگلہ دیش کےلئے سب سے زیادہ رن بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں ۔ انہوں نے ۲۷۴؍ میچوں میں ۳۶ء۴۲؍کے اوسط سے۷؍ ہزار ۷۹۵؍ رن بنائے جن میں ۹؍ سنچریاں اور ۴۹؍نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ انہوں نے بطور وکٹ کیپر بلے باز۷؍ سنچریاں اسکور کیں اور اس معاملے میں وہ کمار سنگاکارا، ایڈم گلکرسٹ اور ایم ایس دھونی سے پیچھے ہیں ۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ رن بنانے والے تمیم اقبال ہیں جنہوں نے ۸؍ہزار ۳۵۷؍ رن بنائے ہیں ۔ وکٹوں کے پیچھے مشفق الرحیم نے بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ ۲۹۹؍شکار کئے جن میں ۲۴۳؍کیچ اور ۵۶؍ اسٹمپنگ شامل ہیں ۔ خیال رہےکہ وکٹ کیپر بیٹر مشفق الرحیم بنگلادیشی ٹیم کی قیادت بھی کرچکے ہیں ۔
مشفق الرحیم ٹی۔ ۲۰؍ کرکٹ سے ۲؍سال قبل ہی ریٹائر ہوچکے ہیں جب کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ انہیں ۱۰۰؍ٹیسٹ کھیلنے والے پہلے بنگلہ دیشی کرکٹر بننے کے لئے مزید ۶؍ٹیسٹ کھیلنا ہیں ۔ بنگلہ دیش کی ون ڈے تاریخ میں ایک لیجنڈ کے طور پر جانے جانے والے، مشفق نے پہلی بار ۲۰۰۷ءکے ورلڈ کپ میں اپنی شناخت بنائی جب انہیں تجربہ کار خالد مشہود پر ترجیح دی گئی۔ ٹرینیڈاڈ میں ہندوستان کیخلاف مشہور جیت میں نصف سنچری بنا کر انہوں نے فوری طور پر سلیکٹروں کے اپنےاو پر اعتماد کو درست ثابت کیا تھا۔