• Thu, 28 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے آئرلینڈ کو۱۵۴؍ رن سے مات دے دی

Updated: November 28, 2024, 11:31 AM IST | Dhaka

شرمین اختر اور فرغانہ حق کی نصف سنچری اننگز کی بدولت بنگلہ دیش کی یکروزہ میچ میں فتح۔ آئرش ٹیم ۹۸؍رن پر آؤٹ ہوگئی۔

Bangladesh women team looks happy after taking the wicket. Photo: INN.
بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم وکٹ لینے کے بعد خوش دکھائی دے رہی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

شرمین اختر(۹۶؍رن) اور فرغانہ حق (۶۱؍رن) کی شاندار بلے بازی کے بعد سلطانہ خاتون (۳؍ وکٹ)، معروفہ اختر اور ناہیدہ اختر (۲۔ ۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے بدھ کو ایک روزہ میچ میں آئرلینڈ کی خواتین ٹیم کو۱۵۴؍ رن سے شکست دے دی۔ 
۲۵۳؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ کی شروعات خراب رہی اور۱۰؍رن کے اسکور پراپنے ۲؍ وکٹ گنوادیئے۔ اس کے بعد اورلا پرینڈرگاسٹ اور سارہ فوربس نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ناہیدہ اختر نے اورلا پرینڈرگاسٹ (۱۹) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ سارہ فوربس ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ لورا ڈیلانی نے ۲۲؍رن بنائے۔ آئرلینڈ کی ٹیم کے ۸؍ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ بنگلہ دیشی گیند بازوں کے سامنے آئرلینڈ کی پوری ٹیم۲۸ء۵؍ اوورس میں ۹۸؍ رن پر ڈھیر ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سلطانہ خاتون نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ معروفہ اختر اور ناہیدہ اخترکو ۲۔ ۲؍ وکٹ ملے۔ 
اس سے قبل بدھ کو یہاں بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فرغانہ حق اور مرشدہ خاتون کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۵۹؍ رن جوڑے۔ ۱۹؍ویں اوور میں لورا ڈیلانی نے مرشدہ خاتون (۳۸؍رن) کو آؤٹ کر کے آئرلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد شرمین اختر اور فرغانہ حق کے درمیان دوسرے وکٹ کیلئے ۱۰۴؍ رن کی شراکت ہوئی۔ ایمی میگوئیر نے۳۷؍ویں اوور میں فرغانہ حق (۶۱؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد کپتان نگار سلطانہ۲۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ شرمین اختر نے ٹیم کی جانب سے۸۹؍ گیندوں پر۱۴؍ چوکوں کی مدد سے ۹۶؍ رن کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں بلے بازوں کو فرییا سارجنٹ نے آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش نے مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۴؍ وکٹ پر۲۵۲؍ رن بنائے۔ آئرلینڈ کی جانب سے فرییا سارجنٹ نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ لورا ڈیلانی اور ایمی میگوئیر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK